دنیا کی امیر ترین خواتین اور مہنگی ترین طلاق

دنیا کے امیر ترین شخص اور ان کی بیوی کی طلاق کا اعلان ہوا تو بڑی رقم تو بیچ میں شامل ہونی ہی تھی۔ اس ہفتے ایسا ہی ہوا جب ایمازون کے بانی جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ مکینزی نے اپنی علیحدگی کی شرائط پر اتفاق کیا۔
 

image


مکینزی بیزوس کی زیر ملکیت آن لائن ریٹیل ویب سائٹ ایمازون کا چار فیصد حصہ ہوگا۔ یہ حصہ 35.6 ارب امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جس سے وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون اور 24ویں امیر ترین انسان بن گئی ہیں۔

لیکن امیر ترین لوگوں کی اس عالمی فہرست میں اور کونسی خواتین کا شمار ہوتا ہے؟ اور انھوں نے اس فہرست میں کیسے جگہ بنائی؟

1) فرونسواز بیٹنکورٹ مائیرز
 

image


مالیت: 49.3 ارب امریکی ڈالر جس سے فوربز میگزین کے مطابق یہ دنیا کی 15ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

لوریئل کاسمیٹکس کی فرانسیسی وارثہ اپنے خاندان سمیت اس کمپنی کی ایک تہائی مالکن ہیں۔

65 سالہ خاتون کو ان کی جائداد اپنی والدہ لیلی این بیٹنکورٹ سے وصول ہوئی جو کہ ستمبر 2017 میں 94 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ ان دونوں کے مابین 2007 سے ایک طویل کشیدگی چل رہی تھی۔

فرونسواز نے ایک مقدمہ دائر کیا تھا جس میں ان کا موقف تھا کہ ان کی والدہ کی خراب صحت کے باعث ان کے قریب لوگ ان کا فائدہ اٹھا رہے تھے۔ البتہ ان کی والدہ کی وفات سے کچھ سال قبل دونوں کے درمیان تعلقات بہتر ہو گئے تھے۔

فرونسواز یونانی معبودوں کے علاوہ یہودی اور مسیحی برادریوں کے آپسی تعلقات پر کتابیں بھی شائع کر چکی ہیں۔

2) ایلس والٹن
 

image


مالیت: 44.4 ارب امریکی ڈالر جس سے وہ دنیا کی 17ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

69 سالہ ایلس والٹن معروف امریکی کمپنی وال مارٹ کے بانی سیم والٹن کی اکلوتی بیٹی ہیں۔

تاہم، اپنے دو بھائیوں کے برعکس، انھوں نے اپنی خاندانی کمپنی سے دور رہ کر اپنی توجہ فن کی طرف کر دی ہے۔ ایلس اپنے آبائی شہر بینٹن ویل میں کرسٹل برجز میوزیم آف امیریکن آرٹ کی سربراہ بھی ہیں۔

3) مکینزی بیزوس
 

image


مالیت: کم از کم 35.6 ارب امریکی ڈالر جو کہ صرف ان کا ایمازون کا حصہ ہے اور کُل مالیت شاید اس سے بھی زیادہ ہو۔

یہ کون ہیں؟

48 سالہ مکینزی اور ایمازون کے بانی جیف بیزوس کے چار بچے ہیں۔ ان کی ملاقات 1993 میں ایک ہیج فنڈ میں کام کرنے کے دوران ہوئی۔

کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی مکینزی اکاؤنٹنٹ کی حیثیت سے ایمازون کے ابتدائی ملازمین میں سے ایک تھیں۔ انھوں نے دو کتابیں بھی لکھیں ہیں جن کو ناقدین سے کافی پزیرائی ملی اور انھوں نے ناول نگار ٹونی موریسن سے ٹریننگ بھی حاصل کی ہے جنھوں نے کہا ہے کہ یہ ان کی سب سے اچھی شاگردوں میں سے ایک ہیں۔

مکینزی کا شادی سے پہلے نام مکینزی ٹٹل تھا۔ انھوں نے بائے سٹینڈر ریولوشن کے نام سے بُلئینگ (کسی پر بیجا روب ڈال کر ڈرانا یا دھمکانا) کے خلاف ایک تنظیم بھی بنائی ہے جس سے ’رحمدلی، بہادری اور شمولیت کے احساس‘ جیسی بنیادی عادات کو فروغ دیا جاتا ہے۔

4) جیکلین مارز
 

image


مالیت: 23.9 ارب امریکی ڈالر جس سے یہ دنیا کی 33ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

79 سالہ جیکلن مارز دنیا کی سب سے بڑی چاکلیٹ بنانے والی کمپنی مارز کی ایک تہائی مالکن ہیں، جو کہ ان کے دادا فرینک نے 1911 میں بنائی تھی۔

انھوں نے تقریباً 20 سال اپنی خاندانی کمپنی کے ساتھ کام کیا ہے اور 2016 تک وہ اس کمپنی کے بورڈ کی رکن بھی تھیں۔

ان کی وجہ شہرت اب ایک ایسے انسان کی ہے جو فلاحی کام کرتی ہیں اور اس کے علاوہ جیکلین مارز واشنگٹن نیشنل اوپرا سمیت نیشنل آرکائوز کے بورڈز پر بھی بیٹھتی ہیں۔

مارز کمپنی کے بارے میں ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ وہ امریکہ میں پالتو جانوروں کا کھانا بنانے کی سب سے بڑی کمپنیوں میں سے بھی ایک ہے۔

5) یان ھوئیان
مالیت: 22.1 ارب امریکی ڈالر جس سے یہ چین کی سب سے امیر ترین عورت اور دنیا کی 42ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

27 سالہ یان چین کی بہت بڑی ریئل اسٹیٹ کمپنی کنٹری گارڈن ہولڈنگز میں اکثریتی حصے کی مالکن ہیں۔ کنٹری گارڈن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ 2016 میں دنیا کی تیسری بڑی پراپرٹی کمپنی تھی۔

یان ھوائیان نے اوہایو سٹیٹ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ ان کو اس کمپنی کا 57 فیصد حصہ اپنے والد سے 2016 میں وراثت میں ملا ہے۔

6) سوزین کلیٹن
 

image


مالیت: 21 ارب امریکی ڈالر جس سے یہ دنیا کی 46ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

اس فہرست میں دوسری یورپی خاتون 56 سالہ سوزین کلیٹن ہیں۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی سوزین کی دولت کے اس حجم کے پیچھے دواسازی اور گاڑیوں کی کمپنیاں ہیں۔

سوزین کو اپنے والدین کی وفات کے بعد کیمیائی اشیا بنانے والی کمپنی ایٹلینٹا اے جی کا نصف حصہ وراثت میں ملا، جبکہ سوزین اور ان کے بھائی کا ملا کر بی ایم ڈبلیو میں تقریباً 50 فیصد حصہ بھی ہے۔

انھوں نے ایٹلینٹا کو نجی محدود شراکت دار کمپنی بنا کر مکمل طور پر خرید لیا ہے۔ اس سمیت انھوں نے کئی اور کمپنیوں میں بھی شئیرز خریدے ہیں۔

7) لورین پاول جوبز
 

image


مالیت: 18.6 ارب امریکی ڈالر جس سے یہ دنیا کی 54ویں امیر ترین انسان ہیں۔

یہ کون ہیں؟

لورین ایپل کے بانی سٹیو جوبز کی بیوہ ہیں۔ ان کے شوہر کی وفات کے بعد ان کے خاندان نے ایپل اور ڈزنی میں 20 ارب امریکی ڈالر کے شئیرز حاصل کیے۔

55 سالہ لورین نے تب سے کچھ پیسے صحافت میں لگا کر دی ایٹلانٹک رسالے کا اکثریتی حصہ خریدا ہے اور مدر جونز اور پرو پبلکا جیسے غیر منافع بخش اداروں میں بھی حصے خریدے ہیں۔

انھوں نے کوڈنگ کے لیے سکول بنانے کے ساتھ ساتھ ایمرسن کلکٹیو فاؤنڈیشن بھی تعمیر کی ہے جو کہ ہجرت اور تعلیم کی اصلاحات پر کام کرتی ہے۔

مئی 2018 میں لورین نے سین فرنسسکو میں 16.8 ملین ڈالر خرچ کر کے چھ کمروں کا گھر خریدا جس سے گولڈن گیٹ برج کا نظارہ ملتا ہے۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE: