آگاہی کا سفر

میں بہت چھوٹی تھی تو اپنی دادی سے سنا کہ آگاہی ایک نعمت خداوندی ہے۔یہ جن لوگوں کو میسر ہوتی ہے وہ نصیب والے ہوتے ہیں ۔میں نے بچپن سے اپنی دعا کا ایک حصہ یہ دعا بنا لی۔
"یا اللہ مجھے آگاہی دے دے۔"
میں اس حقیقت سے بے خبر تھی کہ میں کیا مانگ رہی تھی ۔کاتب تقدیر پر تاسف نظروں سے مجھے گھورتا اور کہتا
اے خاکی ! تو کیا مانگتی ہے؟ کیا تو جانتی ہے کہ تو عرفان مانگتی ہے؟۔ کیا تو آگاہی کا بوجھ اٹھا پائے گی؟ تجھے اپنے پرائے سب پتھر مارینگے، تو یہ سب سہہ پائے گی؟
ایک قلندر سر دھنتا جاتا اور کہتا جاتا:
میں نے رب کو پالیا، اسی آگاہی کے دروازے نے مجھ کو رب سے ملا دیا۔
میں اس حقیقت سے بے خبر جائے نماز پر بیٹھ کر رٹو طوطے کی طرح راگ الاپتی رہتی:
مولا ! آگاہی سے ملاقات کروا دے۔
آج عمر کے اس موڑ پر کھڑے ہو کر پتا چلا کیا اوکھا سودا کیا میں نے، بڑی ضد کی ،رب تو ستر ماوں سے زیادہ پیار کرتا ہے ،وہ میرا ہاتھ کیسے جھٹک دیتا ،اس نے آگاہی کے در مجھ پر وا کردیے ۔وہ دن ہے اور آج کا دن ہے میں سوچتی ہوں اپنی اوقات سے کچھ زیادہ مانگ لیا۔کیا اب میں پھر بے پروا ہوسکتی ہوں؟
کیا اب میں آنکھیں بند کرکے ہونٹ سی کر دوبارہ سے وہی پرانی والی مونا بن سکتی ہوں۔دور کہیں سے ضمیر دیوانہ وار رقص کرتے ہوئے کہتا ہے:
پگلی! تجھے اب اس بات کی رمز سمجھ آئی۔"جب سے تو نے مجھے دیوانہ بنا رکھا ہے، سنگ ہر شخص نے ہاتھوں میں اٹھا رکھا ہے۔"
میں الوک نگری میں گم ، مہر بلب خاموشی سے ضمیر کا رقص دیکھتی ہوں۔
میں پھر اپنے آپ کو زندگی کے پلیٹ فارم پر کھڑے پاتی ہوں، میری ٹرین آئی میں اس میں بیٹھی، منظر بدلتے ،اسٹیشن آتے جاتے ، مسافر چڑھتے اترتے دیکھتی ہوں۔میں حیران ہوں، متحیر ہوں ، میرا اشتیاق بڑھتا ہے مگر انہونی کا خوف میرے اشتیاق کے قدموں میں بیڑیاں ڈال دیتا ہے۔ میں واپسی کا سفر شروع کرتی ہوں ، دور سے کوئی سورہ رحمان کی آیات کی تلاوت کررہا تھا۔ میں اس کے پیچھے پیچھے فبائی الاء ربکما تکذبان دہراتی ہوں۔آگاہی بھی ایک نعمت خداوندی ہے ،فگار انگلیاں ہیں تو کیا ، مجھے نظر تو آتا ہے سب کچھ۔
مجھے سمجھ تو آتا ہے سب کچھ ۔ میں پھر ایک شوق سے قلم تھام لیتی ہوں۔میں نے جستجو کی ، میں نے پا لیا، میں نے در کھٹکھٹایا تو سہی۔ آپ کے لئے آگاہی کا سفر کیا ہے؟
 

Mona Shehzad
About the Author: Mona Shehzad Read More Articles by Mona Shehzad: 168 Articles with 281045 views I used to write with my maiden name during my student life. After marriage we came to Canada, I got occupied in making and bringing up of my family. .. View More