تنظیم اساتذہ

میرے پیارے نبی احمد مجتبیٰ محمد مصطفیﷺکا ارشاد مبارک ہے کہ’’ جس نے یتیم کی کفالت کی وہ روز قیامت میرے ساتھ ایسے ہوگا‘‘،آپ ﷺ نے اپنی دونوں انگلیوں کو ایک ساتھ کرتے صحابہ کرام ؓ کو اشارہ کیا۔یقینا امت محمدی ﷺ کے لئے اس سے بڑھ کو اور کیا خوشخبری ہوسکتی ہے کہ جب اﷲ کے آخری نبی ﷺ انہیں اپنی رفاقت کا آسان راستہ بتا دیں اب یہ ہم پہ منحصر ہے کہ ہم اﷲ کے پیارے نبیﷺ کی رفاقت حاصل کرنے کے لئے کتنی تگ ودو کرتے ہیں۔تاہم ہمارے اردگر د سینکڑوں ایسے خداترس افراد موجود ہیں جو نہ صرف یتیموں کی کفالت کرتے نظرآتے ہیں بلکہ اپنے اردگر د کے لوگوں کو بھی اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالنے کی درخواست اور سعی کرتے ہیں ،انہی خداترس افراد میں ایک تنظیم ’’تنظیم اساتذہ پاکستان ‘‘کی بھی ہے،جو ہمہ وقت تعلیم عام کرنے کے علاوہ یتیموں ،غریبوں اور بیواؤ ں کی مدد کرنے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہ اٹھا رکھتے ہیں۔بنیادی طور پر تنظیم اساتذہ سرکاری سکولوں ،کالجز اور یونیورسٹیز میں پڑھانے والے معلمین کی ہے جو اپنی استطاعت کے مطابق معاشرہ کے بے سہار ا افراد کی مدد کرنے میں کوشاں نظرآتے ہیں۔تنظیم اساتذہ جیسا کہ ذکرہوا کہ پاکستان بھر کے اساتذہ کی تنظیم ہے اس لئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ تنظیم اساتذہ کی بدولت ملک بھرمیں معیار تعلیم بھی بہتر ہوا،تنظیم کی جانب سے شرح خواندگی کے لئے اقدامات بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،نہ صرف یہ بلکہ کسی بھی قدرتی آفات میں تنظیم اساتذہ نے اپنا بھرپور کردار اداکرکے ملک خدادا د کے ذمہ دار شہری ہونے کا بین ثبوت دیاہے۔اسی تنظیم کے زیراہتمام گزشتہ روز پشاور میں ایک پروقار تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں پشاور کے سینکڑوں بچوں ،بچیوں کو میرٹ پر سکول یونیفارم وسٹیشنری وغیرہ دیے گئے تاکہ معاشرے یہ بچے بھی اپنے آپ کو اکیلے نہ سمجھیں اور اپنی تعلیم کو جاری رکھ کر ملک وقوم کی ترقی میں اپنا کردار اداکریں۔تقریب پشاور کے ایک ہال میں منعقد کی گئی تھی،جس میں سرکاری سکولوں کے بچوں بچیوں سمیت اساتذہ کی بھی کثیر تعداد موجود تھی،اس موقع پر آئے ہوئے اساتذہ نے بچوں بچیوں کو پیغام دیتے ہوئے کہاکہ دراصل تعلیم ہی کی بدولت ترقی ممکن ہے،آج تنظیم اساتذہ نے آپ کی تھوڑی بہت مالی معاونت کردی ہے تاکہ آپ لوگ بھی اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار اداکرسکیں۔اسکے علاوہ آپ خود کو اکیلا نہ سمجھیں بلکہ اسی معاشرے کا حصہ سمجھ کر دیگر عام بچوں بچیوں کی طرح معاشرے میں علم کی روشنی پھیلائیں۔بہرکیف تنظیم اساتذہ نہ صرف تعلیمی شرح خواندگی کے لئے کوشاں نظرآتی ہے بلکہ ساتھ اسی تنظیم نے ہر پلیٹ فارم سے اساتذہ کے حقوق کی بھی بھرپور جنگ لڑی ہے،جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہوگی۔

Waqar Ahmad
About the Author: Waqar Ahmad Read More Articles by Waqar Ahmad: 65 Articles with 46473 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.