َٹھرَک کا کاروبار

جن لوگوں نے یہ ملک بنایا تھا وہ بڑے عظیم لوگ تھے۔ لیکن جو ان کے وارث تھے آپ کے اور میرے بڑے۔ یہ وہ لوگ ھیں(سارے نہیں لیکن اکثر) جنہوں نے اس ملک کا بیڑا غرق کر دیا۔ ملک کو چھوڑ کر اپنے ایجنڈوں میں الجھ گئے اور نتیجتا ً اپنے ساتھ ساتھ ملک کا بھی ستیا ناس کر دیا۔ ان لوگوں نے نہ ورثے کی حفاظت کی اور نہ کچھ کمایا، اس لئے اگلی نسل کو بھی کچھ نہ منتقل کر سکے۔ ان کے کارنامے بہت لمبے ھیں لیکن آج کا موضوع ٹھرک کا کاروبار ھے جو ان ھی لوگوں میں سے موجودہ نسل کو منتقل ھوا ھے، آج بھی اس کاروبار میں زیادہ حصہ ان لوگوں کا ھے اور اب کافی بڑھتا نظر آ رھا ھے۔ اس کاروبار کے کرنے والے مختلف لوگوں کی چند قسمیں درج ذیل ھیں۔

1۔ بوڑھے لوگوں کا بہت احترام ھے اور ان کی بے شمار برکتیں ھیں لیکن سارے بوڑھے ایک جیسے نہیں۔ اچھوں کے گمان میں برے بوڑھوں کا شکار ھونا اور برے بوڑھوں کے چکر میں اچھے بوڑھوں کی برکت سے محروم ھونا دونوں ھی نقصان دہ عمل ھیں۔

2۔اور ان بوڑھوں میں سے کچھ کچھ لوگ بڑی کامیابی سے اپنے بڑھاپے کی آڑ میں ٹھرک کا کاروبار کرتے ھیں اور اپنے بڑھاپے اور ظاھری بزرگی کی وجہ سے کبھی پکڑے نہیں جاتے ۔ یہ وہ لوگ ھیں جو کسی بھی لڑکی کو بیٹی سمجھ کر پیار ضرور دیتے ھیں اور ان کا پیار سر پر ھاتھ رکھنے سے شروع ھوتا ھے اور سر سے بیٹی کی کمر پر اس وقت تک نیچے جاتا رھتا ھے جب تک بیٹی کا اس ٹھرک سے آگاہ ھونے کا خطرہ نہ پیدا ھو جائے اور یہ بیٹیاں ایسی ھوتی ھیں کہ کسی دوسرے مرد کی نگاہ غلط کو بھی فورا ً محسوس کر لیں لیکن بابا جی کے احترام کے چکر میں کچھ سمجھ نہیں پاتیں۔

3۔ لڑکی زیادہ بھولی ھو تو بابا جی ایک کندھے پر ھاتھ رکھ کر اپنے جسم سے لپٹا کر بھی ٹھرک دیتے ھیں یعنی پیار دیتے ھیں۔

4۔اور جہاں یہ سب ممکن نہ ھو اور خاتون اپنی عمر کی یا شادی شدہ ھو تو کچھ مرد حضرات وھاں باجی باجی کہہ کے احترام کے جھانسے میں باتوں اور نظروں سے ھی اپنی ٹھرک پوری کرنے پر اکتفا کرتے ھیں۔

5۔ اور کم عمر کے ٹھرکی لڑکوں کو بھونڈ بھی کہتے ھیں۔ یہ وہ صاحبان ھیں جو سکولوں اور کالجوں سے چھٹی کے وقت لڑکیوں کو تاکنے جھانکنے کو اپنا فرض سمجھ کر پہنچ جاتے ھیں اوراسی تاکنے جھانکنے میں ان کا ٹھرک کا نشہ پورا ھو جاتا ھے۔

6۔ انٹرنیٹ پر ٹھرکی لڑکے چیٹ کرنے کیلئے ھر وقت لڑکیاں ھی تلاش کرتے رھتے ھیں۔ اور اس تلاش میں اگر چیٹ رومز میں کوئی لڑکا مل جائے تو یہ فورا ً سے بھی پہلے اسے چھوڑ کر بھاگ جاتے ھیں۔ ایسے لوگ فحش سائٹوں کو بڑی باقائدگی سے وزٹ کرتے ھیں اور ایسے لوگوں نی ھی انٹرنیٹ کو بدنام کر رکھا ھے۔

7۔ موبائل ٹھرکی وہ ٹھرکی ھیں جو اپنے روزمرہ وقت کا بہت سارا حصہ لڑکیوں کے فون نمبرز اکٹھے کرنے اور پھر ان کو میسج کرنے میں گزار دیتے ھیں۔

8۔ ایسے مرد تو آپ نے ضرور دیکھے ھوں گے جو اپنے دوست کی بیوی کی گھر آمد پر اپنے دوست کی بیوی کی اتنی خاطر مدارت کرتے ھیں، اس کے سامنے بڑھ بڑھ کر چیزیں رکھنے میں اور اس کا حال پوچھنے میں اتنے منہمک ھوجاتے ھیں کہ انھیں یہ خیال ھی نہیں رھتا کہ یہ کام تو ان کی بیوی کو کرنا تھا اور یہ بھی بھول جاتے ھیں کہ انھیں دوست کا بھی حال پوچھنا ھے۔

افسوس کی بات ھے کہ ان ٹھرکیوں کا سارا کاروبار مردوں ھی کی غفلت کی وجہ سے چلتا ھے۔ مثلا ً اگر کسی کی بیٹی بہن یا بیوی کو کوئی بابا بڑھ بڑھ کر میری بیٹی کے نعروں کے ساتھ سر سے نیچے تک اپنے ھاتھ سے پیار دے رھا ھے۔ تو میرے چند دوستوں کے نزدیک قصور تو اس بہن بیوی یا بیٹی کے ساتھ والے مرد کا ھی گنا جائے گا۔ اس کڑوے سچ کو سمجھنا بھی ایک ضرورت بن گیا ھے اور تا کہ اپنے گھروں کی بھولی عورتوں کو ایسی گندگی سے دور رکھا جا سکے۔
Mohammad Owais Sherazi
About the Author: Mohammad Owais Sherazi Read More Articles by Mohammad Owais Sherazi: 52 Articles with 118297 views My Pain is My Pen and Pen works with the ink of Facts......It's me.... View More