فتح مکہ …… اسلام اور اہل اسلام کی فتح مبین کا دن

سنہ6 ہجری میں جس وقت حضور صلی اﷲ علیہ وسلم اور قریش کے درمیان حدیبیہ میں صلح ہوئی تھی اور عہد نامہ لکھا گیا تھا ، اُس وقت دوسرے قبیلوں کو یہ اختیار دیا گیا کہ وہ جس کسی کے عہد اور عقد میں شامل ہونا چاہیں شامل ہوجائیں۔ چنانچہ قبیلہ بنو خزاعہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے عقد میں اور قبیلہ بنو بکر قریش کے عہد میں شامل ہوگئے۔ اِن دونوں قبیلوں میں زمانۂ جاہلیت سے اَن بن چلی آرہی تھی اور بعثت نبوی ؐتک برابر چلتی رہی، جو بالآخر طلوعِ اسلام کے بعد اسلامی معاملات میں مشغول ہونے کی وجہ سے رُک گئی۔شروع میں معاہدۂ صلح ہوجانے کے بعد فریقین ایک دوسرے سے مامون اور بے خطر ہوگئے تھے، لیکن بعد میں بنو بکر نے اپنی دُشمنی کی آگ کو کم کرنے کے لئے اِس موقع کو غنیمت سمجھا اور اچانک بنو خزاعہ پر شب خون مار دیا ،اور گھروں میں گھس گھس کر اُن کو قتل کردیا اور اُن کا مال و اسباب لوٹ لیا۔ صبح کو قریش اپنے کئے پر سخت نادم ہوئے اور سمجھ گئے کہ ہم نے عہد شکنی کردی ہے۔

عمرو بن سالم خزاعی چالیس آدمیوں کا ایک وفد لے کر مدینہ منورہ بارگاہِ نبوی ؐمیں پہنچا اور ایک صدا لگائی کہ ـ ’’اے پروردگار! میں محمد (صلی اﷲ علیہ وسلم) کو اپنے اور اُن کے خاندان کے درمیان ہونے والا قدیم عہد یاد دلانے آیا ہوں ۔ اے پیغمبر خدا! ہماری مدد کرو اور اﷲ کے بندوں کو بلاؤ سب حاضر ہوں گے۔‘‘ آنحضرت صلی اﷲ علیہ نے جب یہ واقعات سنے تو آپؐ کو سخت رنج ہوا۔ اِس لئے آپ ؐنے قریش کے سامنے تین شرطیں رکھیں: ’’ایک مقتولین کا خون بہا ادا کیا جائے۔ دوسرے قریش بنو بکر کی حمایت سے الگ ہوجائیں۔ تیسرے منادی کرادی جائے کہ حدیبیہ کی صلح ٹوٹ گئی ہے۔ ‘‘

قریش نے پہلی دو شرطیں توردّ کردیں البتہ تیسری شرط تسلیم کرلی اور اُس کے لئے ابو سفیان کو مدینہ منورہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی طرف سفیر بناکر بھیج دیا کہ وہ صلح حدیبیہ کی تجدید کرا لائیں۔ ابو سفیان خدمت نبوی ؐ میں حاضر ہوئے اور تجدید صلح کی بات کی تو بارگاہِ رسالتؐ سے کوئی جواب نہ آیا، ابو سفیان نے حضرت ابوبکرؓ، حضرت عمرؓ،حضرت فاطمہؓ اور پانچ سالہ حضرت حسن مجتبیٰؓ کو بیچ میں ڈالنا چاہا،لیکن کسی نے ساتھ نہ دیا، بالآخر ابو سفیان نے حضرت علی ؓکے ایماء سے مسجد نبویؐ میں جاکر یہ اعلان کیا کہ میں نے ’’معاہدۂ حدیبیہ‘‘ کی تجدید کرالی ہے۔

مکہ مکرمہ جاکر ابو سفیان نے جب قریش کو یہ اطلاع دی تو اُنہوں نے کہا کہ یہ نہ تو صلح ہے اور نہ ہی جنگ ،لہٰذا اب ہم آرام سے نہیں بیٹھ سکتے اب جنگ کی تیاری کی جائے۔

اِدھر ایک طرف آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے مکہ جانے کی تیار یاں مکمل کرلیں اور اتحادی قبائل کو مکہ کی طرف اپنے ہم راہ جانے کے لئے تیار ہوکر آنے کا پیغام بھیج دیا، اِس موقع پر اِس بات کا خاص خیال رکھا گیا کہ قریش مکہ کو ہمارے آنے کی کانوں کان خبر نہ ہونے پائے، لیکن سوئے اتفاق کہ اُدھر دوسری طرف حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اﷲ عنہ( جو ایک معزز بدری صحابی تھے)اُنہوں نے قریش کو خفیہ طور پر حضور صلی اﷲ علیہ وسلم کے مکہ مکرمہ کی طرف تیاریاں کرنے کے بارے میں خط لکھ کر روانہ کردیا ، حسن اتفاق کہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم کو کسی طرح اِ س خط کی اطلاع ہوگئی، آپؐ نے فوراً چند صحابہ کو روانہ فرمایاکہ وہ قاصد خط چھین کر لے آئیں، چنانچہ ایسا ہی ہوا، یہ حضرات قاصد سے خط چھین کر لے آئے اور لاکربارگاہِ رسالت میں پیش کردیا ،حضور صلی اﷲ علیہ وسلم خط کھول کرجب دیکھا تو وہ اپنے ہی ساتھی حضرت حاطب بن ابی بلتعہؓ کی طرف سے قریش مکہ کو لکھا گیا خط تھا، یہ دیکھ کر تمام صحابہؓ کو حضرت حاطبؓ کے اِس افشائے راز پر غیر معمولی حیرت ہوئی ،حضرت عمرؓ تو آپے سے باہر ہوگئے اور عرض کی اگر اجازت ہو تو میں اِس منافق کی گردن اُڑادوں! حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا حاطب بدری ہے اور تمہیں کیا معلوم؟ ممکن ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے اہل بدر کو مخاطب کرکے کہہ دیا ہو جو چاہو کرو میں نے تمہاری بخشش کردی ۔

اِس کے بعد آپؐ نے حضرت حاطبؓ کو بلایا توحضرت حاطبؓ نے آکر عرض کیا یا رسول اﷲ(صلی اﷲ علیہ وسلم)! آپ میرے معاملہ میں جلدی نہ فرمائیں ،بلکہ پہلے میری مجبوری سماعت فرما لیں! در اصل بات یہ ہے کہ قریش سے میری کوئی رقابت نہیں فقط حلیفانہ تعلقات ہیں ، میرے اہل و عیال آج کل مکہ میں ہیں، جن کا دوسرے مہاجرین کی طرح وہاں کوئی حامی و مدد گار نہیں، میں نے چاہا کہ قریش کے ساتھ میں یہ احسان کردوں تاکہ وہ میرے اہل و عیال کو وہاں کسی قسم کی کوئی ایذا اور تکلیف نہ پہنچاسکیں۔‘‘حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے حضرت حاطبؓ کے اِس معقول عذر کو قبول فرمایا اور اُنہیں معاف فرمادیا۔ القصہ مؤرخہ 10 رمضان سنہ 8 ہجری کو حضور صلی اﷲ علیہ وسلم مسلمانوں کی 10 ہزار آراستہ فوجیں لے کر مکہ کی طرف روانہ ہوئے اور مکہ سے کم و بیش ایک منزل پہلے مقام ’’مر الظہران‘‘ پر پڑاؤ ڈالا اور فوجوں کو دور دور تک پھیلادیا اور اُنہیں حکم دیا کہ تمام افواج اپنی اپنی جگہوں پر آگ روشن کردیں، جب آگ رُوشن ہوئی تو تمام صحراء وادی ایمن بن گیا ۔

چوں کہ فوج کی آمد کی بھنک قریش کے کانوں میں پڑ چکی تھی،اِس لئے تحقیق کے لئے اُنہوں نے حکیم بن حزام، ابو سفیان اور بدیل بن ورقاء کو بھیجا۔ خیمۂ نبویؐ کی دربانی پر جو دستہ متعین تھا اُس نے ابو سفیان کو دیکھ لیااور گرفتار کرکے بارگاہِ رسالت میں پیش کردیا، ابو سفیان جب گرفتار ہوا تو اُنہوں نے کلمہ پڑھ لیا اور وہ سچے دل سے مسلمان ہوگئے۔اِس کے بعد حضرت عباسؓ نے عرض کیا یا رسول اﷲؐ! ابو سفیانؓ سردارانِ مکہ میں سے ہیں، فخر کو پسند کرتے ہیں ، لہٰذا اِن کے لئے کوئی قابل فخر شے ہونی چاہیے! تو حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایاکہ اعلان کرادو کہ جو شخص ابو سفیانؓ کے گھر میں داخل ہوگا وہ مامون ہے۔ ابو سفیان ؓنے عرض کیا یا رسول اﷲ ؐ! میرے گھر میں سب کہاں سماسکتے ہیں؟ تو آپؐ نے فرمایا کہ جو شخص مسجد حرام میں داخل ہوجائے وہ بھی مامون ہے، ابو سفیانؓ نے عرض کیا یا رسول اﷲؐ! مسجد حرام بھی ناکافی ہے تو آپؐ نے فرمایا کہ جو شخص اپنا دروازہ بند کرلے وہ بھی مامون ہے۔ ابوسفیانؓ نے کہا ہاں! اِس میں بہت وسعت اور گنجائش ہے۔

مؤرخین نے لکھا ہے کہ مجاہدین اسلام جب مکہ کی طرف بڑھنے لگے تو حضور صلی اﷲ علیہ وسلم نے حضرت عباسؓ سے فرمایا کہ ابو سفیان ؓکو پہاڑی کی چوٹی پر لے جاؤ تاکہ وہ مجاہدین اسلام کے جاہ و جلال کا خوب اچھی طرح مشاہدہ کر سکیں، چنانچہ اُنہوں نے ایسا ہی کیا اور ابوسفیانؓ کو پہاڑی کی چوٹ پر لا کھڑا کردیا۔ جب دریائے اسلام کی طلاطم خیز موجوں میں طغیانی آئی اور مجاہدین اسلام کی فوجیں جوش مارتی ہوئی آگے کی طرف بڑھنے لگیں تو ابو سفیانؓ یہ دیکھ کر بے اختیار پکار اُٹھے کہ: ’’ آج گھمسان کا دن ہے آج کعبہ حلال کردیا جائے گا۔ ‘‘ اور رخصت لے کر آپؓ واپس مکہ آگئے ۔ مکہ پہنچ کر آپؓ نے بآوازِ بلند یہ منادی کرائی کہ محمد صلی اﷲ علیہ وسلم لشکر کے ساتھ آرہے ہیں، میری رائے میں کسی میں یہ طاقت نہیں کہ وہ اُن سے مقاومت کرسکے، لہٰذا اسلام لے آؤ! سلامت رہوگے۔‘‘

تاہم قریش کے ایک گروہ نے پھر بھی مقابلہ کا قصد کیا اور حضرت خالدؓ کی فوج پر تیر برسائے جس سے تین صحابہ ؓشہید ہوئے، حضرت خالدؓ نے مجبور ہوکر حملہ کیا جس سے اُن کی تیرہ لاشیں گریں اور وہ لاشیں چھوڑ کر بھاگ نکلے، آنحضرت صلی اﷲ علیہ نے تلواروں کو جب اِس طرح چمکتے دیکھا تو حضرت خالدؓ سے باز پرس کی، لیکن جب حضرت خالدؓ نے بتایا کہ اقدام قریش کی طرف سے تھا تو آپؐ نے فرمایا کہ قضائے الٰہی یہی تھی۔

اِس کے بعد آپؐ ’’کداء‘‘ کی جانب سے مکہ میں داخل ہوئے اور حرم محترم میں حاضری دی ، اُس وقت خانہ کعبہ کے گرد 360 بت رکھے ہوئے تھے،آپؐ ایک ایک بت کو لکڑی کی نوک سے ٹھوکے جاتے اور فرماتے جاتے کہ: ’’ حق آگیا اور باطل مٹ گیا اور باطل مٹنے ہی کی چیز تھی۔‘‘ اور آپؐ نے تمام بت حرم سے نکال دینے کا حکم فرمایا۔ اِس کے بعد آپؐ نے طواف کیا اور عثمان بن طلحہ کو بلاکر کعبہ شریف کی چابی منگوائی اور بیت اﷲ کو کھلوایا، دیکھا کہ اُس میں تصویریں لگی ہوئی ہیں، حضرت عمر رضی اﷲ عنہ نے اندر جاکرتمام تصویریں مٹادیں ، پھر کعبہ شریف کو زم زم سے دھویاگیا، اُس وقت آپؐ بیت اﷲ میں داخل ہوئے اور آپؐ نے نماز ادا فرمائی۔نماز ادا کرنے کے بعد باہر تشریف لائے تو دیکھا کہ مسجد حرام لوگوں سے کھچاکھچ بھری ہوئی ہے تو آپ نے باب کعبہ پر کھڑے ہوکر ایک خطبہ دیا، خطبہ دینے کے بعد آپؐ مسجد میں بیٹھ گئے اور عثمان بن طلحہ کو بلاکر بیت اﷲ کی چابی اُن کے حوالے کردی۔ظہر کی نماز کا وقت جب آیا تو آپؐ نے حضرت بلالؓ کو حکم دیا کہ وہ بام کعبہ پر چڑھ کر اذان دیں، جب حضرت بلالؓ بام کعبہ پر چڑھ کر اذان دے رہے تھے تو اُس وقت قریش مکہ دین حق کی سربلندی اور اُس کی فتح مبین کا یہ عجیب و غریب منظر پہاڑوں کی چوٹیوں سے دیکھ رہے تھے۔

Mufti Muhammad Waqas Rafi
About the Author: Mufti Muhammad Waqas Rafi Read More Articles by Mufti Muhammad Waqas Rafi: 188 Articles with 254163 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.