فارغ اوقات کو قیمتی کیسے بنایا جائے ؟

زندگی اﷲ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور اس کو بہترین اور خوبصورت انداز میں گزارنے کے لئے اﷲ تعالیٰ نے اس پوری کائنات کو بے شمار نعمتوں سے مزین کیاہے ،زندگی کے بہاؤ کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے اﷲ تعالیٰ نے انسان کو مختلف رشتوں کے بندھن میں باندھا ہے تاکہ ہر رشتے کی الگ اور منفرد چاشنی سے زندگی میں پیش آنے والی تلخیاں زائل ہوسکیں مگر زندگی میں کچھ چیزیں ایسی بھی رکھ دی گئی ہیں جو انسان کو ایک بار ملتی ہیں اور ان کے کھو جانے یا چلے جانے سے وہ نعمتیں دوبارہ نہی مل پاتیں ان میں سے ایک ’’وقت ‘‘بھی ہے آپ جس لمحہ یا جس سیکنڈ میں میری تحریر پڑھ رہے ہیں یہ آپ کی زندگی میں دوبارہ کبھی نہی آئے گا چاہے دنیا بھر کی دولت خرچ کردی جائے اسی لئے بزرگ کہتے ہیں کہ وقت کو سوچ سمجھ کر گزارنا چاہئے ۔

زندگی میں بہت سارے مواقع ایسے بھی آتے ہیں جب آپ کے پاس کرنے کو کچھ نہیں ہوتا دراصل وہی کچھ نا کچھ کرنے کا وقت ہوتا ہے مثلاً چھٹیوں کے دوران ،جاب تلاش کرتے وقت ،میڈیکل لیو وغیرہ پر یا روز مرہ کے معمولات سے فارغ ہونے کے بعد ،جب تک آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے پاس کرنے کو کچھ نہیں اس وقت تک آپ کامیاب نہیں ہوسکتے اگر ہم بغور جائزہ لیں تو ہمارے پاس کرنے کو بہت کچھ ہوتا ہے ،بہت سارے کام ہماری ذمہ داری ہوتے ہیں ،بہت سے کام اخلاقیات کا تقاضہ ہوتے ہیں اور بہت سارے کام کیئے بنا ہم ترقی نہیں کرسکتے آیئے اب بالترتیب ان کا ذکر کرتے ہیں ۔
(1)……:سب سے پہلے قرآن پاک کی تعلیم کو حاصل کریں یہ کیوں ضروری ہے ؟اس لئے کہ قرآن پاک کے ذریعہ سے اﷲ تعالیٰ آپ سے مخاطب ہیں یعنی وہ ذات جس نے ہمارے سمیت اس پوری کائنات کو وجود بخشا اور ہمیں اشرف المخلوقات بنا کر اپنی باقی مخلوق پر سرداری عطا کی وہ ذات ہمیں اپنی کائنات اور اس میں موجود اپنی نعمتوں سے استفادہ حاصل کرنے کے کونسے طریقے سکھلاتی ہے،ہمیں اپنے اردگرد ماحول ،اس میں بسنے والے انسانوں اور دیگر مخلوقات سے کیسے پیش آنا چاہئے ،اپنے وجود کی کیسے حفاظت کرنی ہے اور دوسروں کے ساتھ معاملات کیسے کرنے ہیں یہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی میں کیسے کام کیا جاسکتاہے یہ سب ہمیں قرآن پاک سکھلاتا ہے تو ہمیں اپنے دیگر ضروری کاموں کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تعلیم کو بھی اہمیت دینی چاہئے ہمارے اردگرد بہت سارے لوگ ایسے بھی ہیں جو فضولیات میں وقت بے در یغ ضائع کردیتے ہیں مگر ساری زندگی ایک مرتبہ بھی قرآن پاک مکمل نہی پڑھ پاتے۔
(2)……: دوسری بات کہ ہمیں اپنے گھروالوں کو ٹائم دینا چاہئے یعنی والدین ،بہن بھائی ،بیوی بچے ہم میں سے اکثر دوست ان سے غافل ہوتے ہیں یا ان کو سرسری سا ٹائم دیتے ہیں یہ طریقہ بالکل غلط ہے ہمیں ہر رشتے کو جامع وقت دینا چاہئے آپ یقین کریں آپ کی چند منٹ کی گفتگو آپ کے بیمار والدین کو چار پائی سے چھٹکارا دلاسکتی ہے ،تھوڑی مگر بھر پور توجہ آپ کی بیوی اور بچوں کی دن بھر کی تھکان اتار سکتی ہے ،آپ کے بہن بھائیوں میں جینے کا حوصلہ پیدا کرسکتی ہے ۔
(3)……:تیسری بات وقت نکال کر بلکہ اس کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنالیں کہ اپنے عزیزوں ،رشتہ داروں ،دوستوں ، اہل محلہ و اہل علاقہ کی خبر گیری کرتے رہا کریں ان کی خوشیوں اور غموں میں شرکت کیا کریں تاکہ آپ ان کے اور وہ آپ کے حال احوال سے واقف ہوں اس بات کا جتنا فائدہ ان کو ہوگا اس سے کہیں زیادہ آپ کو بھی ہوگا ۔
(4)……:اپنے اردگرد ہونے والی رفاہ عامہ کی سرگرمیوں میں لازمی حصہ لیں یعنی معاشرے کو بہتری کی طرف لے جانے والی سرگرمیوں میں حصہ لیں یہ اس سے کہیں بہتر ہے کہ آپ اپنی بیٹھک میں بیٹھ کر معاشرے اور سسٹم کو برا بھلا کہتے رہیں اس سے آپ کے اندر موجود خیر اور بہتری کے جذبوں میں پختگی آئے گی اور اسے کے ساتھ ساتھ آپ کی صلاحیتوں کے نکھار کا سبب بھی بنے گی ۔
(5)……: آج کل ہر بندہ ہی سوشل میڈیا سے وابستہ ہورہا ہے ہمیں چاہئے کہ سوشل میڈیا کا درست اور بہتر استعمال کریں اور اس میں وقت کو ضائع نہ کریں ہمارے بہت سارے دوست سوشل میڈیا کا بے جا استعمال کرتے ہیں بلکہ والدین ،بیوی بچوں سے گفتگو کرتے سمیت کھانا کھاتے ہوئے بھی سوشل میڈیا کا استعمال نہی چھوڑتے یہ بہت غلط طریقہ ہے میں سوشل میڈیا کے استعمال کا مخالف نہی ہوں میں خود بھی سوشل میڈیا میں کافی ایکٹیو ہوں مگر ہر چیز کو ٹائم فریم میں رکھنا چاہئے کسی بھی چیز کی زیادتی باقی معاملات کو خراب کردیتی ہے اسی لئے سوشل میڈیا کا بے دریغ اور فضول استعمال کرنے کی بجائے اس کو بھی معاشرے کی بہتری اور حصول علم کے لئے استعمال کرنا چاہئے ۔
(6)……:مختلف ہنر سیکھیں تاکہ آپ کی زندگی میں دوسروں کی محتاجی ختم ہو بلکہ آپ دوسروں کے مدد گار ثابت ہوں ہمارے ملک عزیز میں مختلف شعبوں میں کافی زیادہ ورکشاپس وغیرہ ہوتی رہتی ہیں آپ کے پاس وقت ہے تو اس کو قیمتی بنانے کے لئے کمر کس لیں اور نکل پڑیں اپنے من چاہے ہنر سیکھنے کے لئے مختصر کورسز کریں اس کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ کے پاس کمائی کرنے کے بہت زیادہ مواقع ہاتھ آجائیں گے ۔

میں نے وقت کو قیمتی بنانے کے صرف چھے طریقے لکھے ہیں یہ تو صرف آپ دوستوں کو اس طرف متوجہ کرنے کے لئے ہے ورنہ ایسے ہزاروں طریقے آپ کی راہ دیکھ رہے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنا وقت بھی قیمتی بنا سکتے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ معاشرے میں بہتری اور ترقی کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔

Sufiyan Farooqi
About the Author: Sufiyan Farooqi Read More Articles by Sufiyan Farooqi: 28 Articles with 31276 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.