زنانی کی زبان

تحریر: انیلہ افضال، لاہور
آج کل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہے اور تقریباً ہر شوہر اپنی بیگم کو ثواب کی نیت سے بھیج رہا ہے۔ ویڈیو کچھ یوں ہے کہ ایک خاتون گاڑی میں بیٹھتے ہوئے اپنے شوہر نامدار سے کہتی ہیں کہ آپ ہی بتائیں کہ زنانی(عورت) آپ کا گھر سنبھالے، آپ کے والدین کو سنبھالے ، آپ کے بچے سنبھالے، آ پ کو سنبھالے ، آخر ایک زنانی کیا کیا سنبھالے؟ اور شوہر نامدار فرماتے ہیں کہ ’’زنانی صرف اپنی زبان سنبھالے‘‘۔(ویڈیو ختم) یعنی! سچ میں !زنانی اپنی زبان نہیں سنبھالتی۔

بچپن سے لے کر بڑھاپے تک اور پھر اپنی موت تک زنانی اپنی زبان کو بہت اچھی طرح سنبھالتی ہے۔ چھوٹی بچی کو کوئی اگر کچھ کہہ دے ، کچھ غلط سلط یا کچھ نازیبا تو نہ صرف اس بچی کی ماں خود اپنی زبان سنبھالتی ہے بلکہ بچی کو بھی یہی درس دیا جاتا ہے کہ ’’کسی سے کچھ مت کہنا ‘‘یعنی اسے زبان سنبھالنا سکھا دیا جاتا ہے۔ سکول کالج جاتے ہوے کسی اوباش ، چھچھورے نے کوئی آوازہ کسی تو زنانی نہ صرف وہاں اس جگہ اپنی زبان سنبھالتی ہے بلکہ گھر میں بھی باپ یا بھائی سے تذکرہ کرنے سے گریز کرتی ہے کہ مبادا کچھ اونچ نیچ ہوجائے۔ دفتر ہو یا بازار ، سڑک ہو یا بس ہر جگہ زنانی زبان سنبھال کر رکھتی ہے ۔ شادی ہو جائے تو ساس کے طعنے سننے کو ملیں یا شوہر صاحب کے نخرے اٹھانے ہوں ہر جگہ زنانی زبان سنبھالتی ہے۔

اگر مشترکہ خاندانی نظام ہو تو وہ قائم ہی اسی صورت میں رہ سکتا ہے جب زنانی زبان سنبھال کر رکھتی ہے۔ یہ جو کچھ شوہر حضرات کہتے پھرتے ہیں نا کہ میں نے تو بیوی کو جناب دبا کر رکھا ہے مجال ہے کہ اسے اتنی جرات ہو جائے کہ میرے گھر والوں کے خلاف کچھ بول جائے۔ تو ان کی خدمت میں عرض یہ ہے کہ آپ نے بیوی کو دبا کر نہیں رکھا اس کرموں والی نے زبان دانتوں تلے دبا کر رکھی ہے ورنہ اگر وہ آپ کے پیارے گھر والوں کے بارے میں کچھ بولے گی تو زیادہ سے زیادہ کیا ہو گا، پہلے آپ اسے ڈانٹ دیں گے پھر دو تھپڑ جڑ دیں گے مگر اس بیچ وہ اپنی بات کہہ چکی ہو گی دو، چار ،دس بار ایسا ہوگا مگر آہستہ آہستہ وہ باتیں آپ کے دل میں جگہ بنانے لگیں گی کیوں کہ اگر پانی کا قطرہ بھی مسلسل گرتا رہے تو پتھر میں بھی سوراخ ہو جاتا ہے یہ تو پھر آپ کا دل ہے _۔

شکریہ ادا کیجیے اپنی زنانی کا کہ اس نے زبان سنبھالی ہوئی ہے ورنہ آپ کے گھر والوں کا شمار ملائکہ میں نہیں ہوتا آپ کی بیوی کو بھی ان سے کچھ شکایات ہو سکتی ہیں، اسے بھی کسی کی بات بری لگ سکتی ہے اور وہ ایک عام مقولہ ہے’’ اگر عورتیں اپنی زبان بند نہ رکھیں (راز نہ رکھیں) تو مرد معاشرے میں سر اٹھا کر نہیں چل سکتا‘‘۔ بہرحال آج بھی بہت سے گھر اس لیے آباد ہیں کہ زنانی نے زبان سنبھالی ہوئی ہے۔ بہت سے خاندان جڑے ہوئے ہیں کیوں کہ زنانی اپنی زبان سنبھالتی ہے۔ بہت سے رشتے اس لیے قائم ہیں کہ ایک عورت اپنی زبان سنبھالے ہوئے ہے۔اچھائیاں برائیاں سب میں ہوتی ہیں نہ تومرد صرف خوبیوں کا مرقع ہے اور نہ ہی عورت صرف برائیوں کی ذمّہ دار ہے ۔ خدارا ! ہر وقت مذاق اڑانے اور عورت کو کم تر ثابت کرنے میں اپنی توانائیاں صرف کرنے کی بجائے اسے اس کا جائز مقام دیجئے اور یاد ہے نہ اماں حوا کے بنا باباآدم جنت میں بھی بے چین تھے۔

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1141527 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.