بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کردی

image

عالمی کریڈٹ ایجنسی فچ نے پاکستان کا معاشی آؤٹ لُک مستحکم قرار دیتے ہوئے کریڈٹ ریٹنگ ٹرپل سی پلس سے بڑھا کر بی مائنس کردی۔ نیویارک میں واقع عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی غیر ملکی قرضہ جاتی ریٹنگ ٹرپل سی پلس سےبڑھا کر بی مائنس کردی ہے، اور مقامی کرنسی ریٹنگ کو بھی بی مائنس کردیا ہے۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی نے پاکستانی کے معاشی آؤٹ لُک کو مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ درمیانی مدت میں خسارہ تقریباً 5 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے۔

عالمی ایجنسی کا کہنا ہے کہ توقع ہے جون تک پاکستان کا مجموعی بجٹ خسارہ کم ہوکر 6 فیصد ہوجائے گا۔

فچ نے کہا کہ یہ اپ گریڈ اس اعتماد کی بھی عکاسی کرتا ہے کہ ملک ساختی اصلاحات پر عمل درآمد کرے گا، جس سے اس کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کی کارکردگی اور فنڈنگ ​​کی دستیابی میں مدد ملے گی۔

ایجنسی نے کہا کہ اگرچہ جاری عالمی تجارتی تناؤ بیرونی دباؤ پیدا کر سکتا ہے، لیکن اس کا برآمدات اور مارکیٹ فنانسنگ پر کم انحصار خطرات کو کم کرے گا۔

واضح رہے کہ مئی 2023 میں افراط زر کے ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں گراوٹ کے بعد معیشت دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھی، لیکن جزوی طور پر آئی ایم ایف کے 7 بلین ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کی بدولت اسے کچھ ریلیف ملا ہے۔

مارچ میں، آئی ایم ایف نے پاکستان کے ساتھ ایک نیا معاہدہ کیا، جس سے 1.3 بلین ڈالر کی نقد رقم جاری ہو سکتی ہے۔

قبل ازیں گذشتہ برس جولائی میں فچ نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ سے معاہدے کے بعد پاکستان کی طویل مدتی غیر ملکی کرنسی ایشوور ڈیفالٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرتے ہوئے ’سی سی سی‘ سے سی سی پلس’ کردی تھی۔

وزیرخزانہ کا پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیر مقدم

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ فچ کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ بی مائنس کرنا معاشی اصلاحات پراعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ فچ نے تین سال بعد پاکستان کی ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جس کے بعد مزید سرمایہ کاری، تجارت اور روزگار کے مواقع پیداہوں گے۔

وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات اور معاشی استحکام کا سفر جاری رکھے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.