عام طور پر لوگ تربوز کھا کر بیج پھینک دیتے ہیں جبکہ ان میں صحت کا خزانہ چھپا ہوتا ہے۔ آج ہم آپ کو ٹھنڈے میٹھے تربوز کے بیجوں کے ایسے فائدے بتائیں گے کہ آپ انھیں پھل کے ساتھ بھی کھائیں گے اور الگ سے خرید کر بھی کھائیں گے۔
پیٹ کے امراض میں مفید
تربوز کے بیج میں citrulline نامی جز پایا جاتا ہے جو کہ اینٹی آکسیڈینٹ ہے اور پیٹ کے امراض کے لئے کافی مفید ہے۔ ان بیجوں سے پیٹ کے کیڑے اور قبض ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
مہنگا گوشت نہیں خرید سکتے تو تربوز کے بیج سے فائدہ اٹھائیں
تربوز کے بیجوں میں مختلف منرلز بھی بھاری مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ ان میں میگنیشئیم، زنک، سوڈیم، کاپر فاسفورس وغیرہ پائے جاتے ہیں اس کے علاوہ پروٹین بھی بڑی مقدار میں موجود ہوتا ہے۔ گوشت میں بھی پروٹین پایا جاتا ہے اس لئے وہ افراد جو مہنگا گوشت کھانے کی استطاعت نہیں رکھتے وہ تربوز کے بیج سے یہ کمی کسی حد تک پوری کرسکتے ہیں۔ کمزور جسم کے لوگ بھی تربوز کے بیج سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں
بلڈ پریشر اور دل کے امراض
تربوز کے بیج میں امائنو ایسڈ پایا جاتا ہے جو دل کے امراض اور بلند فشار خون سے بچنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ دل کے دورے اور کولیسٹرول کی زیادتی کا خطرہ کم کرتے ہیں۔
قوت مدافعت بڑھاتا ہے
وٹامن بی خوراک کو انرجی میں تبدیل کرنے کے لئے بہت ضروری ہے جو ان بیجوں میں ہوتا ہے۔ ان بیجوں میں موجود نیاسن ہماری جلد کو صاف شفاف اور صحت مند بناتا ہے اور نظام انہضام اور قوت مدافعت کو ایک طرح کا بوسٹ فراہم کرتا ہے۔
تربوز کے بیج کی چائے
تربوز کے بیج 30 عدد لیں
اور انھیں ایک کپ پانی میں ڈال کر ابال کر ہلکی آنچ پر دس منٹ پکائیں اور پی لیں۔ یہ چائے ان لوگوں کے لئے ہے جو بیج نہیں کھانا چاہتے تو ان کے فوائد وہ اس چائے سے حاصل کرسکتے ہیں۔