عالمی و مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتیں تاریخ نئی بلند ترین سطح پر آگئیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سخت درآمدی پالیسیوں سے عالمی سطح پر معیشت سست روی کا شکار ہونے، مختلف ممالک اور گلوبل انویسٹرز کی گولڈ میں انویسٹمنٹ بڑھنے سے سونے کی عالمی ومقامی قیمتوں میں تسلسل سے اضافے کا رحجان برقرار ہے۔
اس رجحان کے زیر اثر آج بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت مزید 9ڈالر کے اضافے سے 2ہزار 953ڈالر کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں قیمت بڑھنے کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو 24قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 1ہزار روپے کے کے اضافے سے 3لاکھ 9ہزار روپے کی نئی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
اس کے علاوہ فی دس گرام سونے کی قیمت 857روپے کے اضافے سے 2لاکھ 64ہزار 917روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی ہے۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 28روپے کے اضافے سے 3ہزار 468روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 24روپے کے اضافے سے 2ہزار 973روپے کی سطح پر آگئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اہم عالمی کرنسیوں کی قدر میں ممکنہ کمی کے خطرات کے پیش نظر امریکا مخالف ممالک کی سونے کی خریداری سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں جسکے سبب عالمی بلین مارکیٹ اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں کے یومیہ بنیادوں پر بلندیوں کے نئے ریکارڈز بن رہے ہیں۔