آسیب زدہ پاکستان کے آسیب کوجلاکرراکھ بنانے
یابھگانے کی بجائے فقط کمزورکرنے کی کوشش میں مزید طاقتوربنادیاہے۔وزیراعظم
ہاؤس سے نکلنے کے بعد ہرطرف کیوں نکالاکی صدائیں گونج رہی ہیں۔آج کے کالم
میں ایک خیالی کہانی پیش کرکے موجودہ حالات کی منظرکشی کرنے کی کوشش کی
جائے گی۔کہانی کچھ یوں ہے کہ ایک خاتون کسی عامل باواکے پاس حاضر
ہوکربولی۔بابا جی ہم بہت پریشان ہیں۔ بہت سے عالموں، بزرگوں اور تعویز کرنے
والوں کو اپنے گھر بلوا کر اْسے بھگانے کی کوشش کرچکے ہیں۔ وہ آسیب کسی کے
قابومیں نہیں آتا۔ہم بڑی آس لیکر آپ کے پاس آئے ہیں۔ساری جمع پونجی مکان
خریدنے میں خرچ ہوگئی اب تو بڑی مشکل سے گھر کے اخراجات چل رہے ہیں اور
اْوپر سے اس آسیب نے جینامشکل کر رکھا ہے۔ کبھی کسی بچے کو پریشان کردیتا
ہے اور کبھی مجھے آوازیں دے کر پوچھتا ہے میرا کام کیوں نہیں کیا ؟میں نے
تمہیں کام کہا تھا کیا بنا اس کا؟ بابا جی ایک بات میں آپ کو بتا دوں وہ
آسیب ہمیں تو صرف آوازیں دے کر پریشان کرتا ہے پر اسے بھگانے کی کوشش کرنے
والے اب تک کے تمام عالم زخمی حالت میں گھر سے رخصت ہوئے ہیں۔ بابا جی: بچہ
پریشان مت ہوہم اس آسیب کو دیکھ لیں گے۔بابا جی ہمارے پاس اب آپ کو دینے
کیلئے پیسے بھی نہیں ہیں۔ بابا:سخت ناراضگی کے عالم میں، میں نے تم سے پیسے
مانگے ہیں؟ نہیں بابا جی پر سب پیسے لیتے ہیں۔ بابا: نہیں بچہ ہم پیسے نہیں
لیتے۔جب توفیق ہواﷲ کی راہ میں کچھ خرچ کرنا پڑے گا آپ کو ،جب جیب اجازت دے
تب کردینا۔ٹھیک ہے بابا جی آپ اس آسیب کا کچھ کردیں۔ ہم عمر بھر آپ کو
دعائیں دیں گے۔بابا ،خاتون کے ہمراہ اْس کے آسیب زدہ گھر پہنچے اور آسیب کو
اپنی زبان میں طلب کیا جس پر آسیب حاضر ہوگیا۔بابا جی نے آسیب کو اپنی شکل
دیکھانے کا کہا پر آسیب نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا بابا جی میں اﷲ والوں
کی بہت عزت کرتا ہوں پھربھی کوئی مجھے پریشان کرے تو پھر اس کی خیر نہیں
لہٰذ آپ کیلئے بہتر یہی ہے کہ آپ مجھے تنگ نہ کریں۔میں یہاں سے کہیں نہیں
جانے والا اور نہ کوئی مجھے مجبور کرسکتا ہے۔ با باجی نے کچھ عمل کیا اور
ایک بار پھر آسیب کو مخاطب کرتے ہوئے بولے تم جو کوئی بھی ہو ،جس مذہب اور
عقیدے سے تعلق رکھتے ہو مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا اب تمہیں یہاں سے جانا
ہوگا۔آسیب: میں نے پہلے کہہ دیا ہے کہ میں یہاں سے جانے والا نہیں۔ آپ نے
مجھے مزید پریشان کرنے کی کوشش کی تو پھر اپنی حالت کے ذمہ دار آپ خود ہوں
گے ،چنانچہ بہتر یہی ہے کہ آپ یہاں سے چلے جائیں ،میں نے پہلے کبھی کسی
عامل کی اتنی عزت نہیں کی جتنی آپ کی کر رہا ہوں یقین نہ آئے تو گھر والوں
سے پوچھ لو۔بابا جی:ٹھیک میں تمہیں پریشان نہیں کرتا پرتم یہ تو بتاؤ کے تم
کون ہو؟کیا کرتے ہواور یہاں کب سے رہتے ہو ؟آسیب :زور دارقہقہہ لگاتے ہوئے
بابا جی ساڈیاں تفتیشاں کروگے توسیں؟ بابا:نہیں میں تفتیش نہیں کررہا،
ہوسکتا ہے تمہارے تعارف کے بعد ہمارے درمیان کوئی سمجھوتہ ہوجائے۔آسیب ایک
بار پھر زور سے ہنسا اور کہنے لگا بابا جی آپ بس اتناجان لیں کہ میں 20سال
تک پنجاب پولیس میں بطور انسپکٹر نوکری کرچکا ہوں۔ اب آپ نے میری مزید
تفتیش کی تو پھر آپ جانتے ہیں پنجاب پولیس کس طرح دھوتی ہے۔ بابا:مسکراتے
ہوئے ٹھیک ہے میں تمہاری تفتیش نہیں کرتا۔ میری تمہاری ملاقات رہے گی اور
اْمیدہے ہم مل کرکوئی حل نکال لیں گے۔یہ کہہ کر باباجی مسکراتے ہوئے کمرے
سے باہر نکل آئے۔گھر والے جو اب تک پریشان بیٹھے تھے نے بابا جی کو سہی
حالت میں مسکراتے ہوئے دیکھا تو سمجھے کہ انہوں نے آسیب کو قابو کرلیا ہوگا۔
خاتون نے بابا جی سے سوال کیا، کیا ہوا بابا جی آسیب چلا گیا ہمارے گھر سے
؟بابا،نہیں بچہ جلدی ہی چلا جائے گا۔ بابا: 8 دن بعد دوبارہ آنے کا کہہ کر
چلا گیا۔ 8 دن بعد بابا اپنے وعدے کے مطابق پہنچ گیا اور آسیب کو طلب کرنے
کیلئے گھر کے اسی کمرے میں داخل ہو کر دروازہ اندر سے بند کر لیا۔ آسیب
حاضر ہوا تو بابا نے اسے اپنی شکل میں ظاہر ہونے کو کہا اور ساتھ ہی یہ بھی
بتا دیا کہ میں بھی ریٹائرڈ پٹواری ہوں اس لئے مجھے اْمید ہے کہ آج ہمارے
درمیان سودا ہوجائے گا اگر آفر پسند نہ آئے تو کوئی بات نہیں ہم کوئی اور
حل نکال لیں گے۔ آسیب: پٹواری،،،، تو پہلے کیوں نہیں بتایا، آپ کا حکم سر
آنکھوں پر، آپ تو جانتے ہیں ہم پولیس والے کچھ دیتے نہیں اور پٹواری بھی
ہمارے طرح کچھ لئے بغیر کوئی کام نہیں کرتے پھر ہمارے درمیان سودا کس طرح
ممکن ہوگا؟ بابا: درست کہا تم نے ۔سودا صرف لینے کانام نہیں بلکہ کچھ لینے
اور کچھ دینے کا معاملہ ہوتا ہے اس لئے تم مجھے یہ چار مرلے کا گھر خالی کر
دو میں تمہیں اس کے بدلے پرسکون علاقے میں دو 2 کنال کا بہترین گھر دینے کے
لئے تیار ہوں پر یہ بات بتانا ضروری ہے کہ وہ گھر جس زمین پر تعمیر کیا گیا
ہے وہ سینٹرل گورنمٹ کی ہے۔آسیب: پٹواری صاحب آپ تو پولیس والوں سے بھی 2
ہاتھ آگے کی سوچتے ہو، اس گھر سے میری کچھ یادیں وابستہ ہیں میں یہ گھر
نہیں چھوڑ سکتا۔بابا :کوئی بات نہیں ہم تمہاری ہر چیز محفوظ طریقے سے وہاں
شفٹ کردیں گے اور ساتھ ہی تمہاری ضرورت کی مزید چیزیں بھی مہیا کردیں
گے۔آسیب:ٹھیک ہے پر پہلے آپ یہ بتاؤ اتنی ضد کیوں کررہے ہو اور چار مرلے کے
گھر کے بدلے 2کنال کا گھر کیوں دے رہے ہو؟بابا ،کیا بتاؤں سالے کی سفارش ہے
ان لوگوں کی اور تم تو جانتے ہوکہ اک طرف ساری خْدائی ایک طرف جوروکا
بھائی۔اس جملے کیساتھ ہی آسیب نے زور دار قہقہہ لگاتے ہوئے بابا جی کی بات
مان لی اور گھر چھوڑنے پر رضامند ہوگیا۔بابا ،یہ تو بتاؤ تم نے مجھ سے پہلے
آنیوالے عاملوں کو کیوں مارا ؟آسیب:دْکھی انداز میں،عامل ،،،،،،،،،پٹواری
صاحب سارے جھوٹے بابے ہیں کوئی کچھ عمل کرتا ہے اور نہ ہی کسی کے پاس علم
ہے سب کے سب جاہل ،ٹھگ ملے اس گھر والوں کو۔ٹھیک ہے میں پولیس والا ہوں
پھربھی دکھ ہوتا ہے مجھے جب کوئی اﷲ کے نام پر لوگوں کو دھوکہ دیتا ہے۔خیر
پٹواری صاحب آپ یہ بتائیں کہ آپ بابے کیوں بن گئے ؟بابا :ساری زندگی گناہ
میں گزارنے کے بعد ایک اﷲ والے کی نسبت نصیب ہوئی جس نے مجھے جینا سکھا دیا
اور میں نے انسانیت کی خدمت کیلئے باقی زندگی وقف کردی بس جو کوئی اپنی
تکلیف لے کر آتا ہے اﷲ تعالیٰ سے دعا کے ساتھ ساتھ کچھ جیب سے خرچ کرنے پر
بھی بات بن جائے تب بھی اﷲ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں اور اﷲ تعالیٰ سے
اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرتا ہوں۔ آسیب فکر مندی کے عالم میں پٹواری صاحب
میں تو مر چکا ہوں اب کس طرح اپنے گناہوں کی معافی طلب کروں ؟بابا :اﷲ
تعالیٰ غفورو رحیم ہے اْس کے خزانے بھرے پڑے ہیں رحمت سے ،یہ جو تم مرنے کے
بعد بھی انسانوں کو پریشان کررہے ہواﷲ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کی نیت سے
چھوڑ دو ہوسکتا ہے اﷲ تعالیٰ تمہیں معاف فرما دے۔یوں پٹواری باباجی نے آسیب
زدہ گھر سے تگڑے آسیب کونکالا اور آسیب نے ایک باربھی نہیں کہامجھے کیوں
نکالا۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا ہے میرے وطن عزیز کو بھی ایسا کوئی پٹواری عطا
ہوجویہاں کے بگڑے نظام کو نظام عدل میں بدل دے اورپھرکوئی یہ نہ کہے مجھے
کیوں نکالا،مجھے انصاف نہیں ملا،احتساب کے نام پرانتقام لیاجارہاہے |