پاکستان میں رمضان کے آغاز میں بارشیں، بادل کہاں کہاں برسیں گے؟

image

محکمہ موسمیات نے رمضان کے مہینے کے آغاز میں ہی ملک بھر میں بارشوں کی نوید سنا دی ہے۔ دو سے چار مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہو گی جبکہ پہاڑوں پر برف باری بھی متوقع ہے۔ 

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر ظہیر احمد بابر کے مطابق دو مارچ سے مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے رمضان کے پہلے عشرے میں بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پیر اور منگل سے ملک کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوں گی جس کے زراعت پر اچھے اثرات پڑیں گے۔

بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اورپہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور منڈی بہاالدین میں بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد ، گجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں ملتان، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بہاولپور، خانیوال، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بھی بادل برسیں گے۔

 

 پی ڈی ایم اے بلوچستان کا کہنا ہے کہ آج سے ایک اور طاقتور مغربی موسمی سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے تحت بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

 پی ڈی ایم اے نے برف باری، طوفان اور سیلاب کے دوران مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.