کچن میں روزمرہ استعمال ہونے والے گرم مصالحے، پھل اور دیگر سبزیاں صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے لئے ہی نہیں بلکہ ہماری صحت کے مسائل کو حل کرنے کے لئے بھی بہت مفید ہوتی ہیں۔ اب تعلق کچن سے ہو اور خواتین کی بات نہ ہو یہ کیسے ممکن ہے کیونکہ گھروں میں خواتین ہی کھانے بنانے کا کام کرتی ہیں۔ اور خواتین کی صحت اگر اچھی نہ رہے تو گھر کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔
آج وومن کارنر آپ کو بتانے جا رہا ہے کچن میں موجود 5 چیزوں سے خواتین کے مسائل کا آسان حل تو آپ بھی جانیں اور آزما کر فائدہ اٹھائیں:
لونگ:
لونگ اینٹی آکسیڈنٹ ہے اور ہر کھانے میں ذائقے کے لئے استعمال بھی کی جاتی ہے۔ سردیوں میں اکثر خواتین کو ٹھنڈا گرم لگنے کی شکایت مردوں سے زیادہ ہوتی ہے کیونکہ ان کا مدافعتی نظام بھی زیادہ طاقتور نہیں ہوتا، لہٰذا دانتوں کے درد اور سر درد سے بچنے کے لئے لونگ کا استعمال کھانے میں بھی کریں اور اس کا تیل بھی استعمال کریں۔ گٹھنوں کی شکایت سے تو ہر عورت پریشان ہے آپ بھی اس کا شکار ہیں تو لونگ کا استعمال لازمی کریں۔
لہسن:
لہسن میں وٹامنز اور ایلیسن پایا جاتا ہے جو کہ سردی کے اثرات سے خواتین کو جسمانی طور پر بچانے میں مفید ہے۔ کیونکہ ٹھٹرنے کی وجہ سے ان کا جسم جلدی اکڑ جاتا ہے جو کہ بخار اور جسمانی درد کی وجہ بنتا ہے لہٰذا لہسن کو کسی بھی طریقے سے استعمال کرلیں آپ کو فائدہ ہوگا۔
خُشک خوبانی:
خُشک خوبانی اینٹی آکسیڈنٹ، کیلشئیم، وٹامنز اور ہیموگلوبل انزائمز سے بھرپور ہوتی ہے جو حاملہ خواتین میں خون کی مقدار کو بڑھانے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہے۔
دارچینی:
آج کل خواتین میں مینوپاز کے مسائل حد سے زیادہ بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ ہارمونل تبدیلی اور جسمانی کمزوری ہے۔ اگر آپ اس سے بچنا چاہتی ہیں تو دارچینی کی چائے کا استعمال کریں اور کھانوں میں بھی دارچینی کا پاؤڈر استعمال کریں۔
دہی:
دہی میں وٹامنز، پروٹین، کیلشیئم، پوٹاشیم، فاسفورس اور زنک پایا جاتا ہے جو کہ سردی سے پھٹی ہوئی جلد کو نرم ملائم کرنے میں مدد دیتی ہے اور خُشکی کی وجہ سے بے جان بالوں میں جان ڈالتی ہے۔ اس لئے دہی کو کھائیں یا جلد اور بالوں پر استعمال کریں آپ کو دونوں طرح فائدہ ہوگا۔
نوٹ : یہ ایک عام معلومات ہے مزید معلومات کے لیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔