نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے چینی کی قیمتوں میں کمی کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت چینی کی صورتِ حال پر اجلاس ہوا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نائب وزیرِ اعظم نے کمیٹیوں کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ چینی ایکسپورٹ ہوتی رہی، ملک میں قیمتیں بڑھتی رہیں۔ نائب وزیرِ اعظم کی جانب سے شوگر ملز مالکان کو معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، معاہدے کے تحت ملک میں چینی کی قمیت 164 روپے فی کلو یا اس سے کم ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیرِ اعظم نے چینی کی سپلائی اور قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزارتِ صنعت و پیداوار نے مارکیٹ میں چینی کی قیمتوں کے لیے واضح اور شفاف ہدایات جاری کی تھیں۔ جن کے مطابق چینی کی پرچون قیمت 164 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی ہے جبکہ مل سے باہر قیمت 159 روپے فی کلو گرام یا اس سے کم رکھی گئی ہے۔
صوبائی حکومتوں کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹوں کے مطابق سندھ میں چینی کی اوسط پرچون قیمت 168 روپے فی کلوگرام ہے جبکہ پنجاب میں یہ 164 روپے فی کلو گرام یا اس سے کم ہے۔ یہ اعداد و شمار حکومت کی مقرر کردہ قیمتوں کے قریب ہیں۔