زندگی گزارنے کے لیے ایک اچھے شریک حیات کی ضرورت ہوتی ہے
جس کی تلاش کئی دنوں تک جاری رہتی ہے ۔ اور اگر شریک حیات کا انتخاب والدین
کرلیں تو اس سے بہتر کچھ ہوہی نہیں سکتا کیونکہ والدین ہمیشہ اس فرد کا
انتخاب ہی ہمارے لیے کرتے ہیں جو ہمارے اور ہمارے خاندان کے لیے بہتر ثابت
ہو۔ شادی ایک دو دن کی بات نہیں ہوتی یہ پوری زندگی کا فیصلہ ہوتا ہے اس
لیے درست شریک حیات کا انتخاب نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ والدین ہمارے
لیے شریک حیات کا انتخاب کرتے وقت چند باتوں کا خاص خیال رکھتے ہیں جن کا
ہمیں آنے والی نئی زندگی میں بےانتہا فائدہ پہنچتا ہے۔
|
|
باہمی احترام
کسی بھی رشتے کو کامیاب بنانے کے لیے ایک دوسرے کا احترام لازمی ہے ۔ ایسے
ہی شادی جیسے رشتے کے لیے بھی احترام ایک ضروری بنیاد ہے۔ جس کے بنا یہ
رشتہ کامیاب نہیں ہوسکتا ہے۔ احترام صرف میاں بیوی کے درمیان ہی نہیں بلکہ
ایک دوسرے کے والدین اور خاندان والوں کے ساتھ ہونا بھی ضروری ہے ۔ جس میاں
بیوی کے درمیان عزت و احترام کا تعلق نہ ہو تو یہ نہ صرف انکے تعلق کو خطرے
میں ڈالے گا بلکہ ان کے خاندان کے تعلقات کو بھی خطرے میں ڈالے گا۔ اسی وجہ
سے اگر میاں بیوی کے درمیان عزت و احترام کی کمی ہوتی ہے تو والدین کے
سمجھانے سے یہ شکایت بھی دور ہوجاتی ہے۔ لیکن یہ اسی صورت ممکن ہوتا ہے جب
آپ نے والدین کی مرضی سے شادی کی ہو- پسند کی شادی میں ہر چیز کے ذمہ دار
آپ خود ہوتے ہیں-
والدین کی مداخلت
شادی والدین کی پسند سے کی جائے اور کئی وجوہات کی وجہ سے میاں بیوی کے
درمیان لڑائی اور بحث ہوجائے تو سب سے پہلے اس لڑائی میں والدین مداخلت
کرتے ہیں اور اس لڑائی اور بحث کو ختم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تاہم اگر شادی آپ نے اپنی پسند سے کی ہے تو پھر والدین کے لیے یہ لڑائی ختم
کروانا کسی حد تک مشکل ہوتا ہے کیونکہ والدین بھی آپ کے اس نئے رشتے کے
حوالے سے الجھن کا شکار ہوتے ہیں-
والدین کی سرپرستی
والدین عام زندگی کے حوالے سے بہت زیادہ تجربہ اور علم رکھتے ہیں جس میں
دونوں طرح کی شادیاں بھی شامل ہوتی ہیں- لیکن اگر شادی والدین کی مرضی سے
ہو تو وہ تمام معاملات پر قابو بھی رکھ سکتے ہیں اور کسی بھی سطح پر
معاملات بگڑنے نہیں دیتے- والدین کی سرپرستی آپ کی شادی کی کامیابی ضمانت
ہوتی ہے-
|
|
خاندان والوں سے تعلقات میں مضبوطی
ارینج میرج میں دونوں خاندانوں کی جانب سے جوڑے کے بھرپور اعتماد اور محبت
حاصل ہوتی ہے- بالخصوص لڑکی کے لیے یہ محبت اور اعتماد انتہائی ضروری ہے
کیونکہ وہ اپنے والدین کا گھر چھوڑ کر سسرال جارہی ہوتی ہے- اور جب اسے یہ
محبت ملتی ہے تو وہ خود کو پرسکون محسوس کرتی ہے اور جلد ہی خود کو نئے
ماحول میں ڈھال لیتی ہے-
سماجی مطابقت
عام طور پر والدین آپ کے لیے ایسے شریکِ حیات کا انتخاب کرتے ہیں جو آپ کے
معاشی پسِ منظر اور ثفافت سے مطابقت رکھتا ہو- بعض اوقات شریکِ حیات یا
دونوں خاندانوں کے درمیان معاشی عدم توازن کئی مسائل کو جنم دے دیتا ہے اور
ازدواجی زندگی مشکل ہوجاتی ہے- معاشی اور سماجی مطابقت ازدواجی زندگی کو
آسان بنا دیتی ہے- زیادہ تر پسند کی شادیاں اسی عدم توازان کی وجہ سے ناکام
ہوتی ہیں کیونکہ پہلے ساری توجہ صرف محبت پر ہوتی ہے-
دونوں خاندانوں میں دوستانہ ماحول
ارینج میرج میں شادی کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے متعدد مسائل سے چھٹکارا حاصل
ہوجاتا ہے اور کسی قسم کا تنازعہ کھڑا نہیں ہوتا- اس کی وجہ یہ ہے کہ دونوں
خاندان پہلے سے ہی ایک دوسرے کے جانتے ہوتے ہیں اور ایک دوسرے کے رسموں و
رواج سے بخوبی واقف ہوتے ہیں- عموماُ یہ تنازعات جوڑوں کو بھی دباؤ شکار
بنا دیتے ہیں اور اس کے منفی اثرات شادی کی بعد کی زندگی پر بھی مرتب ہوتے
ہیں-
|