چمن اور کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے حملے ناکام، 50 دہشت گرد ہلاک

image

پاک فوج نے بلوچستان کے سرحدی ضلع چمن کے علاقے اسپن بولدک اور خیبر پختونخوا کے کرم سیکٹر میں افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج کے حملے ناکام بنا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جوابی کارروائی میں 45 سے 50 حملہ آور مارے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے جبکہ دشمن کی 8 چوکیوں اور 6 ٹینکوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 15 اکتوبر کی صبح افغان طالبان نے اسپن بولدک میں چار مختلف مقامات پر بزدلانہ حملے کیے جنہیں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی سے پسپا کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان نے اپنی جانب واقع پاک۔افغان دوستی گیٹ کو بھی تباہ کر دیا۔پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 تا 20 افغان طالبان موقع پر ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 14 اور 15 اکتوبر کی شب افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج نے کرم سیکٹر میں بھی پاکستانی چوکیوں پر حملے کی کوشش کی، جسے فورسز نے بہادری سے ناکام بنایا۔جوابی کارروائی میں دشمن کی متعدد چوکیوں کو بھاری نقصان پہنچا، 8 پوسٹس اور 6 ٹینک تباہ ہوئے جبکہ 25 تا 30 جنگجو مارے گئے۔

آئی ایس پی آر نے افغان طالبان کے اس دعوے کو گھناونا اور جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا کہ حملہ پاکستان نے شروع کیا، بیان میں کہا گیا کہ پاک فوج ملکی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار اور پرعزم ہے اور کسی بھی جارحانہ اقدام کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاک۔افغان سرحد پر کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور سیکیورٹی فورسز کو حملے ناکام بنانے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کو ان کی بلا اشتعال جارحیت کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور اور مؤثر جواب دیا ملک کی سالمیت کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US