مغرب کی طرف جاؤ گے تو ڈوب جاؤ گے‎

مغرب کی طرف جاؤ گے تو ڈوب جاؤ گے‎

اسلام ایک عالم گیر مذہب ہے اور تمام بنی نوع انسان کی فلاح اور کامرانی کا علمبردار ہے۔ یہ زندگی کے ہر شعبہ میں انسان کی راہ نمائی کرتا ہے۔ اسلام کے زرّیں اصولوں میں اخلاق کو سر فہرست رکھا گیا ہے۔ قرآن پورے کا پورا ہے ہی اخلاق پر مبنی۔قرآن میں سب سے زیادہ روز حسن اخلاق پے دیا گیا ہے۔حسن خلق ہی انسانوں کے معاشرہ میں امن، سکون، اطمینان و سلامتی کا ضامن ہے۔ انسانی معاشرہ میں ایک دوسرے کا ادب و احترام، مساوات، رواداری، ایک دوسرے کی ہمدردی، حسن معاملات اخلاق ہی سیکھاتا ہے۔

دنیا میں انسان کی اولین حیثیت ایک فرد کی سی ہے اور افراد کے مجموعے سے معاشرہ تکمیل پاتا ہے۔انسانی زندگی میں معاشرے کا قیام اس کی فطرت کا تقاضا ہے یعنی انسان دوسروں کے ساتھ مل جل کر رہنے اور زندگی بسر کرنے پر فطرتاً مجبور ہے۔ اسلام میں اخلاق سے مراد وہ اخلاق حسنہ ہیں جو بنی نوع انسان کی فلاح اور اصلاح کے لیے انسانیت کو عطا کیے گئے تاکہ ان کا آپس میں معاملات کا حسن برقرار رہے، ایک دوسرے کے ساتھ عزت و تکریم پیش آئیں۔ اگر معاشرہ میں موجود تمام انسان اپنی اپنی اصلاح کرلیں،خود کو اسلامی تعلیمات اور قرآنی اخلاقیات سے مزین کر کے اپنی زندگیوں میں اس کا عملی نمونہ پیش کریں تو اجتماعی معاشرہ خود بخود صالح، پاکیزہ و راست باز ہوگا۔جس معاشرہ کا قانون عدل و انصاف، برابری و مساوات پر مبنی ہوگا تو وہ معاشرہ یقیناً درست اور صالح ہوگا اور حقیقی معنوں میں ایک مثالی اسلامی معاشرہ کہلائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام فرد کی اصلاح کے لیے اخلاق حسنہ پر زور دیتا ہے۔قرآن حکیم میں بیشتر مقامات پر اخلاق کا درس دیا گیا ہے جو اس قدر حکیمانہ اور فلسفیانہ ہے جو دنیا کے کسی مذہبی کتاب میں نہیں ملتا۔

وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّکَ لِلنَّاسِ وَلاَ تَمْشِ فِیْ الْاَرْضِ مَرَحاً اِنَّ اللّٰہَ لاَ یُحِبُّ کُلَّ مُخْتَالٍ فَخُوْرٍo وَاَقْصِدْ فِیْ مَشْیِکَ وَ اَغْضُضْ مِنْ صَوْتِکَ اِنَّ اَنْکَرَ اَلْاَصْوَاتِ لَصَوْتُ الْحَمِیْرِo (سورۃ لقمان: 18)
’’اور لوگوں سے اپنا رخ نہ پھیر( یعنی انسانی معاشرتی اجتماع سے، لوگوں سے رواداری، حسن معاملات، حسن سلوک، ہمدردی و مساوات سے پیش آ) اور زمین پر اکڑکر نہ چل( غرور و تکبر سے )بے شک اللہ کسی تکبر کرنے والے فخر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔ اور اپنی چلن میں میانہ روی اختیار کر اور اپنی آواز پست رکھ، بے شک آوازوں میں سب سے بری آواز گدھوں کی ہے۔‘‘

قرآن کریم کا حسن اخلاق دیکھئے کہ لوگوں سے اونچا اور منہ پھاڑ کر بولنے سے بھی سختی سے منع فرما دیا اور اونچا بولنے والوں کو گدھے کی طرح برا کہا ۔جس طرح گدھوں کی آواز کو کوئی پسند نہیں کرتااسی طرح اللہ کریم بھی لوگوں سے اونچا بولنے والوں کو پسند نہیں فرماتے۔

سورہ حجرات میں اللہ کریم بنی نوح انسانیت کا، قوموں کا تمسخر، طنزو مذاق، طعنہ زنی،اور ایک دوسرے کے نام بگاڑ کر لینے سے بھی منع فرما دیا اور اس کا ارتکاب کرنے والوں کو مسلمان نہیں بلکہ فاسق کہا اور اس سے توبہ نہ کرنے والوں کو ظالم کا خطاب دیا۔فرمایا
یَایُّھَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا یَسْخَرْ قَوْمٌ مِّنْ قَوُمٍ عَسٰٓی أَنْ یَّکُوْنُوْا خَیْراً مِّنْھُمْ وَلاَ نِسَآءٌ مِّنْ نِّسَآءِ عَسآی أَنْ یَکُنَّ خَیْرًا مِّنْھُنَّ ج وَلَا تَلْمِزُوْا اَنْفُسَکُمْ وَلَا تَنَابَزُوْا بِالْاَلْقَابِط بِءْسَ الِاسْمُ الْفُسُوْقُ بَعْدَ الْاِیْمَانِج وَمَنْ لَّمْ یَتُبْ فَاُولِٰئکَ ھُمُ الظَّلِمُوْنَo
اے ایمان والو! قومیں قوموں پر نہ ہنسیں ( یعنی انسانوں اور قوموں کے اجتماعی معاشرہ میں کوئی انسان دوسرے انسان کا، کوئی قوم دوسری قوم کاہنسی مذاق نہ بنائے، امیر غربیوں کی ہنسی نہ بنائیں، نہ عالی نسب ذی نسب کی، نہ تندرست اپاہج کی، نہ آنکھ والا نابینااور کم نظر کی، نہ زبان والا گونگے کی، نہ کان والا بہرے کا تمسخر اڑائے، یہ سب اخلاق سے گری حرکتیں ہیں جن کو اللہ کریم بہت ناپسند فرماتے ہیں) عجب نہیں کہ وہ ان ہنسنے والوں سے بہترہوں اور نہ عورتیں، عورتوں پر ہنسیں، ہو سکتا ہے کہ وہ ان ہنسنے والیوں سے بہتر ہوں اور آپس میں طعنہ زنی نہ کرو اور ایک دوسرے کے برے نام نہ رکھو۔ کیا ہی برا نام ہے مسلمان ہو کر فاسق کہلانا۔اور جو اس سے توبہ نہ کریں وہی لوگ ظالم ہیں۔ (الحجرات 49 : 11 )

سورہ بنی اسرائیل میں اخلاقیات سے بھرا ایک طویل متن جو حسن تربیت و اخلاق کا اعلیٰ نمونہ ہے۔ ارشاد ہوتا ہے۔
وَ اٰتِ ذَا الْقُرْبٰی حَقَّہ‘ وَالْمِسْکِیْنَ وَابْنَ السَّبِیْلِ وَلَا تُبَذِّرْ تَبْذِیْرًاo اِنَّ الْمُبَذِّرِیْنَ کَانُوْا اِخْوَانَ الشَّیٰطِیْنِ وَ کَانَ الشَّیْطٰنُ لِرَبِّہٖ کَفُوْرًاo وَ اِمَّا تُعْرِضَنَّ عَنْھُمُ اَبْتِغَآءَ رَحْمَۃٍ مِّنْ رَّبِّکَ تَرْجُوْھَا فَقُلْ لَّھُمْ قَوْلًا مَّیْسُوْرًاo وَلَا تَجْعَلْ یَدَکَ مَغْلُوْلَۃً اِلٰی عُنُقِکَ وَلَا تَبْسُطْھَاکُلَّ الْبَسْطِ فَتَقْعُدَ مَلُوْمًا مَّحْسُوْرًاo اِنَّ رَبَّکَ یَبْسُطُ الرِّزْقَ لِمَنْ یَّشَآءُ وَ یَقْدِرُج اِنَّہ‘ کَانَ بِعِبَادِہٖ خَبِیْرًا بَصِیْرًاo
’’ اور رشتہ داروں کو ان کا حق دو اور مسکینوں اور مسافروں کا بھی (حق ادا کرو، مطلب مسافر سفر میں حاجتمند ہو سکتا ہے تو اس کی حاجت روائی کی جائے) اور فضول خرچی نہ کرو، بیشک فضول خرچ شیطانوں کے بھائی ہیں اور شیطان اپنے رب کا بڑا نا شکرا ہے۔ اگر تو ان سے منہ پھیرے اللہ کی رحمت ( یعنی رزق ) کے انتظار میں ، جس کی تجھے اپنے رب کی طرف سے آنے کی امید ہے تو ان سے نرمی سے بات کرو اور نہ ہی اپنا ہاتھ اپنی گردن سے باندھ کر رکھ ( یعنی کنجوسی نہ کرو)اور نہ ہی اسے بالکل کھلا چھوڑدو ( کہ فضول اڑانے لگو)اور پھر ملامت زدہ اور عاجز بن کر بیٹھ جاؤ ۔ بیشک تیرا رب جس کیلئے چاہے رزق وسیع کرتا ہے اور جس کیلئے چاہے تنگ کرتا ہے۔ بیشک اللہ اپنے بندوں کی خبر رکھنے والا، دیکھنے والا ہے۔‘‘
وَلَا تَقْتُلُوْا اَوْلَادَکُمْ خَشْیَۃَ اِمْلَاقٍ نَحْنُ نَرْزُقُھُمْ وَ اِیَّاکُمْج اِنَّ قَتْلَھُمْ کَانَ خِطْءًا کَبِیْرًاo وَلَا تَقْرَبُوْا الزِّنَآاِنَّہ‘ کَانَ فَاحِشَۃً وَ سَاءَ سَبِیْلاً o وَلَا تَقْتُلُوْا النَّفْسَ الَّتِیْ حَرَّمَ اللّٰہ اِلَّا بِالْحَقِّ وَ مَنْ قُتِلَ مَظْلُوْمًا فَقَدْ جَعَلْنَا لِوَلِیِّہٖ سُلْطَانًا فَلَا یُسْرِفْ فِیْ الْقَتْلِ اِنَّہ‘ کَانَ مَنْصُوْرًاo وَلَا تَقْرَبُوْا مَالَ الْیَتِیْمَ اِلَّا بِالَّتِیْ ھِیَ اَحْسَنُ حَتیٰ یَبْلُغَ اَشُدَّہ‘ وَاَوْفُوْا بِالْعَہْدِ اِنَّ الْعَہْدَ کَانَ مَسْءُوْلًاo
اور اپنی اولاد کو قتل نہ کرنا مفلسی کے ڈر سے ، ہم انہیں رزق دینے والے ہیں اور تمہیں بھی، بیشک ان کا قتل کرنا بہت بڑی خطا ہے ۔ اور بدکاری کے پاس نہ جاؤ بیشک وہ بے حیائی ہے ، اور بہت ہی بری راہ۔ اور جس جان کا قتل کرنا اللہ نے حرام کر دیا ہے اسے ناحق نہ مارو، اور جو ناحق ظلم سے مارا جائے تو بیشک ہم نے اس کے وارث کو اختیار دیا ہے قصاص کا۔ تو وہ قصاص میں حد سے نہ بڑھے بیشک وہ فتحیاب ہے (اسے ہماری مدد حاصل ہے)۔ اور یتیم کے مال کے پاس تک نہ پھٹکنامگر اس طریق سے کہ نہایت اچھاہو، یہاں تک کہ وہ اپنی جوانی کو پہنچ جائے اور عہد پورا کرو بیشک عہد کے بارے باز پرس ہو گی۔
وَ اَوْفُوْا الْکَیْلَ اِذَا کِلْتُمْ وَ زِنُوْا بِالْقِسْطَاسِ الْمُسْتَقِیْمِج ذٰلِکَ خَیْرٌ وَ اَحْسَنُ تَاْوِیْلاًo وَلَا تَقْفُ مَا لَیْسَ لَکَ بِہٖ عِلْمٌ اِنَّ السَّمْعَ وَالْبَصَرَ وَالْفُؤَادَ کُلُّ اُوْلٰٓءِکَ کَانَ عَنْہُ مَسْءُوْلًاo وَلَا تَمْشِ فِیْ الْاَرْضِ مَرَحًا اِنَّکَ لَنْ تَخْرِقَ الْاَرْضَ وَلَنْ تَبْلُغَ الْجِبَالَ طُوْلًاo کُلُّ ذٰلِکَ کَانَ سَیِّءُہ‘ عِنْدَ رَبِّکَ مَکْرُوْھًاo ذٰلِکَ مِمَّآ اَوْحٰٓی اِلَیْکَ رَبُّکَ مِنَ الْحِکْمَۃِ وَلَا تَجْعَلْ مَعَ اللّٰہِ اِلٰھًا اٰخَرَ فَتُلْقٰی فِیْ جَھَنَّمَ مَلُوْمًا مَدْحُوْرًاo ( سورہ بنی اسرائیل 17 : 26-39)
اور ناپ تول پورا پورا کیا کرو اور ترازو برابر رکھ کے تولا کرو، یہ بہت بہتر ہے اور اس کا انجام بھی بہت اچھا۔ اور اس بات کے پیچھے نہ پڑ جس کا تجھے علم نہیں بیشک کان اور آنکھ اور دل ان سب سے باز پرس ( یعنی سوال) ہونا ہے۔ اور زمین پر اتراتا ہوا نہ چل تو ہر گز زمین چیر تو نہیں ڈالے گا، اور نہ لمبا ہو کر پہاڑوں کی چوٹیوں تک پہنچ جائے گا۔ یہ جو کچھ بیان ہوا ان میں سے کوئی بھی بری بات ( جو تم میں ہو) تیرے رب کو بہت ہی ناپسند ہے۔ یہ سب ان وحیوں میں سے ہے جو تمہارے رب نے تمہاری طرف بھیجیں حکمت کی باتیں اور اے سننے والے! اللہ ساتھ کوئی دوسرا خدا نہ ٹھہرانا، نہ کھڑا کرناکہ تم جہنم میں دھکیل دئیے جاؤ گے روندہ درگاہ بنا کر، مردود ہو کر۔‘‘
سبحان اللہ! حسن اخلاق کی کتنی اعلیٰ تربیت ہے اور دنیا کا کوئی دوسرا مذہب ایسی تربیت کی کوئی ادنیٰ سی مثال پیش نہیں کر سکتا۔اور یہاں ایک خاص بات ، ایک خاص نقطہ عرض کروں جو میرے خیال میں آج تک کسی عالم و مفسر نے بیان نہیں کیا ہو گا۔ آپ دیکھیں کہ ان پوری دس پندرہ آیات میں نصیحت و حکمت کی باتیں ہو رہی ہیں اور اخلاق کی تربیت کی جا رہی ہے ، ان کے ساتھ یہ فرمانا کہ میرے ساتھ کوئی دوسرا خدا نہ ٹھہرا لینا ورنہ مردود ہو کر دھکے کھاتے جہنم برد کر دئیے جاؤ گے۔یہاں اس آیت کا متن ان آیات سے ذرا ہٹ کے ہے جو عام طور پر قرآن مجید میں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ آپ مشاہدہ کر لیں عام طور پر قرآن مجید میں اللہ کے ساتھ کوئی دوسرا خدا نہ ٹھہرنے کا متن عبادات کے ساتھ ملتا ہے کہ صرف اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کوشریک نہ بناؤ، یا اس طرح کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو۔یہاں معاملہ عبادات کا نہیں اخلاقیات کے ساتھ خاص ہے اور اللہ کریم کے ساتھ کوئی دوسرا خدا بنانے کا نہیں ، نہ لا کھڑا کرنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ مطلب یہ کہ اگر تم میری ان حکمتوں کو نہیں مانتے ، ان پر عمل نہیں کرتے اور ان کو چھوڑ کر کسی اور کے طریق پر چلتے ہو تو گویا تم نے مجھے نہیں اسے خدا سمجھا اور میرے ساتھ لا کھڑا کیاجس کے طریق پر مجھے چھوڑ کر چل رہے ہو۔گویا ان حکمتوں پر عمل پیرا نہ ہونا خدا کا انکار ہے اور شرک ہے۔ اگر اس نقطہ کی رو سے دیکھا جائے تو آج ہمارا خدا اللہ کریم نہیں اہل مغرب ہیں۔ ہم اللہ کریم کو چھوڑ کر ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، ان کی تقلید ہمارے دل و دماغ میں گھر کر چکی ہے۔ ہم مغرب کی غلامی کا پٹا اپنے گلے ڈالے ہوئے ہیں۔ ہمارا معاشرہ مغرب کا فطری غلام بن کے رہ گیا ہے۔ ہمارا کوئی شعبہ زندگی ایسا نہیں جس میں ان کی غلام کا رنگ نہ نظر آتا ہو خواہ وہ معاشی ہو، معاشرتی ہو، حتیٰ کہ ہم ان کے بھی لسانی بھی غلام بن کے رہ گئے ہیں۔ ہمارا پیارا پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور یہاں کی قومی زبان اردو ہے۔ ہماری بیس کروڑ آبادی اردو بولنے اور سمجھنے والی ہے مگر ہماری دفتری اور کاغذی زبان کیا ہے ؟ہمارے دفاتری کاغذات میں انگریزی غلامی ہے خواہ وہ دفتر سرکاری ہوں یا نجی، کسی قومی ادارہ کے ہوں یا قومی عدالتوں کے یاسکول و کالج و یونیورسٹی کے۔ ہماری عدالتوں کے فیصلے انگریز کی لسانی غلامی میں دئیے جاتے ہیں، ہمارے حکمران قومی زبان سے زیادہ اپنے آقاؤوں کی زبان بولنازیادہ پسند کرتے ہیں کہ اردو بولنے سے انہیں سمجھنے میں دقت ہو گی اس لئے اہم ملکی ایشوز پر انگریزی میں بات کی جاتی ہے کہ ہمارے کسی ہم وطن کو پڑھنا اور سمجھنا آئے یا نہ آئے ہمارے آقاؤوں کو سمجھ آنی چاہیے انہیں کوئی دشواری نہ پہنچے۔ انگلش لکھنا پڑھنا نہ آتی ہو تو کوئی ہماری اسمبلیوں کا ممبر نہیں بن سکتا، نہ کوئی اعلیٰ گورنمنٹ کی ملازمت اختیار کر سکتاہے لیکن اگر قرآن پڑھنا نہ آتا ہو تووہ ہر طرح کے سرکاری عہدہ پر براجمند ہو سکتا ہے حتیٰ کہ نماز اور کلمے بھی نہ آتے ہوں پھر بھی وہ وزیر ، مشیر، قانون دان اور ملک کا سربراہ تک بن سکتا ہے۔ انگلش کو ترجیح اس لئے کہ وہ ان کے آقاؤں کی جو زبان ہے اور قرآن اللہ و رسول ﷺ کا کلام جس کے یہ پہلے سے باغی ہیں۔ ہم ہر لحاظ سے مغرب زدہ اور مغرب کے غلام بن کے رہ گئے ہیں ۔ ہمارے معاشرہ میں مغربی کلچر و روایات کو صرف پسند ہی نہیں کیا جاتا بلکہ انہیں دنیا کے لئے مثالی سمجھا جاتاہے۔ ہم مجموعی طور پر مغرب زدہ ہیں اسلام زدہ نہیں۔

آج ہمارا معاشرہ اور حکمران طبقہ ہر کام میں مغرب کی مثال دیتا ہے اور نمونہ بنا کے پیش کرتا ہے کہ وہاں یہ ہو رہا ہمیں بھی کرنا چاہے اس میں کامیابی ہے۔ وہ نہ قرآن و سنت کو دیکھتے ہیں،نہ اپنے اسلاف کو ، کہ انہوں نے کیسے کامیابی حاصل کی۔ ہمارے آج کے معاشرہ میں جو کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے وہ مغرب کی طرف دیکھتا ہے کہ وہ کیسے کامیاب ہوئے۔آج ہمارے معاشرہ نے ترقی کرنی ہوتو مغرب نمونہ، ہنر سیکھنا ہو تو مغرب نمونہ،ارتقاء و تخلیق کے لئے مغرب نمونہ، اعلیٰ تعلیم، علم و حکمت پڑھنا سیکھنا ہو تو مغرب روانہ،ڈاکٹر و حکیم بننا ہو، علوم طب اور حسن معاشرت کے اصول سیکھنا ہوں تو مغرب روانہ، اچھے اخلاق و اطوار سیکھنے ہوں تو مغرب نمونہ، تہذیب و تمدن سیکھنا ہو تو مغرب نمونہ، ادارے بنانا ہوں، محکمے قائم کرنا ہوں، پالیسیاں اور ضابطے ترتیب دینے ہوں تو مغرب نمونہ ہے۔ ہماری نوجوان نسل کا پسندیدہ لباس مغربی پینٹ شرٹ، پسندیدہ شکل و صورت، واضح قطع مغربی کلین شیو، ہمارا پسندیدہ لائف سٹائل مغربی، میں آج کے اس شرک رسیدہ معاشرہ سے سوال کرتا ہوں کہ خدائے حقیقی کہاں ہے تم میں؟ قرآن و سنت کی تعلیمات کہاں ہے تم میں؟ رسول اللہ ﷺ کی اطاعت اورآپ ﷺ کا اسوہ کہاں ہے تم میں؟تمہارے بزرگوں کے اطوار کہاں ہیں تم میں؟ کیا قرآن و سنت اور تمہارے اسلاف کے کارنامے تمہارے لیے نمونہ نہیں بن سکتے ؟ آج جب ہر طرف مغرب ہی مغرب ہے تو یہ معاشرہ مغرب کے ہی خدا ہونے کا اعلان کیوں نہیں کردیتا؟ حقیقی خدا کو ماننے اور اس کے احکامات و ہدایات پر عمل کرنے کا نام نہاد جھوٹا لیبل کیوں لگا رکھا اپنے اوپر؟

ہمارے اسلاف بھی تو کامیاب ہوئے اپنے اپنے دور میں، انہوں نے تو مغرب کی طرف نہیں دیکھا تھا، بلکہ خدا کی قسم! مغرب ہمارے اسلاف کی طرف دیکھ کر کامیاب ہوا، اور ہم نے ذلت و رسوائی، خواری و ناداری دیکھی اور دردر کی ٹھوکریں کھائیں تو صرف ان کے اصولوں سے انحراف کر کے اور ان کے نقش قدم سے ہٹ کر چل کے۔ یہ اس دنیاکی زندگی کی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ جو قوم اپنے نصب العین اور مقصد زندگی کو پس پشت ڈال دیتی ہے ،ا س کے تقاضوں اور ضروریات کے مطابق طرز عمل اختیار نہیں کرتی اور اپنے اسلاف کے نقش قدم پر نہیں چلتی، اور ان کی کامیابیوں کے راز نہیں کھنگالتی اور ان کے حصول کیلئے کمربستہ نہیں رہتی، مسلسل جد وجہد اور سعی و حرکت نہیں کرتی تو اس کا صفحہ ہستی سے مٹ جانا اسی طرح یقینی ہوتا ہے جس طرح تیل ختم ہو جانے کے بعد چراغ کاگل ہوجانا یقینی ہوتا ہے ۔
ہمیں یہ درس دیتا ہے ہمیشہ شام کا سورج
کہ مغرب کی طرف آؤ گے تو ڈوب جاؤ گے

آج ہم یقینی طور پر ڈوب رہے ہیں، ہمارا معاشرہ زوال پذیر ہے، ہمارے اسلامی معاشرہ سے ہماری اپنی اسلامی روایات ناپید ہوتی چلی جارہی ہیں اور ہم میں مغربی کلچر و روایات فروغ پا رہی ہیں۔ ہمارے چہرے مغرب زدہ ہیں، ہمارے لباس مغرب زدہ ہیں، ہم مغرب جیسے بننا پسند کرتے ہیں۔ ہم نے اپنے دین اور اسلاف کی روایات کو ترک کر دیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج ذلت و رسوائی ہمارا مقدر ٹھہر چکی ہے-

Allah Bakhash Fareedi
About the Author: Allah Bakhash Fareedi Read More Articles by Allah Bakhash Fareedi: 102 Articles with 119034 views For more articles & info about Writer, Please visit his own website: www.baidari.com
[email protected]
اللہ بخش فریدی بانی و مدیر بیداری ڈاٹ کام ۔ ہ
.. View More