ماں کے لاڈلے

تحریر۔ گلناز فیروز خان، پشاور
میں اپنے چچا کے ہمراہ کل رات نارتھ ویسٹ ہسپتال جارہی تھی۔ شہر خاموش پڑا تھا ۔وہ شہر جو صبح کے وقت ہزاروں مزدوروں کو اپنے دل میں جگہ دیتا ہے ابھی خود سو چکا تھا ۔کپکپاتی سردی دلوں کو چیر رہی تھی تو دوسری طرف رات بھی اب و تاب پر تھی ۔خاموشی نے پورے شہر کو اپنے لپیٹ میں لے لیا تھا۔ تاریکی آسمان کے وسعتوں کو چوم رہی تھی۔ہر طرف خاموشی بانہیں پھیلا چکی تھی۔ خیر ہم جیسے تیسے ہسپتال پہنچے۔ ڈاکٹر نیاز علی اپنے دوسرے مریضوں کے ساتھ تھے ۔انکل کی تو سرجری ہوئے دوسرا مہینہ ہے اس لیے ہم محض چیک اپ کے لئے گئے تھے۔تقریبا گھنٹہ انتظار کے بعد ہماری باری آئی۔ چند منٹ باتیں ہوئیں پھر دو تین ٹیسٹ کروائے اور ڈاکٹر صاحب نے کچھ ضروری ہدایات دیں۔ اب ہم فارغ ہو چکے تھے۔ ہسپتال سے پارکنگ کی طرف آرہے تھے تو ایک خوبصورت جوان جو چہرے سے لگ بھگ بائیس سے پچیس سال کا لگ رہا تھا میری گاڑی کے ساتھ زمین پر بیٹھا تھا۔ اتنی سردی تھی کہ میں سویٹر میں سردی کی شدت کو محسوس کر رہی تھی مگر وہ دنیا و مافیا سے بے خبر ہاتھ میں سگریٹ لئے بیٹھا تھا۔ انکل نے میری طرف دیکھ کر کہا یہ پوڈری ہے ۔ہیروئن وغیرہ لے رہا ۔میں بہت افسردہ ہوئی اور گاڑی کی طرف بڑھی۔ خیر ہم محو سفر ہوئے۔ ابھی پارکنگ سے نکلی ہی تھی کہ ایک نوجوان گاڑی کے سامنے آیا اور بہت عاجزی سے مجھ سے کچھ پیسے مانگنے لگا۔ میرے پاس پچاس روپے تھے دے دیے۔ جوں جوں میں نے نظر دوڑائی میں نے صرف کتوں کو اور فٹ پاتھ پر ایسے بہت سے نوجوانوں کو پایا جو اپنی ہی دنیا میں مست تھے۔ میں انکل سے کہنے لگی ابو چچا یہ لوگ کیوں ڈرگ لے رہے ہیں؟؟؟ کیا یہ لوگ بھی ساغر صدیقی کی طرح شاعر ہیں؟؟؟ محبوب کی بیوفائی کی وجہ سے یہ لوگ خود کو اذیت دے رہے ہیں؟؟؟ یا کسی اور صدمے کی وجہ سے یہ لوگ اپنی زندگی کو خود پر مختصر کر رہے ہیں؟ وہ کہنے لگے بیٹا یہ ماں کے لاڈلے بچے ہیں۔ یہ وہ بچے ہیں جن کو ماں سردی کی وجہ سے سکول نہیں بھیجتیں تھیں۔ بارش کی وجہ سے یہ لوگ مکتب سے غیر حاضر ہوتے تھے ۔یہ وہ لوگ ہیں جو پانچ چھ بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کی ماؤں نے منت سماجت کر کر کے ان کو اﷲ سے مانگا ۔میں ان کی بات سمجھ چکی تھی. حیات آباد رات کو بہت پر خوف اور خاموش منظر پیش کر رہا تھا۔ سڑک بالکل سنسان تھی مگر جگہ جگہ پر چادر اوڑھے نوجوان کسی ضروری مقصد کے لیے دنیا کو چھوڑ کر ایک کونے میں بیٹھے تھے۔ نشے میں ایسے غرق کہ نہ رات کا خوف تو نہ ہی سردی کاکوئی احساس۔ میں خود اس سوچ میں گم تھی کہ پتہ نہیں یہ لوگ کیوں اپنی زندگی کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ یہ بھی کسی کے بیٹے ہونگے تو کسی کے بھائی۔ ان کو تو چھوڑیں، ان کی ماؤں پر کیا بیت رہی ہوگی ؟ان کی بہنیں کیا سوچیں گی کہ ان کے بھائی کدھر ہیں؟ کیا ان کے گھر کے دروازے ان کے لئے کھلے ہوتے ہیں؟ کیا ان کے لئے کھانے کا انتظام کیا جاتا ہے جیسے ہم اپنے بھائیوں کے لیے کرتی ہیں؟ کیا ان کے لئے گرم بستر بچھائے جاتے ہیں؟ کیا ان کے والدین ان کو مس نہیں کرتے کیا کبھی یہ لوگ گھر بھی آتے ہیں؟ اگر آتے ہیں تو کیا کوئی مضبوط حوصلے والی بہن ان کو بھائی کہہ کر پکارتی ہے؟ ان کی ماں کیا جی بھر کر اپنے لخت جگر کو دیکھ لیتی ہے؟ کیا ان کے تذکرے کیے جاتے ہیں؟

M.H BABAR
About the Author: M.H BABAR Read More Articles by M.H BABAR: 83 Articles with 65050 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.