عالمی یوم خواتین

عالمی یوم خواتین ہر سال 8 مارچ کو عورتوں کے حقوق کے لیے منایا جاتا ہے، عورتوں کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے، اس دن عورتوں کے حقوق کے لیے بہت سے اعلانات کیے جاتے ہیں، برابر کا مقام دینے کے وعدے کئے جاتے ہیں، تحفظ دینے کے لیے انتظامات کیے جاتے ہیں، لیکن یہ سب محظ ایک دن کے لیے کیا جاتا ہے۔

ان سب وعدوں ، اعلانوں اور انتظامات کے نصف حصے پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جاتا، آج پھر عورتوں کو وہی مقام حاصل ہے جو زمانۂ جاہلیت میں تھا ، آج پھر وہی وقت ہے جب عورتوں کی عزتوں کو پامال کیا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ معصوم پھولوں کو بھی حوس کا نشانہ بننے سے بچانے کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظام نہیں ہے اور آج 8 مارچ کو یہ پھر سے عالمی یوم خواتین منا رہے ہیں۔

سارا سال عورتوں کو کُچلا جاتا ہے اُنکے حقوق مارے جاتے ہیں اور صرف ایک دن اُنہیں خراج پیش کیا جاتا ہے، اُنکی اہمیت کے لیے لمبی لمبی تقاریر کی جاتی ہیں اور اگلے دن سب کچھ بھول بھال کر پھر سے وہی سب کیا جاتا ہے۔

یہ دنیا تو عورتوں کا احترام صرف ایک دن کے لیے کرتی ہے صرف اسلام ہی ہے جسمیں عورتوں کے احترام کا درس پوری زندگی کے لیے دیا جاتا ہے۔

اسلام آنے سے پہلے عورتوں کا بہت بُرا حال تھا اُنکی کوئی عزت و وقعت نہیں تھی۔ اُنہیں ذلیل و رسوا کیا جاتا تھا۔ یہاں تک کہ بعض قبیلوں میں اگر کوئی عورت بیوہ ہو جائے اُسے گھر سے باہر ایک چھوٹے اور اندھیر جھونپڑے میں ایک سال کے لیے قید کر کے رکھا جاتا تھا۔ اُنہیں نہ غسل کی اجازت ہوتی تھی نہ کپڑے تبدیل کرنے کی۔ یہ ایک سال اُنکی عدّت کے طور پر مقرر تھا اور عدّت ختم ہونے کے اعلان کے طور پر اُن سے وہ وہ رسمیں ادا کروائی جاتی تھیں جو ناقابلِ بیان ہیں ، اسکے علاوہ بھی زمانۂ جاہلیت کی تاریخ عورتوں پر مظالم سے بھری ہوئی ہے۔

لیکن جب اسلامی قانون رائج ہوا تو عورتوں کو بھی اُنکے حقوق حاصل ہوئے ، عورتوں کے لیے مہر مقرر کیا گیا، عورتوں کے لیے اُنکے ماں، باپ، بہن، بھائی، شوہر اور اولاد کی وراثوں میں سے حصے مقرر کیے گئے اور آسمان سے اُنکے لیے آیات نازل کی گئیں۔

وَلَـهُـنَّ مِثْلُ الَّـذِىْ عَلَيْهِنَّ بِالْمَعْرُوْفِ

(سورۃ البقرہ آیت نمبر 228)
ترجمہ:-
عورتوں کے مردوں پر ایسے ہی حقوق ہیں ،جیسے مردوں کے عورتوں پر اچھے سلوک کے ساتھ۔

اور مردوں کی ہدایت کے لئے یہ بھی فرمایا گیا کہ:-

وَعَاشِرُوْ ھُنَّ بِالْمَعْرُوْفِ

(سورۃ النساء آیت نمبر 19 )
ترجمہ:-
اور اچھے سلوک سے عورتوں کے ساتھ زندگی بسر کرو۔

غرض کے کسی بھی لحاظ سے عورتوں کو اسلام میں مردوں سے کم نہیں رکھا گیا نہ ہی اُنکے حقوق میں کسی قسم کی کمی بیشی کو قابلِ قبول قرار دیا گیا۔ بلکہ عورتوں کے درجات اس قدر بلند کر دیئے گئے کہ معاملات عبادات کے ہوں یا زندگی کے، موت کے ہوں یا موت کے بعد دوبارہ زندہ ہونے کے، کسی طور بھی عورتوں کو پیچھے نہیں رکھا گیا بلکہ عورتوں کو برابر کے حقوق دیئے گئے۔

اور آج 2018 میں ہم اپنے اردگرد کے ممالک کی طرف نظر دوڑائیں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ وہی ممالک ترقی یافتہ ہیں جنمیں عورتوں کو برابر کے حقوق دیئے گئے ہیں اور اُنکے تحفظ کے ساتھ آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کئے گئے ہیں اور وہ ممالک پستی کا شکار ہیں جہاں عورتوں کو تحفظ کے نام پر گھروں میں قید کر دیا جاتا ہے اور اُنکے حقوق مار کر اُنہیں ذلیل و خوار کیا جاتا ہے۔۔۔۔!
 

Irma Moin
About the Author: Irma Moin Read More Articles by Irma Moin: 7 Articles with 6990 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.