خوف الٰہی ہی عین عبادت ہے

(Maryam Arif, Karachi)

تحریر: دیا خان بلوچ، لاہور
کسی بھی کام کو کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کو مکمل توجہ اور خلوص کے ساتھ کیا جائے،تب ہی اس کو اچھے سے نبھایا جا سکتا ہے۔بالکل اسی طرح اگر کسی کام کو بد دلی اور لاپرواہی کے ساتھ کیا جائے یا اس میں عدم دلچسپی ہو تو اس کو کرنے کا لطف بھی نہیں آتا اور اس کو احسن طریقے سے سر انجام بھی نہیں دیا جا سکتا۔اس کے نتائج بھی ہماری منشاء کے مطابق نہیں ہوتے ۔یہ حقیقت ہے کہ ہمیں اتنا ہی پھل ملتا ہے جتنی ہم اس میں محنت اور وقت دیتے ہیں۔ بالکل اسی طرح عبادت میں تقویٰ ،اخلاص اور خشیت الٰہی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔عبادت خا ص اﷲ کے لئے ہے،اور اس کو جتنے خلوص سے کیا جائے اس کا فائدہ ہماری سوچ سے بڑھ کر ملتاہے۔سب سے بڑا انعام اس پاک ذات کا قرب حاصل ہونا ہے جو تمام دنیا کا خالق و مالک ہے۔

تقویٰ بڑی اونچی اور بیش بہا صفت ہے اور ساری مطلوبہ صفات کی جامع بھی۔جو تقویٰ کی صفت رکھتے ہوں ان کو اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید میں دنیا اور آخرت کی ساری بھلائیوں کی ضمانت دی ہے۔تقویٰ وہ چیز ہے جس سے ہر مشکل سے نکلنے کا راستہ ملتا ہے۔تقویٰ پرہیز گاری ہے،اور پرہیز گار ی ہمیں جنت کے راستے کی طرف لے جاتی ہے۔

تقویٰ قلب و روح ،شعور وآگہی ،عزم و ارادہ ،ضبط و نظم،اور عمل و رکردار کی اس قوت اور استعداد کا نام ہے جس کے بل پر ہم اس چیز سے رک جائیں جو غلط ہو،اور اس چیز پر جم جائیں جو صحیح ہو۔تقویٰ ،غیب پر ایمان کا نام ہے ،ہم نے اکثر و بیشتر پڑھا کہ جھوٹ بولنے سے زبان آگ میں جل رہی ہے ،اس آگ کا ہمیں کوئی تجربہ نہیں کہ یہ ہمارے سامنے نہیں ۔لیکن ہم جھوٹ بولنا چھوڑ دیتے ہیں صرف اس لئے کہ اس سے اﷲ نے منع فرمایا ہے تو تقویٰ ہے ،خشیت الٰہی ہے ۔اس بات پر یقین رکھنا کہ جو بھی غلط کام کریں گے اس کی سزا ہمیں ملنی ہے ،اور اس سزا سے بچنے کے لئے غلط راستے کو چھوڑ دینا ہی تقویٰ کہلاتا ہے۔

حضرت عمر بن الخطاب ؓ سے روایت ہے کہ میں نے حضورﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا ہے کہ سب انسانی اعمال کا دارومدار صرف نیتوں پر ہے۔(بخاری)یعنی ہر کام کو کرنے میں نیت کا خالص ہونا ضروری ہے۔نیت میں اخلاص ہو گا تو اس کا انعام بھی بہت زیادہ ملے گا۔خالی عمل سے کچھ نہیں ملتا نیت کا خالص ہونا بھی ضروری مامر ہے۔

اخلاص کا مطلب یہ ہے کہ ہر اچھا کام یا کسی کے ساتھ اچھا برتاؤ صرف اس لیے کیا جائے کہ ہمارا خالق و پروردگار ہم سے راضی ہو،ہم پر رحمت فرمائے ۔اخلاص کا تعلق دل سے ہے جس کا مقصد صرف اﷲ تعالیٰ کو خوش کرنا ہے اس کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔اخلاص کو عمل میں اساس کی حیثیت حاصل ہے۔جس طرح تعمیر اساس کے بغیر اور جسم سر کے بغیر بے کار ہے اسی طرح اعمال اخلاص کے بغیر بے کار ہیں۔حضرت معاذ بن جبل ؓ سے مروی ہے کہ جب ان کو یمن کی جانب بھیجا جا رہا تھا تو انہوں نے آپﷺ سے عرض کیا :اے اﷲ کے رسولﷺ! مجھے نصیحت کیجیے تو آپ ﷺ نے فرمایا: دین میں (یعنی دین کے اعمال میں) اخلا ص پیدا کرو،تھوڑا عمل بھی کافی ہو جائے گا۔

خشیت الٰہی سے مراد اﷲ تعالیٰ کا ڈر،یعنی ہر اس کام کو کرنے سے پہلے یہ سوچنا کہ کیا اس سے ہمارا رب ہم سے ناراض تو نہیں ہو جائے گا ؟کہیں ہم اس کے ناپسندیدہ بندوں میں تو شامل نہیں ہو رہے ہیں ؟اس کی رضا بہت ضروری ہے۔اﷲ کا خوف ہوگا تو کوئی بھی غلط کام نہیں ہوگا۔جب اس بات پر یقین کامل ہو کہ اﷲ ہماری شہ رگ سے بھی زیادہ قریب ہے تو ہر برائی کرنے سے پہلے ہم سوچیں گے ۔انسان خطا کا پتلا ہے اور ہمارا رب ہماری فطرت بخوبی جانتا ہے ۔اس لئے رب ِ کائنات نے ہمارے لئے معافی کا در کھلا رکھا ہے،ایک بار تو بہ کرنے بعد اگلی بار گنا ہ کرنے سے پہلے ہمیں اﷲ سے حیا آتی ہے ،اور اس کے روٹھ جانے کا ڈر بھی ہوتا ہے جو ہمیں گناہ کی طرف بڑھنے سے روک دیتا ہے۔

عبادت خالص صرف اﷲ تعالیٰ کے لئے ہے اس میں کسی قسم کی نمود و نمائش کی جائے تو اس میں اخلاص نہیں رہتا ہے ،ایسی عبادت صرف دکھاوا ہے جس کادنیاوی فائدہ ہے لیکن آخروی کوئی فائدہ نہیں۔ہم میں سے اکثر لوگ ایک دوسرے کو اپنی نمازوں ،صدقہ و خیرات ،روزوں اور نوافل کا جتا تے ہیں۔ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق عبادت کرتا ہے ،کوئی کم کرتا ہے تو کوئی زیادہ۔عبادت وہی مقبول و قبول ہو گی جس میں تقویٰ،اخلاص اور خشیتِ الٰہی ہو۔اگر عبادت شہرت ،دکھاوے یا کسی اور مقصد کے تحت کی جائے تو اﷲ تعالیٰ کے یہاں اس کی کوئی قدروقیمت نہیں۔

جس طرح ہمیں اپنے کسی ساتھی کے بارے میں علم ہو جائے کہ وہ ہمارے ساتھ مخلص نہیں تو ہم اس کے ساتھ رابطہ نہیں رکھنا چاہیں گے ،یہ تو ایک چھوٹی سی نیاوی مثال ہے ۔بالکل اسی طرح اﷲ تعالیٰ کو بھی ہماری ان عبادتوں کی کوئی ضرورت نہیں جن میں دکھاوا ہو ۔عبادت میں اخلاص تو یہ ہے کہ ادھر اذان ہو اور ہم سب کام چھوڑ کر اپنے رب کی رضا و خوشنودی حاصل کر نے کے لئے فوراً لبیک کہیں۔تقویٰ تو یہ ہے کہ اپنے نفس کو مار دیا جائے۔اپنی سوچ کو پاکیزہ رکھا جائے ،اپنے ہرعمل کو اﷲ کی رضا کے لئے کیا جائے۔عبادت صرف نماز، روزہ ،حج ،زکوۃ یا وہ عمل نہیں جن کو سب دیکھ سکتے ہوں۔عبادت تو والدین کو مسکرا کر دیکھنا بھی ہے ان سے اچھا سلوک بھی عبادت ہے۔

عبادت دو طرح کی ہے ایک فرض عبادت اور ایک نفل عبادت۔دونوں طرح کی عبادتوں میں تقویٰ ،اخلاص اور خشیتِ الٰہی اولین ترجیح ہے۔الغرض عبادت میں تقویٰ،اخلاص اور خشیت الٰہی کا ہونا لازم ہے۔
 

Comments Print Article Print
 PREVIOUS
NEXT 
About the Author: Maryam Arif

Read More Articles by Maryam Arif: 1232 Articles with 502501 views »
Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here >>
25 Jun, 2018 Views: 269

Comments

آپ کی رائے

مزہبی کالم نگاری میں لکھنے اور تبصرہ کرنے والے احباب سے گزارش ہے کہ دوسرے مسالک کا احترام کرتے ہوئے تنقیدی الفاظ اور تبصروں سے گریز فرمائیں - شکریہ