ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ پاکستانیوں نے اپنے فوجی
جوانوں پر گل پاشی کی ہو یا انہیں سلیوٹ پیش کیا ہو بلکہ اس طرح کی محبت کے
جذبات وقتا فوقتا سامنے آتے رہتے ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام کے
دلوں میں پاک فوج کے لئے گہری محبت اور عقیدت پائی جاتی ہے اور کیوں نہ ہو
پاکستانی فوج ہر مشکل اور مصیبت کی گھڑی میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح
پاکستان کی حفاظت کرتی ہے۔ پاکستانی عوام اور افواج کا یہ رشتہ اس جنگی
ماحول میں اور مضبوط ہو جاتا ہے۔ گویا دشمن کے مذموم اور نا پاک ارادے اسی
وقت ملیامیٹ ہو جاتے ہیں جب اہل وطن تمام اختلافات بھلا کر ہم آہنگی اور یک
جہتی کی فضا قائم کرتے ہیں۔ پاکستانی افواج نے ہر موقع پر ثابت کیا ہے کہ
ملکی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔ ہماری فوج کا شمار دنیا کی بیس طاقتور ترین
افواج میں کیا جاتا ہے۔ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان ایسی سرزمین پر واقع
ہے جہاں جنگ کے خطرات ہر وقت منڈلاتے رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ مسلح افواج کو
ہر وقت چوکس رہنا پڑتا ہے۔ پاکستان کی تاریخ افواج پاکستان کی لازوال
قربانیوں اور کارناموں سے بھری پڑی ہے آج دہشتگردی کے خلاف جنگ میں دنیا
پاکستان کے کردار کو سراہنے پر مجبور ہے اور اس مقام تک پہنچانے کا سہرا
بھی پاک فوج کی بہادری کا شاخسانہ ہے۔ جنگی صورتحال ہو یا سیلاب اور زلزلے
جیسی قدرتی آفات پاک فوج اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانا جانتی ہے۔ ہر
پاکستانی فوجی جرات اور بہادری کی عظیم مثال ہے پاک فوج کی قابلیت کا
اعتراف ساری دنیا میں کیا جاتا ہے پاکستانی فوج کی بڑی تعداد اقوام متحدہ
کی امن فوج میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہے۔ پاکستانی افواج کی
ان اعلی پائے کی خدمات کو ایک مضمون میں سمونا بوند میں ساگر بند کرنے کے
مترادف ہے۔ مختصرا یہ کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔اور حالیہ واقعات میں ہر
پاکستانی نے کسی نہ کسی طرح اس بات کا اظہار کیا ہے۔ بحرحال ان الفاظ کو
تحریر کرنے اور عملی طور پر انکا اطلاق کرنے میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
ہماری فوج ہمارے لئے اس سے کہیں ذیادہ کر رہی ہے۔ ہم میں سے آدھے سے ذیادہ
پاکستانیوں کو نیند سے بیدار ہو کر اطلاع ملی کہ بھارتی جہاز ہماری فضائی
حدود میں داخل ہوئے اور ہم نے انہیں ڈرا کر بھگا دیا اس کہ باوجود لوگوں نے
اس بات پر بلاوجہ غصہ کا اظہار بھی کیا حالانکہ یہ تو شیر کے شکار کرنے کا
طریقہ ہے وہ اپنے شکار کو بھاگنے کا پورا موقع دیتا ہے۔ اس یقین کے ساتھ کہ
اپنی طاقت سے وہ اسے جلد ہی زیر کرلے گا۔ اور پھر ایسا ہی ہوتا ہے اور ایسا
ہی ہوا۔ اگر ایک دن بچ کر نکلنا بھارت اپنے لئے غنیمت جان لیتا تو دوسرے دن
پھر حملے کی ہمت نہ کرتا مگر مودی کو کون سمجھاتے الیکشن جیتنے کی لالچ نے
سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے ہی محروم کردیا ہے اسی لیے اب پاکستان کے لیے
اینٹ کا جواب پتھر سے دینا لازمی تھا بھارتی طیارے گراکر اور بھارتی پائلیٹ
کو زندہ گرفتار کرکے ہماری فوج نے مودی کا مشن تو خاک میں ملایا ہی ساتھ
ساتھ ایک بار پھر اپنی عوام کا سر فخر سے بلند کردیا۔ بھارت صرف اعداد
وشمار سے ہماری فوجی طاقت کا اندازہ لگانے کی کوشش کرتا ہے اور کرتا رہے گا
مگر وہ اس چیز سے ناواقف ہے کہ جذبہ ایمانی ہماری اصل قوت ہے اسی جذبے کی
وجہ سے ہمارا ایک ایک فوجی انڈیا کے کئ فوجیوں پر بھاری ہے۔ ہمارے لئے یہ
پاک و ہند جنگ نہیں بلکہ حق و باطل کا معرکہ ہے۔ اور اس معرکے میں پاکستانی
عوام اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اسکے باوجود بھارتی پائلیٹ کو رہا
کرکے ہم نے امن پسندی کا پیغام دیا جنگیں مسئلوں کا حل نہیں ہوا کرتیں
بھارت کے سر پر پہلے ہی لاکھوں کشمیریوں کا خون ناحق ہے۔ کاش بھارت عقل کے
ناخن لے اور سنجیدگی سے سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کوشش کرے مگر جنگ کی
خواہشمند بھارتی حکومت امن کے مذاکرات کا کبھی خیر مقدم نہیں کرےگی حالانکہ
دنیا اس بات سے واقف ہے کے جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا پاک بھارت
کشیدگی برقرار رہےگی اور بھارت کشیدگی کا خاتمہ کرنا ہی نہیں چاہتا اسی لئے
اپنے فوجی کی رہائی کے باوجود بھارت نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی برقرار
رکھی ہوئی ہے مگر اس محاذ پر بھی بھارت ہمارے فوجیوں کی اخلاقی اقدار کا
مقابلہ نہیں کرسکتا بھارتی بزدل فوج ہماری شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہیں
جبکہ جوابی کاروائی میں ہماری فوج بھارتی فوج کی چوکیوں ہر حملہ کرتی ہے
کیونکہ نہتے شہریوں پر حملہ کرنا ہماری فوج کی روایت نہیں ہے۔ انڈیا کا
جنگی جنون نہ جانے کب ختم ہوگا اور کشمیر اور بارڈر کے قریب رہنے والے
مسلمان نہ جانے کب تک اسکے ظلم کا نشانہ بنتے رہیں گے مگر سلام ہے ہماری
تینوں مسلح افواج پر کہ بھارتی جارحیت کا دیدہ دلیری سے مقابلہ کرتے ہیں۔
ورنہ بھارت اس سے کہیں ذیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے مگر ہماری
افواج کی بروقت کاروائی اسے واپس پیچھے دھکیلنے پر مجبور کردیتی ہے۔ اللہ
پاک ہمارے فوجیوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ہمارے ملک کو تا قیامت
سلامتی عطا فرمائے۔ آمین۔ پاکستان زندہ باد۔ |