نوجوان کی محبت میں آنے والی امریکی خاتون کراچی ایئرپورٹ پر طویل انتظار کے بعد واپس روانہ

image

کراچی کے نوجوان کی محبت میں پاکستان آ کر پریشانی سے دوچار ہونے والی امریکی خاتون گورنر سندھ کے نوٹس کی بدولت اپنے ملک لوٹ گئیں۔

خاتون کا وزٹ ویزہ ایکسپائر ہو گیا تھا اور ان کو ایئرپورٹ پر کافی انتظار کرنا پڑا تھا۔ جس کا گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نوٹس لیتے ہوئے ویزے کی مدت بڑھوائی اور واپسی کے لیے ٹکٹ کا بندوبست بھی کرایا۔

کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے تعلق رکھنے والے 19 سالہ نوجوان کی محبت کی کہانی نے ایک حیران کن رخ اس وقت اختیار کیا جب اس نے ایک 33 سالہ امریکی خاتون کو اپنی محبت میں گرفتار کرکے پاکستان بلایا۔ نیویارک سے تعلق رکھنے والی خاتون اونیا اینڈریو رابنسن پہلے ہی شادی شدہ اور دو بچوں کی ماں ہیں۔

اونیا رابنسن اور کراچی کے نوجوان کی ملاقات انٹرنیٹ پر ہوئی۔ نوجوان کی باتوں نے اونیا کو اس قدر متاثر کیا کہ وہ پاکستان آنے پر مجبور ہو گئیں۔

ویزے کا حصول اور پاکستان آمد

اونیا نے 5 اکتوبر 2024 کو پاکستان کے سیاحتی ویزے کے لیے درخواست دی اور 9 اکتوبر 2024 کو ایک ماہ کا ویزا حاصل کیا۔

کراچی پہنچنے پر نوجوان کے والدین کو بیٹے کی پسند پرحیرت ہوئی کیونکہ خاتون اس سے عمر میں دو گنا بڑی تھی اور دو بچوں کی ماں بھی تھی۔

والدین کو اس تعلق پر اعتراض تھا اور بیٹے سے اس تعلق کو ختم کرنے کا کہا، جس پر نوجوان نے امریکی خاتون سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔

امریکی خاتون اونیا کی مشکلات

انکار کے بعد اونیا دربدر ہو گئیں کیونکہ یہاں ان کا کوئی اور جاننے والا نہیں تھا اور چند روز بعد انہوں نے واپسی کے لیے ایئرپورٹ کا رخ کیا، تاہم ویزے کی مدت ختم ہونے پر وہیں موجود رہیں۔

یہ معاملہ جب گورنر کامران ٹیسوری کے علم میں آیا تو انہوں نے خاتون کی واپسی کے لیے اقدامات شروع کیے اور ان کے ویزے کی مدت میں نہ صرف اضافہ کیا گیا بلکہ واپسی کے ٹکٹ کے اخراجات بھی برداشت کیے۔

ترجمان گورنر سندھ کا کہنا ہے کہ امریکی خاتون کل کراچی سے اپنے ملک کے لیے رورانہ ہو گئیں۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.