آپ نے آج تک گداگروں کو بسوں اور ٹرینوں میں بھیک مانگتے
ہی دیکھا ہوگا لیکن حال ہی میں ہوائی جہاز میں مسافروں سے سوال کرنے والے
شخص کی ایک ویڈیو نے تو دنیا بھر میں لوگوں کو حیران اور پریشان کر دیا ہے-
جی ہاں فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمرشل ائیر لائن میں درمیانی عمر کا
ایک شخص مسافروں سے رقم کی صورت میں مالی مدد کی درخواست کر رہا ہے-
|
|
یہ قطر ائیرویز کی فلائٹ تھی جو کہ دوحہ سے شیراز جارہی تھی کہ جہاز میں
ایک شخص جس نے ہاتھ میں پلاسٹک کی تھیلی پکڑ رکھی تھی نے کھڑے ہو کر لوگوں
سے مدد کی درخواست کرنا شروع کردی- اس دوران جہاز عملے کی جانب سے مذکورہ
شخص کو بار بار نشست پر بیٹھنے کا کہا گیا جسے اس نے نظر انداز کردیا-
کچھ مسافروں نے اس شخص کی مدد کے لیے اسے رقم بھی فراہم کی تاہم اس سارے
واقعے میں جہاز کے پرواز کرنے کے وقت میں ایک منٹ سے زائد کی تاخیر ہوگئی-
اگرچہ سوال کرنے والے اس شخص کی شناخت تو نہیں کی جاسکی تاہم یہ ضرور کہا
جارہا ہے کہ یہ شخص کوئی ایرانی شہری تھا-
اپنی نوعیت کی اس انوکھی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 25 ہزار سے زائد مرتبہ
دیکھا جاچکا ہے اور یہ انتہائی تیزی سے وائرل ہورہی ہے-
سوشل میڈیا کے صارفین کی جانب سے اس ویڈیو پر ملا جلا رجحان سامنے آیا- ایک
صارف نے جہاں یہ سوال کیا کہ اسے جہاز کا ٹکٹ کس نے خرید کر دیا؟ وہیں یہ
بھی کہا چلو یہ بھی اچھا کہ لوگوں نے اس کی مدد کی- تاہم دوسری طرف یہ بھی
کہا گیا کہ یہ صرف مذاق ہے-
|
|
Maria Rebello نامی صارف کا کہنا تھا کہ “ بھیک مانگنے کے عمل کو فروغ نہیں
دینا چاہیے- چاہے یہ عمل بسوں یا ٹرینوں میں کیا جائے یا پھر کہیں اور“-
واضح رہے قطر ائیر ویز کا دوحہ سے شیراز تک کے ایک جانب کے ٹکٹ کی قیمت کم
سے 400 پاؤنڈ ہے-
|
|