مسجد میں لائبریری ‘ گھر میں لائبریری بنائیں گھر کو جنت بنائیں

مسجد میں لائبریری ‘ گھر میں لائبریری بنائیں گھر کو جنت بنائیں
پشین ، بلوچستان کے محمد نبی کی تحریک

گھر میں لائبریری کی بات تو کوئی نئی نہیں ، ذاتی لائبریری اور ذخیرہ کتب کا شوق عام سے بات ہے اور اس موضوع پر گفتگو ہوتی ہی رہی ہے۔ 25دسمبر2018ء کی صبح فون موصول ہوا آواز بتا رہی تھی کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والا کوئی فرد بات کررہا ہے۔کہا کہ ’میرا نام محمد نبی ہے میرا تعلق کوئٹہ سے ہے میں لائبریریاں بناتا ہوں ، مختلف مساجد ، اسکول اور مدارس میں۔ کراچی آیا ہوا ہوں آپ سے لائبریری کے حوالے سے خواہش ہے آپ سے ملاقات کی۔ اگر موقع فراہم کیا جائے‘۔بعد نماز عصر وقت طے ہوا۔ محمد نبی اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ میرے گھر پہنچ گئے۔ کہا کہ ہم بلوچستان کے شہر پشین میں رہتے ہیں، کتب اور کتب خانوں سے محبت ہے، اپنے علاقے کی 11مجدوں ، 15

پرائیویٹ اسکولوں اور 150گھروں میں لائبریریاں قائم کر چکے ہیں۔ ان کی یہ باتیں سن کر مجھے تجسس ہوا کہ چلیے مسجد میں بھی لائبریری قائم کی جاسکتی ہے اور ہوتی بھی ہیں، یہاں پاکستان میں نہیں بلکہ سعودعرب میں مسجد میں لائبریری موجود ہوتی ہے۔ دینی مدارس میں بھی کتب خانے موجود ہیں، پرائیویٹ اسکولوں میں بھی کتب خانے پائے جاتے ہیں۔ میں نے معلوم کیا کہ آپ نے گھروں میں 150کتب خانے کیسے قائم کیے۔ وضاحت کی کہ ہم اپنے علاقے میں اس بات کا مقابلہ کراتے ہیں کہ کس کے گھر میں کتنا بڑا کتب خانہ ہے پھر بڑے اور اچھی کتب کے حامل گھر کو انعام بھی دیتے ہیں۔اس طرح پشین کے لوگ رفتہ رفتہ کتابوں سے محبت اور اپنے گھروں میں کتب خانے قائم کرنے کی جانب آرہے ہیں۔

محمد نبی نے ایک کتابچہ عنایت فرمایا جو انہوں نے تحریر کیا اور ہزاروں کی تعداد میں وہ یہ کتابچہ لوگوں میں مفت تقسیم کرچکے ہیں۔ اس کا موضوع ہے ’’تعمیر معاشرے میں امام مسجد کا کردار، جس میں امام مسجد کے لیے درس قرآن ، درس حدیث ، مسجد میں بچوں کی پڑھائی کا نیا نصاب، تعلیم بالغان اور مسجد میں اسلامی لائبریری بنانے کے طریقہ کار کو شامل کیا گیا ہے‘‘۔ محمد نبی نے بتا یا کہ اس کے اپنے گھر کی لائبریری کئی ہزار کتب پر مشتمل ہے ۔ اس لائبریری کا نام ’’فاروق اعظمؓ لائبریری لمٹران پشین ‘‘ ہے۔ اس کتابچہ کے سر ورق پر چار کتب خانوں کے نام بھی درج ہیں ان میں البلالؓ لائبریری جامع مسجد البلاؓ لمٹران پشین، بیت الحکمت لائبریری مکی مسجد ، نیو کلی تورہ شاہ پشین، دعوت اصلاحیہ لائبریری، جامع مسجد فیض آباد، پشین اور فروقیہ لائبریری جامع مسجد الخالق مچان ، پسین۔ اپنے اس مضمون میں محمد نبی نے امام مسجد کے لیے کچھ تجاویز تحریر کی ہیں جن میں درس قرآن مجید، درس حدیث، تقہی (دینی و شرعی ) مسائل کا بیان، جمعہ کا بیان، مکت (مسجد میں بچوں و بچیوں کی پڑھائی جس میں انہوں ایک نصاب بھی تشکیل دیا اور تجویز دی کہ مام مسجد ی نصاب ترتیب واار بچوں کو پڑھائیں، تعلیم بالغان (مسجد میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کرنا)، مسجد میں دار المطالعہ اور لائبریری کا قیام اور حالات حاضرہ پر نظر اورمطالعہ کتب شامل ہے۔ کتابچہ میں درج تمام ہی باتیں تعمیر معاشرے کے لیے اہم ہیں بشرط کہ ان پر عمل کیا جائے۔

محمد نبی نے بتا یا کہ وہ یہ تحریک کہ مسجد میں لائبریری اور ’گھر میں لائبریری کیسے بنائیں ، گھر کو جنت کیسے بنائیں ‘، پر تن تنہا عمل پیرا ہیں ۔ شخص واحد نے پشین جیسے شہر میں مسجدوں، مدرسوں ، پرائیویٹ اسکولوں اور لوگوں کے گھروں میں لائبریری قائم کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ میرا کہنا ان سے یہ تھا کہ جب آپ تنہا اتنا کچھ کرسکتے ہیں اگر اس تحریک کو کارواں بنا دیں ، اپنے جیسے احباب کو اپنے ساتھ شامل کر لیں تو یہ تحریک اور زیادہ کامیاب ہوگی۔ محمد نبی نے بتایا کہ وہ اسلامیات اور علم سیاسیات میں ماسٹر ز کرچکے ہیں ، اس کے علاوہ دینی مدارس کی کتب بھی پڑھ چکے ہیں۔ ملازمت کرتے ہیں۔ کتاب سے محبت اور کتب خانوں کا قیام ان کا شوق ہے۔ وہ یہ سب کچھ اپنے شوق کی تکمیل کے لیے کر رہے ہیں۔ ہم تو انہیں کچھ مشورہ ہی دے سکتے تھے سو دیے ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں وہ جوکچھ کر رہے ہیں معاشرے میں سدھار لانے کی ایک کوشش ہے اللہ انہیں اس مقصد میں کامیاب و کامران کرے۔

 

Prof. Dr Rais Ahmed Samdani
About the Author: Prof. Dr Rais Ahmed Samdani Read More Articles by Prof. Dr Rais Ahmed Samdani: 868 Articles with 1471974 views Ph D from Hamdard University on Hakim Muhammad Said . First PhD on Hakim Muhammad Said. topic of thesis was “Role of Hakim Mohammad Said Shaheed in t.. View More