تحریر: راحیلہ بنت مہر علی شاہ
رات کے دو بج رہے تھے۔ پورا شہر خواب خرگوش کے مزے لے رہا تھا۔ وہ بھ بے
خبر سورہا تھا کہ اچانک بہت پیاس لگنے لگی۔ پاس پڑے پانی کے جگ کو اٹھاکر
دیکھا تو وہ خالی تھا۔ایک بار سوچا کہ ایسے ہی دوبارہ سو جائے لیکن پیاس
زور کی لگی تھی۔ تو مرتا کیا نہ کرتا کے مصداق اٹھا اور ڈرتے ڈرتے کچن میں
چلا گیا۔ اچانک پڑوسیوں کا کتا زور سے بھونکا اور اس کا دل اچھل کر حلق میں
آگیا۔ ڈرتے کانپتے پانی کے کولر سے گلاس میں پانی انڈیلااور وہیں کھڑے کھڑے
پینے ہی والا تھا لیکن ابھی گلاس منہ سے لگایا ہی تھا کہ اچانک دروازے کی
جانب نگاہ اٹھی اور اس کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔
منہ کی جانب اٹھا گلاس ہاتھ سے چھوٹ کر فرش پر گرا اور چکناچور ہوگیا۔ مارے
گھبراہٹ کے وہ بری طرح کانپنے لگا کیا کرے اور کیا نہ کرے کے بیچ پھنسا ہوا
تھا اس نے چیخنے کی کوشش کی مگر منہ سے آواز نہ نکل سکی آنکھیں بند کرکے
بری طرح کانپ رہا تھا۔ وہ کوئی جن تھا یا بھوت لیکن جو بھی تھا بہت ڈراؤنا
تھا۔ آنکھوں سے شعلے سے لپکتے محسوس ہورہے تھے آنکھیں بند کیے پسینے میں
شرابور وہ بری طرح سسک رہا تھا۔ امی، ابو اور دادی کو آواز دینے کی بہت
کوشش کی لیکن باوجود بہت کوشش کے منہ سے آواز نہ نکل سکی اور اچانک ہی اس
کی آنکھ کھلی۔
’’کیا ہوا میرے بچے‘‘؟ دادی ہاتھ میں تسبیح لیے اس کے سرہانے بیٹھتی ہوئی
بولیں وہ اٹھا دادی کی گود میں سر رکھ کر لیٹ گیا اور اپنا پوراخواب سنادیا۔
کچھ لمحے سوچتے ہوئے دادی بولنے لگیں، ’’بیٹا! کیا آپ کو پتاہے کہ کھڑے
ہوکر پانی پینا کتنا گناہ ہے‘‘؟ ہمارے پیارے نبیﷺ کا ارشاد مبارک ہے،
’’حضرت ابوہریرہ ؓسے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا، ’’تم میں سے کوئی
شخص ہرگز کھڑے ہوکر پانی نہ پیے اور جو بھول کر پی لے تو اسے چاہیے کہ وہ
اس کو قے کردے‘‘۔ (مسلم)
ایک اور روایت میں جس کے راوی بھی حضرت ابوہریرہؓ ہیں فرماتے ہیں، ’’ ایک
شخص آپﷺکی خدمت میں آیا جو کھڑے ہوکر پانی پی رہا تھا آپﷺ نے اِرشاد فرمایا
کہ قے کردو۔ اس نے پوچھا کس وجہ سے؟آپﷺنے اِرشاد فرمایا کہ تمہارے ساتھ بلی
پانی پیے کیا تم پسند کروگے؟ اس نے کہا نہیں، تو آپﷺنے فرمایا اس سے زیادہ
برا یہ ہے کہ شیطان نے تمہارے ساتھ پانی پیا ہے‘‘۔ بیٹا مجھے لگتا ہے تم نے
یہ خواب اس لیے دیکھا کیونکہ تم ہمیشہ کھڑے ہوکر پانی پیتے ہو اور یہ خواب
تمہارے لیے تنبیہہ ہے۔ کھڑے ہو کر پانی پینے کی ہمارے پیارے دین اسلام میں
سخت ممانعت ہے۔ بیٹا کبھی بھی کھڑے ہوکر پانی نہیں پینا چاہیے ہمیشہ بیٹھ
کر اور سیدھے ہاتھ سے پینا چاہیے دادی نے پیار سے نصیحت کرتے ہوئے کہا۔ میں
وعدہ کرتا کہ آج کے بعد ہمیشہ بیٹھ کر اور سیدھے ہاتھ سے پانی پیوں گا اس
نے ایک عزم سے کہا اور دادی نے محبت سے اسے گلے سے لگالیا۔ |