پاکستان محبتوں کی سرزمین

اچانک پنکھا بند ہونے سے میری آنکھ کھلی.صبح کے 8:00 بج رہے تھے اور بجلی جاچکی تھی.گرمی کی وجہ سے جب لیٹنا محال ہوا تو میں اٹھ کر پلنگ پر ہی بیٹھ گئی سائیڈ ٹیبل پر رکھا ہوا گلوب ہاتھ میں اٹھایا اور اسکا جائزہ لینے لگی.یوں تو عموماً لوگ اپنے دفتروں یا مطالعاتی کمروں میں گلوب رکھتے ہیں مگر مجھے بہت پسند ہونے کی وجہ سے میں اسے اپنے سائیڈ ٹیبل پر ہی رکھتی ہوں.بہر حال' اس بیضوی دنیا کا نقشہ اس گول گلوب پر کس خوبصورتی سے اتارا گیا تھا.

پاکستان کو نقشہ میں دیکھ کر میں پاکستان کے بارے میں سوچنے لگی.امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا جیسے ممالک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں آتے ہیں. بھارت اور بنگہ دیش ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جبکہ فلسطین اور برما حالتِ جنگ میں ہیں.تو میرا پاک وطن کس فہرست کا ملک ہے؟میرا وطنِ عزیز پاکستان محبتوں کا ملک ہے یہ محبتوں کی سرزمین ہے یہاں کے لوگ محبت اور خلوص کی دولت سے مالا مال ہیں.محبت صرف دو مخالف جنسوں کے درمیان کشش کانام نہیں بلکہ محبت ایک پاکیزہ احساس ہے.محبت خیال اور خلوص کا اسمِ ثانی ہے.
یہ محبت ہی تو ہے جب کراچی کی کسی مصروف شاہراہ پر کوئی شخص موٹر سائیکل پر سوار جوڑے سے مخاطب ہوکر کہتا ہے کہ باجی برقعہ سنبھالیں ٹائر میں آرہا ہے.کوئی شخص فارغ نہیں ہوتا لیکن جب کسی کی گاڑی سڑک کے بیچ کہیں بند ہوجائے تو راہ چلتے مصروف لوگ فوراً اسکی مدد کو آپہنچتے ہیں۔اس دورِ خود غرض میں جہاں دوسرے خطوں میں لوگوں کو اپنے اقرباء کی خبر نہیں ہوتی اس وقت میں میرے وطن کے لوگ رمضان کے مقدس مہینے میں مغرب کی اذان پر سڑک کنارے خود ایک کھجور کھا کر بھاگم بھاگ ہم وطنوں کو افطاری کرواتے ہیں.جب کسی کے گھر میت ہوتو تین دن تک اس گھر میں کھانا محلہ دار ہی بھجواتے ہیں.غم کے مواقع سے لیکر عید کی صبح سیوّیوں کے ساتھ ہمسایہ کے در پر دستک محبت ہی تو ہے. بسوں میں مرد حضرات غیر عورت کو اٹھ کر جب اپنی سیٹ پر بٹھاتے ہیں تو یہ عزت کے لبادہ میں ملبوس محبت ہی تو ہوتی ہے جو اسے اس امر پر مجبور کرتی ہے.

جب پاکستانی ٹیم ہندوستان کی کرکٹ ٹیم سے مقابلہ کرنے کے لئے جاتی ہے تو نہ صرف انکی مائیں بلکہ وطن عزیز کی ہر ماں انہیں دعاؤں کے سائے میں رخصت کرتی ہے.جیت پر خوشی تو شاید عالم بھر میں عام ہے لیکن ہارنے کے بعد بھی ''ہمیں تم سے پیار ہے'' کے نغمے پاکستانی قوم ہی گاتی ہے.ہم مختلف زبانیں بولتے اور مختلف ثقافتوں کے رنگ اوڑھ کر بھی ایک دھارے میں بہتے ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ یہ پاکستان ہی ہے جو ہمارے جسم میں لہو بن کر دوڑتا ہے.یہ محبت ہی تو ہے کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول کی شہادتوں پر بلوچستان، سندھ اور پنچاب کی ہر آنکھ نم ہوتی ہے. یہ محبت ہی تو ہے کہ قصور کی زینب کو انصاف دلانے کے لئے پورا پاکستان اٹھ کھڑا ہوتا ہے. جب تھر کی عوام قحط کی زد میں آئے تو حکمرانوں سے پہلے عوام مدد کو اٹھ کھڑی ہوئی. بلوچستان کی ہزارہ برادری کے لئے ملک بھر سے آوازیں جب آئیں تو بلاشبہ میرا دل کہہ اٹھتا ہے ہم صرف پاکستانی ہیں. محبت کرنے اور محبت بانٹنے والے پاکستانی وہ پاکستانی جو فلسطین و برما اور شام و عراق کے لئے دل میں درد رکھتے ہیں.
بس اللّہ سے دعا ہے کہ ہماری محبتوں کو قائم و دائم رکھے.
 

Ainy Abdul Samad
About the Author: Ainy Abdul Samad Read More Articles by Ainy Abdul Samad: 2 Articles with 1653 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.