پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اے ایف سی ایشیا کپ میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیفن کانسٹنٹائن کو دوبارہ ہیڈ کوچ تعینات کر دیا گیا۔پیر کو لاہور میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان میں قومی ٹیم کے اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائرز میں شرکت کی تصدیق کی گئی ہے۔کوالیفائر ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے، پاکستان کو گروپ ای میں شام، افغانستان اور میانمار کے ساتھ رکھا گیا ہے۔پاکستان اپنی اے ایف سی ایشین کپ 2027 کوالیفائنگ مہم کا آغاز 25 مارچ کو شام کے خلاف میچ سے کرے گا۔یہ میچ الاحساء، سعودی عرب میں کھیلا جائے گا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق سٹیفن کانسٹنٹائن جو اس سے قبل 2023 کے اواخر سے 2024 کے وسط تک قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے، اُن کو شام کے خلاف میچ کے لیے دوبارہ ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے اتوار کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت کو مکمل بحال کرتے ہوئے اس کی معطلی ختم کر دی تھی۔عالمی تنظیم نے بیان میں کہا تھا کہ ’پاکستان فٹبال فیڈریشن کی غیرمعمولی کانگریس کے کامیاب نتائج کے بعد معطلی ختم کی گئی ہے۔ فیفا اور اے ایف سی کی تجویز کردہ آئینی ترامیم کی متفقہ منظوری دے کر شرائط کو پورا کیا گیا۔‘
پاکستان فٹبال فیڈریس نے پاکستان میں فٹبال کی مسلسل سپورٹ پر فیفا اور اے ایف سی کا شکریہ ادا کیا اور رکنیت کی بحالی پر پاکستانی فٹبال کمیونٹی کو مبارکباد دی ہے۔
اس سے قبل پی ایف ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ’پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی نو منتخب کانگریس نے لاہور میں ہونے والے کانگریس کے غیر معمولی اجلاس میں فیفا کی مجوزہ آئینی ترامیم کو بھاری اکثریت سے تسلیم کر لیا ہے۔
ایشیا کپ میں پاکستان کو گروپ ای میں شام، افغانستان اور میانمار کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
اجلاس میں فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے وفد شریک تھے۔
یاد رہے فیفا کا کہنا تھا کہ ’معطلی صرف اس صورت میں ختم کی جائے گی اگر پاکستان فٹبال فیڈریشن کانگریس فیفا اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے پیش کردہ آئین کی منظوری دے۔‘
’پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) جب تک فیفا اور ایشین فٹبال فیڈریشن (اے ایف سی) کی تجاویز کے مطابق اپنے آئین میں ترمیم نہیں کرتی، تب تک اس کی رکنیت معطل رہے گی۔‘
فیفا کے فیصلے کے بعد پاکستان کی فٹبال ٹیم کسی بھی بین الاقوامی مقابلے میں شرکت نہیں کر سکی۔ اس کے علاوہ فیفا سے ملنے والی تمام مالی اور تکنیکی معاونت بھی معطل تھی۔پی ایف ایف سال 2015 سے بحران اور تنازعات کا شکار ہے اور 2017 کے بعد یہ تیسرا موقع تھا جب پاکستان کی رکنیت معطل کی گئی۔