پاکستان شوبز کے اداکار فیصل قریشی لائیو شو کے دوران مداح کے سوال پر برہم ہوگئے۔
حال ہی میں فیصل قریشی اپنی نئی فلم دیمک کی پروموشن کے لیے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئے۔
اداکار سے سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک شو میں شریک ایک لڑکی نے پاکستانی ڈراموں کی ایک جیسی ساس بہو والی اسٹوری سے متعلق سوال کیا، جس پر فیصل قریشی نے سخت ردِعمل دیا۔
لڑکی نے سوال کیا کہ عام طور پر پاکستانی ڈرامے ایک ہی رفتار اور ساس بہو کی کہانیوں پر مبنی ہوتے ہیں، تو ان کی فلم دیمک ان سے کس طرح مختلف ہے؟
اس سوال پر فیصل قریشی نے کہا، "کون سے ڈرامے ایک جیسے ہوتے ہیں؟ آپ نام بتائیں۔
پچھلے تین سالوں سے ہم مختلف کہانیاں دکھا رہے ہیں۔ خائی مختلف تھا، عشق مرشد مختلف تھا، کابلی پلاو، بہروپیا، دنیاپور، فرار، سراب اور راجا رانی، یہ سب ساس بہو کی کہانیوں سے مختلف ہیں۔ ہم کب ایک جیسے ڈرامے بنا رہے ہیں؟"
فیصل قریشی کے اس ردِعمل پر سوشل میڈیا صارفین کا ملا جلا ردعمل سامنے آیا، کچھ صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی جبکہ کچھ نے ان کے لہجے کو غیر ضروری قرار دیا۔
یاد رہے کہ عید الاضحی پر ریلیز ہونے والی ہارر فلم دیمک کامیاب رہی اور اسے شائقین کی جانب سے بےحد پسند کیا گیا ہے۔