وفاقی بجٹ میں جس قدر ممکن تھا ریلیف دینے کی کوشش کی گئی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

image

پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ٹیرف اصلاحات کی گئی ہیں جو بہت اہم ہیں اور اس سے ملک کی معیشت کو فائدہ ہو گا۔

ان کے مطابق چار ٹیرف لائنز میں اضافی کسٹم ڈیوٹی ختم کی گئی ہے جبکہ دو ہزار 700 ٹیرف لائنز میں کسٹم ڈیوٹی کم کی گئی ہے جو اس خام مال سے متعلق ہیں جس کی بنیاد پر برآمد کنندگان کو فائدہ پہنچے گا

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدامات صرف آئندہ سال کے لیے ہیں اور مزید اقدامات بھی لیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ نے تنخواہ دار طبقے کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش تھی کہ اس کو جس قدر ممکن ہو ریلیف دیا جائے اور ایسا ہی کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسی معیشت کو ترجیح دینی ہے جس میں برآمدات کا اہم کردار ہو۔

ان کے مطابق ’ایسی اصلاحات پچھلے 30 برس کے دوران پہلی بار ہوئی ہیں اور کسٹم ڈیوٹی ختم کیے جانے سے ایکسپورٹرز کو فائدہ ہو گا۔‘

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس برس انفورسمنٹ کے ذریعے چار سو ارب سے زائد کا ٹیکس جمع کیا گیا۔

ان کے مطابق ’ٹیکس اکٹھا کرنے کے دو ہی طریقے ہیں، نیا ٹیکس لگا لیں یا پھر انفورسمنٹ کر لیں، اس بارے میں قانون سازی کے لیے دونوں ایوانوں سے بھی بات کریں گے۔‘

زرعی شعبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ بجٹ میں کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا گیا اور اس کے لیے آئی ایم ایف بورڈ سے بات کی گئی۔

ان کے بقول ’چھوٹے کسانوں کو قرضے بھی دیے جائیں گے۔‘

بجلی بلوں پر اضافی سرچارج کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے این ایف سی ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی صوبوں کی مشاورت کے بغیر نہیں ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنی چادر کے مطابق آگے چلیں گے اور تنخواہوں میں اضافے کو مہنگائی کی شرح کے ساتھ جوڑا جائے گا۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US