پولیس نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 12 افسران کو حراست میں لے لیا۔
چھاپہ مار ٹیم میں پولیس یونیفارم میں ملبوس عملے کے ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی موجود تھے۔ چھاپہ مار کارروائی ایس بی سی اے دفتر میں موجود کانفرنس ہال پر کی گئی۔
حراست میں لیے جانے والوں میں ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر ڈیزائن عرفان نقوی، ڈائریکٹر کورنگی انڈسٹریل جلیس صدیقی، معطل ڈائریکٹر اشفاق کھوکھر، ریٹائر ڈائریکٹر آصف رضوی، ڈپٹی ڈائریکٹر فہیم صدیقی، ڈپٹی ڈائریکٹر عاصم خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ذوالفقار اور مینٹننس کے افضل سمیت دیگر شامل ہیں۔
حراست میں لیے گئے افسران میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سمیت ڈائریکٹرز شامل ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ چھاپے کے وقت کانفرنس ہال میں میٹنگ چل رہی تھی جس میں ڈائریکٹر ایس بی سی اے شاہ میر بھٹو سمیت ڈائریکٹر ایڈمن بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ لیاری میں گزشتہ دنوں عمارت گرنے سے 27 افراد ہلاک ہوگئے تھے جس کا مقدمہ بغدادی تھانے میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں سرکاری افسران اور عمارت کے مالک کو نامزد کیا گیا تھا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں جبکہ ایف آئی آر کو سیل کردیا گیا ہے۔ ایس بی سی اے پر چھاپہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔