دوسرا ٹیسٹ کیسے جیتیں گے؟ ساجد خان نے بتادیا

image

قومی ٹیم کے اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، کرکٹ میں کچھ بھی ناممکن نہیں ہوتا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران ساجد خان کا کہنا تھا کہ اس وقت سعود شکیل کریز پر موجود ہیں وہ پہلے بھی اچھی اننگز کھیل چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعود شکیل کے بعد محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بھی بیٹنگ کے لیے آنا ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ لوگ اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کریں گے اور ایک اچھی اننگز کھیل کر ٹیم کو میچ جتوائیں گے۔

پچ سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ساجد خان نے کہا کہ اس پچ پر بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہے، یہ بہت مشکل پچ ہے لیکن جب گیند تھوڑا پرانا ہوجاتا ہے تو زیادہ ٹرن نہیں ہوتا اور بلےبازوں کے لیے پچ تھوڑی آسان ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ماضی والی کرکٹ نہیں کھیلی جارہی بلکہ یہ ماڈرن کرکٹ ہے جہاں ٹیل اینڈر بھی اچھی بیٹنگ کرلیتے ہیں، ہم بھی پوری کوشش کریں گے اور میچ میں ابھی کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

بابر اعظم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی جان بوجھ کر اپنی وکٹ نہیں گنواتا، بدقسمتی سے بابر اعظم دوسرے دن کے اختتام سے کچھ اوور پہلے آؤٹ ہوگئے تاہم وہ ایک بہترین کھلاڑی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ وقت پہلے تک یہاں ٹیسٹ میچز کے نتائج نہیں آتے تھے اس لیے لوگ دیکھنے بھی نہیں آتے تھے لیکن اب ان پچز سے رزلٹ آرہا ہے، باقی جیت اور ہار تو کھیل کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان ملتان میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران پہلے دن ہی دونوں ٹیمیں آؤٹ ہوگئیں، ایشیا کی تاریخ میں ٹیسٹ میچ میں پہلی بار ایک دن میں 20 وکٹیں گریں۔

دوسری جانب، ویسٹ انڈیز کے وکٹ کیپر بلے باز ٹیون املاچ بھی میچ جیتنے کے لیے پرامید ہیں، انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت چیلنجگ پچ ہے، ہم پر اعتماد تھے اپنے ڈیفنس پر بڑی شاٹس بھی کھیلیں، ہم نے 3 اننگز یہاں کھیلنے کے بعد بہت کچھ سیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان کو جلدی آؤٹ کرلیں، پچ پر گھاس نہیں ہے اور ہماری کنڈیشن کے مقابلے یہاں بال زیادہ اسپن ہوتی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.