آج کل ہر دوسری خاتون کا مسئلہ کیلشئیم اور وٹامن ڈی کی کمی ہے جس کی وجہ سے ان کی ہڈیوں اور جوڑون میں درد کی شکایات پیدا ہو جاتی ہیں۔ جس سے ان کو گھریلو یا ملازمت کے امور نمٹانے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔ کیلشئیم اور وٹامن ڈی کی کمی سے پیدا ہونے والے مسائل بہت گھمبیر ہیں لیکن اس کو حل کرنے کے طریقے خاصے آسان ہیں۔ کچھ آسان ٹپس کے ذریعے اس مسئلے سے بآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔
دودھ، دہی کا باقاعدہ استعمال:
خواتین اور بچوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ کیلشئیم کا استعمال باقاعدگی سے کریں۔ کیلشئیم کی کمی کو پورا کرنے کے لئے سب سے آسان اور قدرتی ذریعہ دودھ اور دہی ہے ۔جس کے متواتر استعمال سے نہ صرف ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں بلکہ اس سے جلد بھی چمکدار ہو تی ہے،دانت مضبوط ہوتے ہیں اور جوڑوں کے درد سے بھی بچا جا سکتا ہے۔
سنگھاڑا، کیلشئیم سے بھرپور:
سنگھاڑا ایک سستا اور کیلشئیم سے بھر پور پھل یا سبزی ہے۔یہ سردیوں میں تقریباً ہر سبزی کی دوکان یا ٹھیلے پر نظر آتا ہے۔یہ آئرن اور کیلشئیم سے بھر پور ہے اس کے استعمال سے ائرن اور کیلشئم کی کمی کو دور کیا جا سکتا ہے۔
ہرے پتوں والی سبزیاں :
ہرے پتوں والی سبزیاں بھی وٹامن ڈی، کیلشئیم اور آئرن سے بھرپور ہوتی ہیں۔ ان کا مسلسل استعمال صحت کے لئے بہترین ہے۔
لہسن اور پیاز کا استعمال:
لہسن اور پیاز ہر گھر میں استعمال ہونے والی بہت عام لیکن کا رآمد سبزی ہے۔اس میں سلفر وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو کہ ہمارے جسم کے لئے بہت ضروری ہے۔لہسن ہمارے دوران خون کو بھی رواں رکھتا ہے۔ جس سے دل کی بیماریوں کا امکان کم ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ پیاز اینٹی بایو ٹک بھی ہے اس کے استعمال سے بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
سپلیمنٹ کا استعمال:
غذا کے ساتھ ساتھ کسی اچھے سپلیمنٹ سے بھی کیلشئیم اور وٹامن ڈی کی یہ کمی دور کی جا سکتی ہے۔ اپنے معالج کے مشورے سے اچھی کمپنی کا سپلیمنٹ لیا جا سکتا ہے۔
دھوپ میں بیٹھنا:
دھوپ قدرت کی وہ نعمت ہے جو کہ ہمیں وافر مقدار میں میسر ہے دنیا میں بہت سے مما لک ایسے ہیں جو اچھی دھوپ کے لئے ترستے ہیں لیکن ہم وہ خوش نصیب ہیں جہاں یہ نعمت بے حساب موجود ہے۔صبح کی دھوپ میں بیٹھنے سے وٹامن ڈی کی یہ کمی بہت آسانی سے پوری کی جا سکتی ہے۔
۔