خربوزے کا موسم آئے اور خربوزہ نہ کھائیں ، اس کی مزیدار سی چاٹ بنا کر نہ کھائی جائے یہ کیسے ہوسکتا ہے۔ مگر اس کے فوائد بھی تو جان لیں نا کہیں ایسا نہ ہو آپ اس کو کھاتے ہی رہیں اور فوائد معلوم ہی نہ ہوں، اور ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ آپ اس کو پسند نہ کرتے ہوں، مگر فوائد جان کر اسے کھانا نہ بھولیں۔ تو آئیے آج مستفید ہوں خربوزے کے قدرتی فائدوں سے۔
٭ خربوزے میں گلوکوز، پوٹاشیم، تانبا، وٹامن اے، بی اور وٹامن ڈی پایا جاتا ہے۔
٭ گرمی زیادہ لگتی ہے تو آپ خربوزہ کھائیں یہ نہ صرف آپ کے جسم میں پانی کی کمی کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ دل اور دماغ کو ٹھنڈک اور راحت بخشتا ہے۔
٭ کمزوری زیادہ ہے، پٹھوں اور رگوں کی تکلیف نہیں جاتی تو استعمال کریں خربوزہ اور پائیں اس میں موجود وٹامن ڈی کی بھرپور افادیت سے مضبوط پٹھے اور دورانِ خون بھی فعال کریں۔
٭ جسم سے فاضل مادوں کا اخراج چاہتے ہیں تو خربوزے کو کھائیں، اس کے کھانے سے نہ صرف پیشاب زیادہ آتا ہے ساتھ ہی فاضل مادے بھی جسم سے باآسانی خارج ہوجاتے ہیں، لیکن اس کو کھانے کے بعد پانی کم ازکم پندرہ منٹ نہ پئیں۔
٭ یرقان اور گردے میں پتھری کی شکایت ہوگئی ہے تو بھی اس کا استعمال کریں یہ آپ کی اس بیماری میں بھی دوائی کا کام کرے گا۔
٭ گرمی میں عام طور پر گرمی دانے یا بچوں کو پھوڑے پھنسیاں نکل آتی ہیں، لہٰذا اس تکلیف میں خربوزے کا استعمال خاصا مفید ثابت ہوتا ہے۔
لیکن!
خربوزے کو رات میں استعمال نہ کریں بلکہ کوشش کریں کہ دن ہی میں کھائیں اور بھرے پیٹ پر نہ کھائیں ورنہ پیٹ پھول سکتا ہے۔ اس لیے اگر آپ کھانے کے بعد خربوزہ کھانا چاہتے ہیں تو کھانا بھوک سے کم کھائیں۔