اسلام آباد ہائیکورٹ میں سندھ اور بلوچستان سے ججوں کی منتقلی کیوں کی گئی اور اس سے کس کی سینیارٹی متاثر ہو گی؟

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز کی ٹرانسفر کے معاملے پر وکلا تنظیموں کا احتجاج ملک کے بڑے شہروں میں جاری ہے تاہمپاکستان کے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی ان ججز کی منتقلی سے متفق ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وفاق پورے ملک کا ہے اور اس میں دیگر ہائی کورٹس کے ججز کو بھی آنا چاہیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ
BBC

اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز کی ٹرانسفر کے معاملے پر وکلا تنظیموں کا احتجاج ملک کے بڑے شہروں میں جاری ہے تاہم پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی ان ججز کی منتقلی سے متفق ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وفاق پورے ملک کا ہے اور اس میں دیگر ہائی کورٹس کے ججز کو بھی آنا چاہیے۔

سپریم کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تین ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر آئین کے مطابق ہوئی ہے اور اس ضمن میں ان سے بھی مشاورت کی گئی تھی۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے اپنی گفتگو میں کسی بھی جج کا نام لیے بغیر کہا کہ وقت لگے گا اور سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔

جسٹس یحیٰ آفردیی کا کہنا تھا کہ بطور چیف جسٹس وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تمام ججز سے ملیں گے اور ان کی کوشش ہو گی کہ تمام ججز آپس میں گپ شپ لگائیں۔ انھوں نے کہا کہ ’آپ لوگوں کو تو خوش ہونا چاہیے کہ ایک بلوچی بولنے والا جج آیا ہے اور دوسرا سندھی بولنے والا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی ٹرانسفر اور سینیارٹی کے معاملے کو مکس نہ کریں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، اسلام آباد بار کونسل اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار اسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز کی تعیناتی کے خلاف احتجاج کی کال دی تھی جس پر لاہور ہائی کورٹ کے علاوہ پشاور ہائی کورٹ کی بار اسوسی ایشنز نے بھی اس احتجاجی کال کی حمایت کرتے ہوئے عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے دو روز قبل تین ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

ان میں سے لاہور ہائی کورٹ سے سردار سرفراز ڈوگر، سندھ ہائی کورٹ سے جسٹس خادم حسین سومرو اور بلوچستان ہائی کورٹ سے جسٹس محمد آصف شامل ہیں۔

صدر مملکت نے آئین کی شق 200 کے سب سیکشن ایک کے تحت ان تینوں ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹراسفر کیا ہے۔

حکومت کی جانب سے ان ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر کرنے سے متعلق سمری صدر مملکت کو بھیجی گئی تھی جس پر مشاورت کے بعد ان جسٹس صاحبان کو ملک کی تینوں ہائی کورٹس سے تبدیل کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے لیے کہا گیا ہے۔

وکلا
Getty Images

ججز کی کسی دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کرنے کا کیا طریقہ کار ہے؟

لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس شاہ خاور کا کہنا ہے کہ آئین میں ججز کی دوسری عدالت منتقلی کا طریقہ کار موجود ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پہلے جس جج کو منتقل کیا جانا ہو تو اس جج کی رضامندی لی جاتی ہے جس کے بعد جس ہائی کورٹ میں وہ اپنی ذمہ داریاں اداکرر ہاہے اس کے چیف جسٹس کی اور پھر جس ہائی کورٹ میں اس کو بھیجا جانا ہے اس ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی رضامندی ضروری ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ مراحل مکمل ہونے کے بعد جب حکومت کی طرف سے سمری صدر مملکت کو بھجوائی جاتی ہے تو وہ پھر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ مشاورت کے بعد اس جج کی ٹرانسفر کا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے۔

شاہ خاور کا کہنا تھا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ لاہور ہائی کورٹ سے ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ منتقل کیا گیا ہے اس سے پہلے سندھ ہائی کورٹ کے کچھ ججز کو بھی بلوچستان ہائی کورٹ بھیجا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعینات ایک جج نے سندھ ہائی کورٹ میں اپنی منتقلی کروانے سے متعلق درخواست دی تھی اوراسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس کی منظوری دے دی تھی تاہم سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اس منتقلی کی مخالفت کر دی تھی جس کی وجہ سے یہ عمل رک گیا۔

کیا ان تین ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں منتقلی پہلی مرتبہ ہوئی ہے؟

جی ہاں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بلوچستان ہائی کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ سے براہ راست ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔

تاہم یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ ملک کی کسی دوسری ہائی کورٹ سے جج کو اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر کیا گیا ہو اس سے پہلے فروری 2008 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنا کام شروع کیا اور اس کے پہلے چیف جسٹس سردار محمد اسلمتھے جن کا تعلق لاہور ہائی کورٹ سے تھا تاہم سابق فوجی صدر پرویز مشرف کے تین نومبر 2007 کو ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اقدام کے خلاف اس وقت کی سپریم کورٹ نے ایک درخواست پر اپنے 31 جولائی 2009 کے فیصلے میں ان تمام اقدامات کو کالعدم قرار دیا تھا جو ملک میں ایمرجنسی کے دوران اٹھائے گئے تھے۔

سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے نتیجے میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھی کام کرنے سے روک دیا گیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے جب دوبارہ اپنا کام شروع کیا تو جسٹس ایم بلال خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا تو ان کا تعلق بھی لاہور ہائی کورٹ سے تھا جبکہ اس کے بعد آنے والے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمن بھی لاہور ہائی کورٹ سے ٹرانسفر ہوکر اسلام آباد ہائی کورٹ آئے تھے اور پھر اسی ہائی کورٹ سے وہ سپریم کورٹ کے جج تعینات ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ انور کاسی کا تعلق بلوچستان سے تھا لیکن جب انھیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں تعینات کیا گیا تو اس سے پہلے وہ بلوچستان میں سیشن جج کے عہدے پر تعینات تھے۔

کیا ان ججز کی ٹرانسفر سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی سینیارٹی متاثر ہو گی؟

جن تین ججز کو اسلام آباد ہائی میں ٹرانسفر کیا گیا ہے ان ججز میں جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سب سے سینیئر ہیں۔ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر 2015 سے لاہور ہائی کورٹ میں تعینات ہیں۔

اسلام آ باد ہائی کورٹ میں ان کی ٹرانسفر کی وجہ سے صرف ایک جج کی سنیارٹی متاثر ہوئی ہے اور وہ جسٹس محسن اختر کیانی ہیں۔

سردار سرفراز ڈوگر چیف جسٹس کے بعد اب سب سے سینیئر جج بن گئے ہیں اس سے پہلے جسٹس محسن اختر کیانی سب سے سینیئر جج تھے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے کسی بھی جج کی سنیارٹی مثاثر نہیں ہوئی کیونکہ جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس آصف کی تعیناتی سنہ 2023 میں عمل میں لائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز جن میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اوررنگزیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے دیگر ہائی کورٹس سے ججز کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

انھوں نے چیف جسٹس یحیٰ آفریدی کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ کسی بھی جج کو دوسری ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کرنے کے حوالے سے مشاورت کا عمل صاف شفاف ہونا چاہیے۔

اپنے خط میں ان ججز نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جو بھی جج ٹرانسفر ہو کر آئے گا تو آئین کے مطابق وہ دوبارہ حلف لے گا جس روز وہ حلف لے گا اسی روز سے اس کی سنیارٹی شمار ہو گی۔

اس سے پہلے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ کے سات ججز نے اس وقت کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو خط لکھا تھا جس میں فوج کے خفیہ اداروں کی عدالتی معاملات میں مداخلت کا ذکر کیا گیا تھا۔

ان سات ججز میں جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز بھی شامل تھیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز لانے کی کیا ضرورت تھی؟

حکومت کا مؤقف ہے کہ چونکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد بہت زیادہ ہے اس لیے زیر التوا مقدمات کو نمٹانے کے لیے ان ججز کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کیا گیا ہے۔

حکومت کے اس دعوے کے برعکس اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان پانچ ججز نے جو خط لکھا اس میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد اسلام آباد ہائی کورٹ سے کہیں زیادہ ہے اور اس لیے اگر ججز کو ٹرانسفر کرنا ہے تو لاہور ہائی کورٹ میں جج تعینات کیے جائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت اب عدلیہ کو قابو میں لانے پر پر تلی ہوئی ہے اور ان ججز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو آئین اور قانون کی بات کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پیر کے روز وکلا کی ہڑتال کے علاوہ وکلا برادری آئندہ کا لائحہ عمل جلد ہی تیار کرے گی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تین ججز کی ٹرانسفر کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ بار کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ بار کی ایگزیکٹیو کمیٹی سے سرکولیشن کے ذریعے ججز کی ٹرانسفر پر رائے لی گئی تھی۔

انھوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 200 اس ضمن میں بالکل واضح ہے۔ اس اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ججز کی ٹرانسفر نئی تقرری نہیں ہوتی اور ٹرانسفر ہونے والے ججز کی سنیارٹی برقرار رہے گی۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.