ہمیں اماں جی اس وقت زہر لگتیں جب وہ سردیوں میں زبردستی
ہمارا سر دھوتیں-
لکس ، کیپری ، ریکسونا کس نے دیکھے تھے ۔۔ کھجور مارکہ صابن سے کپڑے بھی
دھلتے تھے اور سر بھی- آنکھوں میں صابن کانٹے کی طرع چبھتا ۔۔ اور کان اماں
کی ڈانٹ سے لال ہو جاتے !!
ہماری ذرا سی شرارت پر اماں آگ بگولہ ہو جاتیں ۔۔ اور کپڑے دھونے والا ڈنڈا
اٹھا لیتیں جسے ہم "ڈمنی" کہتے تھے ۔۔ لیکن مارا کبھی نہیں- کبھی عین وقت
پر دادی جان نے بچا لیا ۔۔ کبھی بابا نے اور کبھی ہم ہی بھاگ لئے ۔۔
مجھے یاد ہے گاؤں میں بابا مظفر کے ہاں شادی کا جشن تھا- وہاں جلنے بجھنے
والی بتیاں بھی لگی تھیں اور پٹاختے بھی پھوٹ رہے تھے- میں نے ماں کی بہت
منّت کی کہ رات ادھر ہی ٹھہر جائیں لیکن وہ نہیں مانی- جب میں ماں جی کے
پیچھے روتا روتا گاؤں سے واپس آرہا تھا تو نیت میں فتور آگیا اور چپکے سے
واپس گاؤں لوٹ گیا ۔۔!! شام کا وقت تھا ... ماں کو بہت دیر بعد میری گمشدگی
کا اندازہ ہوا- وہ پاگلوں کی طرع رات کے اندھیرے میں کھیتوں کھلیانوں میں
آوازیں لگاتی پھری - اور ڈیرے سے لیکر گاؤں تک ہر کنویں میں لالٹین لٹکا کر
جھانکتی رہی ۔۔ رات گئے جب میں شادی والے گھر سے بازیاب ہوا تو وہ شیرنی کی
طرع مجھ پر حملہ آور ہوئیں ۔۔ اس رات اگر گاؤں کی عورتیں مجھے نہ بچاتیں تو
اماں مجھے مار ہی ڈالتی ۔۔!!
ایک بار ابو جی اپنے پیر صاحب کو ملنے سرگودھا گئے ہوئے تھے- میں اس وقت چھ
سات سال کا تھا- مجھے شدید بخار ہو گیا- اماں جی نے مجھے لوئ میں لپیٹ کر
کندھے پر اٹھایا اور کھیتوں کھلیانوں سے گزرتی تین کلو میٹر دور گاؤں کے
اڈے پر ڈاکٹر کو دکھانے لے گئیں- واپسی پر ایک کھالے کو پھلانگتے ہوئے وہ
کھلیان میں گر گئیں ۔۔ لیکن مجھے بچا لیا ... انہیں شاید گھٹنے پر چوٹ آئ
... ان کے مونہہ سے میرے لئے حسبی اللہ نکلا ... اور اپنے سسرال کے لئے کچھ
ناگوار الفاظ ... یہ واقعہ میری زندگی کی سب سے پرانی یاداشتوں میں سے ایک
ہے ...!!
یقیناً وہ بڑی ہمت والی خاتون تھیں-اور آخری سانس تک محنت مشقت کی چکی
پیستی رہیں ... پھر جانے کب میں بڑا ہوگیا اور اماں سے بہت دور چلا گیا ...
سال بھر بعد جب گھر آتا ... تو ماں گلے لگا کر خوب روتی لیکن میں سب کے
سامنے ہنستا رہتا ۔۔ پھر رات کو جب سب سو جاتے تو چپکے سے ماں کے ساتھ جاکر
لیٹ جاتا اور اس کی چادر میں منہ چھپا کر خوب روتا-
ماں کھیت میں چارہ کاٹتی اور بہت بھاری پنڈ سر پر اٹھا کر ٹوکے کے سامنے آن
پھینکتی- کبھی کبھی خود ہی ٹوکے میں چارہ ڈالتی اور خود ہی ٹوکہ چلاتی - جب
میں گھر ہوتا تو مقدور بھر ان کا ہاتھ بٹاتا- جب میں ٹوکہ چلاتے چلاتے تھک
جاتا تو وہ سرگوشی میں پوچھتیں ... " بات کروں تمہاری فلاں گھر میں ....؟؟
"
وہ جانتی تھی کہ میں پیداٰئشی عاشق ہوں اور ایسی باتوں سے میری بیٹری فل
چارج ہو جاتی ہے-
پھر ہم نے گاؤں میں گھر بنا لیا ... اور ماں نے اپنی پسند سے میری شادی کر
دی- میں فیملی لے کر شہر چلا آیا اور ماں نے گاؤں میں اپنی الگ دنیا بسا
لی-
وہ میرے پہلے بیٹے کی پیدائش پر شہر بھی آئیں ... میں نے انہیں سمندر کی
سیر بھی کرائی ... کلفٹن کے ساحل پر چائے پیتے ہوئے انہوں نے کہا " اس
سمندر سے تو ہمارے ڈیرے کا چھپڑ زیادہ خوبصورت لگتا ہے ...
ماں بیمار ہوئ تو میں چھٹی پر ہی تھا ۔۔ انہیں کئ دن تک باسکوپان کھلا کر
سمجھتا رہا کہ معمولی پیٹ کا درد ہے ... جلد افاقہ ہو جائے گا ... پھر درد
بڑھا تو شہر کے بڑے ھسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹر نے بتایا کہ جگر کا کینسر
آخری اسٹیج پر ہے ... خون کی فوری ضرورت محسوس ہوئ تو میں خود بلڈ بینک بیڈ
پر جا لیٹا ... ماں کو پتا چلا تو اس نے دکھ سے دیکھ کر اتنا کہا ..." کیوں
دیا خون ... خرید لاتا کہیں سے...پاگل کہیں کا "
میں بمشکل اتنا کہ سکا ... " اماں خون کی چند بوندوں سے تو وہ قرض بھی ادا
نہیں ہو سکتا ... جو آپ مجھے اٹھا کر گاؤں ڈاکٹر کے پاس لیکر گئیں تھیں ...
اور واپسی پر کھالا پھلانگتے ہوئے گر گئ تھیں ... "
وہ کھلکھلا کر ہنسیں تو میں نے کہا "امّاں مجھے معاف کر دینا ... میں تیری
خدمت نہ کر سکا "
میرا خیال ہے کہ میں نے شاید ہی اپنی ماں کی خدمت کی ہو گی ... وقت ہی نہیں
ملا ... لیکن وہ بہت فراغ دل تھیں ... بستر مرگ پر جب بار بار میں اپنی
کوتاہیوں کی ان سے معافی طلب کر رہا تھا تو کہنے لگیں " میں راضی ہوں بیٹا
... کاہے کو بار بار معافی مانگتا ہے !!! "
ماں نے میرے سامنے دم توڑا ... لیکن میں رویا نہیں ... دوسرے دن سر بھاری
ہونے لگا تو قبرستان چلا گیا اور قبر پر بیٹھ کر منہ پھاڑ کر رویا
مائے نی میں کنوں آکھاں
درد وچھوڑے دا حال نی
ماں سے بچھڑے مدت ہوگئ ... اب تو یقین بھی نہیں آتا ۔۔
(ماخوذ) |