آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کی 363 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ جاری ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں جنوبی افریقہ نے پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 20 رنز بنائے ہیں۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 362 رنز بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے راچن رویندرا 108، کین ولیمسن 102 جبکہ گلین فلپس اور ڈیرل میچل 49،49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
کیویز نے اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، اوپنرز ول ینگ اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 48 رنز کا آغاز فراہم کیا۔
نیوزی لینڈ کو ابتدائی نقصان آٹھویں اوور کی آخری گیند پر ول ینگ کی صورت میں ہوا، وہ 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اوپنر راچن رویندرا نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ کاگیسو ربادا کی گیند پر ہینرک کلاسین کو کیچ تھما کر پویلین لوٹے۔
ان کے بعد کین ولیمسن بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ ڈیرل میچل 49، ٹام لیتھم چار، مائیکل بریس ویل 16رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس 49 اور میچل سینٹر چار رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راچن رویندرا نے ایک چھکے اور 13 چوکوں کی مدد سے 108 رنز کی اننگز کھیلی (فوٹو: اے ایف پی)
یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک آئی سی سی ٹورنامنٹس میں 11 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، ان میں سے سات میں کیویز نے کامیابی حاصل کی۔
سنہ 2017 کے بعد سے دونوں ٹیموں کا صرف تین ون ڈے میچز میں سامنا ہوا جن میں سے دو ورلڈ کپ اور ایک حالیہ سہ فریقی سیریز کا میچ شامل ہے۔
یاد رہے کہ آج کا میچ جیتنے والی ٹیم اتوار کو دبئی میں شیڈولڈ ایونٹ کے فائنل میں انڈیا کے ساتھ مدمقابل ہو گی۔
جنوبی افریقہ کا سکواڈ
ٹیمبا باووما (کپتان)، رائن ریکلٹن، راسی وینڈر ڈوسن، ایڈن مارکرم، ہینرک کلاسین (وکٹ کیپر)، ڈیوڈ ملر، ویان ملڈر، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور لونگی انگیدی جنوبی افریقہ کے سکواڈ میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کا سکواڈ
ول یانگ، راچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل میچل، ٹام لیتھم (وکٹ کیپر)، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، میچل سینٹر (کپتان)، میٹ ہیری، کائل جیمیسن اور ول او’رورک نیوزی لینڈ کے سکواڈ میں شامل ہیں۔