35 برس بعد ٹام کروز کو آسکرز سے نوازا جائے گا

image
ہالی وُڈ کے مشہور اداکار ٹام کروز کو پہلی بار 35 برس قبل ’آسکرز‘ کے لیے نامزد کیا گیا تھا تاہم اب انہیں اس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔ اکیڈمی کی جانب سے یہ ایوارڈ البتہ ان کے جان لیوا سٹنٹس کے لیے نہیں بلکہ اعزازی طور پر عطا کیا جا رہا ہے۔

خبر رساں ایجسنی اے پی کے مطابق آسکرز نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ ٹام کروز، کوریوگرافر ڈیبی ایلن اور ’ڈو دی رائٹ تھنگ‘ کے پروڈکشن ڈیزائنر وِن تھامس کو سالانہ  ’گورنرز ایوارڈز‘ میں اعزازی طور پر آسکرز دیا جائے گا۔

مشہور گلوکارہ اور سماجی کارکن ڈولی پارٹن کو ان کی تعلیم اور خواندگی کے شعبے میں دہائیوں پر محیط خدمات کے اعتراف میں ’جین ہرشولٹ ہیومنیٹیرین ایوارڈ‘ سے نوازا جائے گا۔

فلم اکیڈمی کی صدر جینیٹ یانگ نے کہا ہے کہ ’اس سال کے گورنرز ایوارڈز چار ایسی شخصیات کو عطا کیے جائیں گے جن کے شاندار کیریئر اور فلمی برادری کے ساتھ عزم نے ایک دیرپا اثر چھوڑا ہے۔‘

یاد رہے کہ یہ ایوارڈ اکثر ان شخصیات کو دیا جاتا ہے جنہوں نے اب تک کوئی آسکر نہیں جیتا ہوتا ہے۔

62 سالہ ٹام کروز کو اب تک چار بار آسکر کے لیے نامزد کیا گیا، ان نامزدگیوں میں دو بار بہترین اداکار، ایک مرتبہ بطور پروڈیوسر اور ایک بار بہترین معاون اداکار شامل ہیں۔ تاہم وہ ایک بار بھی آسکر نہیں جیت سکے۔

ٹام کروز کو عالمی وبا کویڈ کے دوران سینما کلچر اور بڑے پیمانے پر ہالی وڈ فلم سازی کو فروغ دینے پر بھی سراہا گیا ہے۔

75 سالہ ڈیبی ایلن کو کبھی آسکر کے لیے نامزد نہیں کیا گیا لیکن وہ بطور اداکارہ، پروڈیوسر اور کوریوگرافر فلمی دنیا میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے سات آسکرز تقاریب کی کوریوگرافی کی ہے جن میں سے چار کو پرائم ٹائم ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔

اسی طرح وِن تھامس کو بھی آسکرز کے لیے کبھی نامزد نہیں کیا گیا حالانکہ ان کی بنائی گئی کئی فلمیں اکیڈمی ایوارڈز کی بہترین فلم کیٹیگری میں نامزد کی جاتی رہی ہیں اور کچھ نے تو ایوارڈ بھی جیتے ہیں۔

اکیڈمی ایوارڈز کی صدر جینیٹ یانگ نے اس متعلق کہا ہے کہ ’ڈولی پارٹن جین ہرشولٹ ہیومنیٹیرین ایوارڈ کی روح کی عکاس ہیں۔‘

تقسیم ایوارڈز کی تقریب 16 نومبر کو لاس اینجلس کے رے ڈولبی بال روم میں منعقد ہو گی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.