کیا 40 سال کے بعد زہر کھا لیں؟ اداکاروں کی عمر پر تنقید ! مشی خان نے ایج شیمنگ کرنے والوں کو شیشہ دکھا دیا

image

”کیا 40 سال کے بعد اداکار زہر کھا لیں؟”

”عمر کے طعنے دینا بند کریں، پہلے اپنے چہرے آئینے میں دیکھیں”

”بھارت میں 50 سال کی ہیروئن کو سراہا جاتا ہے، ہمارے ہاں تضحیک کی جاتی ہے”

اداکارہ اور میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں پاکستانی عوام کی جانب سے اداکاروں کو "عمر رسیدہ" کہہ کر نشانہ بنانے پر شدید تنقید کی ہے۔ انسٹاگرام پر جاری کردہ اس ویڈیو میں مشی خان نے خاص طور پر حمائمہ سعید اور ماہرہ خان کے دفاع میں آواز بلند کی اور کہا کہ پاکستان میں اداکاروں کی عمر پر مذاق اڑانا ایک ناپسندیدہ روایت بنتی جا رہی ہے۔

مشی خان نے ویڈیو میں کہا، "اداکاری پر تنقید کی بات سمجھ آتی ہے، لیکن اب تو لوگ صرف عمر کی بنیاد پر مذاق اُڑاتے ہیں۔ بھارت میں اداکارائیں اپنی عمر کے ساتھ کام کرتی ہیں، لوگ ان کی دیکھ بھال کو سراہتے ہیں۔ لیکن یہاں 40 کا ہونا جیسے کوئی جرم بن گیا ہو۔ کیا 30 کے بعد مر جانا چاہیے؟ 40 کے بعد زہر کھا لینا چاہیے؟”

انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا، "جو لوگ دوسروں کو تضحیک کا نشانہ بناتے ہیں، وہ پہلے آئینے میں اپنی شکل دیکھیں۔”

مشی خان نے اپنی گفتگو میں حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم Love Guru کا بھی ذکر کیا اور اسے “بہترین، خوبصورت لوکیشنز اور صاف تصویر کے ساتھ ایک متاثر کن فلم” قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ فلم میں نہ کوئی روشنی کا مسئلہ تھا اور نہ کوئی تکنیکی خامی، سب کچھ پرفیکٹ تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ "حمائمہ اور ماہرہ دونوں شاندار نظر آرہے تھے، اور فلم ہر لحاظ سے دیکھنے کے قابل ہے۔”

انہوں نے مزید کہا، "بولی وڈ اداکار بھی بڑی عمر میں نظر آتے ہیں، ان کی جلد ڈھیلی ہوتی ہے، لیکن ہمارے لوگ وہاں سب کچھ نظر انداز کر دیتے ہیں، اور اپنے فنکاروں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ جاتے ہیں۔”

مشی خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے اور کئی لوگ ان کی حمایت کر رہے ہیں، خاص طور پر وہ صارفین جو عمر پر تنقید کو ایک منفی سماجی رجحان سمجھتے ہیں۔

یہ بیان نہ صرف انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں کام کرنے والوں کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے بلکہ ان تمام سوشل میڈیا صارفین کے لیے بھی ایک آئینہ ہے جو دوسروں کی عمر یا ظاہری شکل کو مذاق بنا کر اپنی محرومیوں کو چھپاتے ہیں۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.