جاوید ملک /شب وروز
میں نے اپنے ایک کالم میں خیبر پختونخواہ کی چہارم جماعت اسلامیات کی کتاب
میں ختم نبوت کے حوالہ سے جملوں کی تبدیلی سے ارباب اختیار کو آگاہ کیا تھا
۔ محترمہ زرتاج گل نے اس مسئلے کی سنجیدگی کا ادراک کرکے ہنگامی اقدامات
اُٹھائے ان کی ذاتی دل چسپی کو دیکھتے ہوئے میری نگاہوں میں ان کا مرتبہ
بلند اور دل میں اُن کی عزت اور تکریم میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر اعلی
کے پی کے محمود خان درویش صفت انسان ہیں مگر یہ بے خبری ان کے منصب سے ہم
آہنگ نہیں ہے امور سلطنت کا بنیادی تقاضہ یہ ہے کہ حکمران چوکنا رہے ورنہ
بے خبری پورے نظام میں دراڑیں ڈال دیتی ہے اور اس کا نتیجہ شرمندگی کے سوا
کچھ نہیں ہوتا ۔
یہ ملک کلمہ طیبہ کے بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے اور یہاں کا اکثریتی
طبقہ مسلمان ہے لیکن حیران کن طور پر سازشی عناصر کو کھلا میدان میسر ہے
جبکہ کلمہ گوکو اپنے ہی دیس میں مشکوک بنادیا گیا ہے ۔ خبریں آتی ہیں کہ
ناموس رسالت کانفرنس کے اشتہار دیواروں پر چسپاں کرنے والے گرفتار ہوگئے
نبی ﷺ کی حرمت کا نعرہ لگانے والوں کو ہتھکڑیاں پہنادی گئیں اب خبر آئی ہے
کہ تھر پارکر کے بے شمار سکولوں میں اسلام دشمنی کا سبق کھلے عام پڑھایا
جارہا ہے مگر اس معاملے میں قانون میٹھی لسی پی کر سورہا ہے میں یہ سمجھنے
سے قاصر ہوں کہ یہاں کون سا کھیل کھیلا جارہا ہے اور در پردہ مقاصد کیا ہیں
؟
کے پی کے حکومت نے تمام تعلیمی اداروں سے چوتھی جماعت کی تبدیلی شدہ
اسلامیات بحق سرکار ضبط کرنے اور پرانی کتاب تعلیمی اداروں کو اجراء کے
احکامات جاری کردیے ہیں اطلاعات کے مطابق اس پر عمل در آمد بھی شروع ہوگیا
ہے یہ مقام شکر ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ذمہ دران کا تعین کون کرے گا ، ان کے
خلاف ایکشن کب ہوگا ؟ ماہر قانون دان چوہدری ناصر منہاس سے اس معاملے پر
تفصیلی گفتگو ہوئی وہ بھی سخت فکر مند تھے یہاں سازش بے نقاب ہوتی ہے مگر
اصل کردار سامنے نہیں آتے یہ اب وطیرہ بنتا چلا جارہا ہے انہوں نے اس
معاملہ میں قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا ہے میں ان کی جدوجہد کا معترف
ہوں میرا رب ان کیلئے آسانیاں پیدا کرے اور ان کی حفاظت فرمائے ۔
میں نے گزشتہ کالم میں بھی ایک نوجوان شہیر سیالوی کا ذکر کیا تھا میری
نشاندہی کے بعد ان سمیت ہزاروں لوگوں نے اس معاملہ کو اُٹھایا سب کے نام کا
اندراج یقینا ممکن نہیں ہے لیکن ان تمام گمنام مجاہدوں کو میں سلام عقیدت
پیش کرتا ہوں یہ ہی دیپ جلیں گے تو روشنی ہوگی شہیر سیالوی سے میں نے گزارش
کی ہے کہ تھر پارکر کے معاملہ کا بھی جائزہ لیں تاکہ اصل حقیقت سامنے آسکے
پیپلز پارٹی کی اسلام کیلئے بے پناہ خدمات ہیں اور ذولفقار علی بھٹو کے
دلیرانہ فیصلے تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں جس کی بناء پر ہر مسلمان ان کو اچھے
الفاظ سے یادکرتا ہے ان کے سیاسی وارثوں کو اپنے قائد کی روایات برقرار
رکھنا ہونگی کوئی مصدقہ اطلاع ہو تو وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے بات کی
جاسکتی ہے وہ معاملہ فہم انسان ہے مجھے یقین ہے کہ تدارک کیلئے اقدامات
اُٹھائیں گے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے چین میں بھی اپنی تقریر کا آغاز سورۃ فاتحہ کی اس
آیت کریمہ سے کیا کہ اے اﷲ’’ ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد
مانگتے ہیں‘‘ اور اکثر اوقات ان کی تقریر کا آغاز ان ہی آیات کریمہ سے ہوتا
ہے وہ ایک باعمل مسلمان ہیں انہیں بھی ان سازشوں کا نوٹس لینا چاہیے اﷲ
تعالیٰ نے ان پر بڑی ذمہ داری کا بوجھ ڈالا ہے ان کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ
پاکستان جس مقصد کیلئے بنا تھا وہ مقصد پورا ہو اسلامی فلاحی ریاست کے کچھ
تقاضے ہیں انہیں ہر صورت ان کا خیال رکھنا ہوگا ۔ہماری نشاندہی پر کے پی کے
حکومت نے جس برق رفتاری سے کام کیا وہ تحریک انصاف کی نیک نیتی کو عیاں
کرتا ہے مگر یہ ادھورا شکریہ اس وقت مکمل ہوگا جب اصلی سازشی قوم کے کٹہرے
میں لائے جائیں گے ۔
|