راولپنڈی: بھتیجے نے پھوپھی کو شادی سے نکالنے کے لیے پولیس بلا لی

بیگانی شادی میں عبداللہ دیوانے کی باتیں تو آپ نے سنی ہی ہوں گی مگر بھتیجی کی شادی میں پھوپھی نہ ہو تو شادی کیسے ہو؟

اور اگر پھوپھی بن بلائے شادی میں آ جائیں تو بندہ کیا کرے؟
 

image


ایسا ہی واقعہ راولپنڈی میں پیش آیا جہاں ایک شادی سے ریسکیو 15 کو کال کر کے مدد کی اپیل کی گئی۔

کال کرنے والے نے ایک سے زیادہ بار کال کی اور کہا کہ ان کے ہاں ایک مسئلہ ہے جس میں انھیں پولیس کی مدد درکار ہے۔
 


پولیس کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ وہ ریسکیو 15 کی کال پر فوری کارروائی کریں۔ تو اس معاملے میں پولیس اہلکار اے ایس آئی شعیب کو فوری طور پر ایک اہم تفتیش بیچ میں چھوڑ کر جانا پڑا۔

اے ایس آئی شعیب نے بتایا کہ 'میں ایک بہت ہی پیچیدہ کیس کی تفتیش میں مصروف تھا اور مجھے اس کی تفتیش بیچ میں چھوڑ کر فوری جانا پڑا۔'

وہ بتاتے ہیں کہ انھوں نے ایک ساتھی کو ساتھ لیا اور موقعے پر پہنچے تو ایک 20 سال کا لڑکا ملا جس نے بتایا کہ کال اس نے کی تھی اور یہ اس کی بہن کی شادی ہے۔

شادی میں بن بلائے پھوپھی کی شرکت پر اس نے پولیسں بلائی تھی تاکہ وہ انھیں محفل سے لے جائیں۔

پولیس اہلکار کہتے ہیں 'مجھے شدید کوفت ہوئی کہ میں اتنے اہم کیس کی تفتیش چھوڑ کر اس معاملے میں کیا کروں۔ مگر میں نے اپنے غصے کو چھوڑ کر اپنی وردی کی لاج رکھتے ہوئے انھیں انتہائی تحمل سے درخواست کی کہ اپنے والدین کو بلائیں۔'

اس کے بعد انھوں نے پوری کہانی سننے کے بعد یہ کہہ کر وہاں سے رخصت چاہی 'میں خواتین پولیس کی نفری لے کر آتا ہوں اور وہاں سے الٹے پاؤں واپس تھانے پہنچا۔'

جب ان سے پوچھا کہ وہ اس قسم کی کال کرنے والوں کو کیا کہیں گے تو انھوں نے سادگی سے کہا ’جناب ہم چور پکڑیں یا لوگوں کی پھوپھیاں اٹھائیں۔ مگر وردی پہنتے ہیں تو ہمارا تو کام ہی یہی ہے۔'

اے ایس پی آمنہ بیگ نے اس کال کے بارے میں ٹویٹ بھی کیا اور بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں روزانہ کی بنیاد پر 200 کے قریب کالیں ملتی ہیں۔ ہمارا کام ہر ایک (ریسکیو) 15 کی کال پر جواب دینا ہوتا ہے بے شک اس کی نوعیت کوئی بھی ہو۔ تو ہمارے لیے سب اہم ہیں کیونکہ ہمارا کام تحفظ ہے۔'


Partner Content: BBC

YOU MAY ALSO LIKE: