بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے بارے میں پھیلی ہوئی طلاق کی افواہوں پر پہلی بار کھل کر ردعمل دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں ابھیشیک نے کہا کہ سلیبریٹی ہونے کی وجہ سے لوگوں کی ہر بات پر قیاس آرائیاں ہوتی ہیں اور جو کچھ بھی ان کے بارے میں لکھا جاتا ہے وہ جھوٹ، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا ان کی شادی سے پہلے بھی اسی طرح قیاس آرائیاں کر رہا تھا پہلے طے کر رہے تھے کہ کب شادی ہوگی اور شادی کے بعد طے کر رہے تھے کہ کب طلاق ہوگی۔
اداکار نے کہا کہ ایشوریا اور میں ایک دوسرے کی سچائی جانتے ہیں اور ہمارا خاندان خوش و خرم ہے یہی سب سے اہم بات ہے باقی سب بے معنی ہیں۔
ابھیشیک نے کہا کہ جھوٹی خبروں سے ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ بیٹی آرادھیا کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے بتایا کہ آرادھیا کے پاس فون نہیں ہے اور ایشوریا نے اسے سکھایا ہے کہ انٹرنیٹ پر لکھی ہر بات پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر طویل عرصے سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ابھیشیک اور ایشوریا کے درمیان مسائل ہیں حالانکہ جوڑا ہمیشہ عوام کے سامنے خوشگوار انداز میں نظر آتا رہا ہے۔