عیدالفطر٬ چند دلچسپ چیزیں جو خوشیوں کو کریں دوبالا

ماہ رمضان کے اختتام پر یکم شوال کو عید الفطر کا تہوار مسلمانوں کے لیے خوشیوں کا پیغام لے کر آتا ہے اور مسلمان اس تہوار کا استقبال انتہائی جوش و خروش اور گرمجوشی کے ساتھ کرتے ہیں- عید پر نئے کپڑے پہننا٬ عیدی وصولنا اور دوستوں کے ساتھ تفریح کرنا سمیت کئی اور دلچسپ کام عید ہی کا ایک خاص حصہ ہوتے ہیں- ہم یہاں آپ کے سامنے عید کے دن سے وابستہ چند دلچسپ امور کا ذکر کر رہے ہیں جو عید کی خوشیوں کو دوبالا کرتی ہیں- آپ بھی ان امور میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیجیے اور اپنی عید کو یادگار بنائیں-

عید کی نماز
مسلمانوں کی ایک بڑی عید کی نماز ضرور ادا کرتی ہے اور یہ بھی انتہائی خوبصورت اور بابرکت لمحات ہوتے ہیں- نماز کی ادائیگی کے بعد دوسرے نمازیوں سے عید ملنے کی بھی اپنی ہی ایک خوشی ہوتی ہے- تاہم آج کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں چاند رات کو عید کی تیاریوں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں ۔ لڑکیاں دیر رات تک مہندی لگانے اور گھر کی سجاوٹ میں مصروف دکھائی دیتی ہیں تو لڑکے بازاروں میں دوستوں کے ہمراہ شاپنگ میں مصروف ہوتے ہیں- اور جس عید کے لیے اتنی تیاریاں کررہے ہوتے ہیں اسی دن اپنی عید سو کر گزار دیتے ہیں یہاں تک کہ عید کی نماز بھی ادا نہیں کرتے- عید کی نماز ضرور ادا کیجیے کیونکہ عید اﷲ تعالیٰ کا عطا کردہ ایک حسین تحفہ ہوتی ہے- اور یہ دن سونے کے لیے نہیں بلکہ گھر والوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا ہوتا ہے-

image


سب سے عیدی وصول کرنا
عیدالفطر کے دن صبح صبح اٹھ کر نئے ملبوسات زیب تن کرنا٬ عید کی نماز ادا کرنا اور سب سے گلے لگ کے عید ملنا یہ تو عید الفطر کی پہچان ہے- لیکن عید ملنے کے بعد عیدی وصول کرنا عید کی رونق اور عید کے مزے کو دوبالا کردیتا ہے اور بچوں کو امیر بنا دیتا ہے۔ بچوں کے علاوہ بڑے بالخصوص خواتین بھی عیدی وصول کرنا خوب جانتی ہیں-

image


گھر میں تیار شیر خورمہ کا لطف اٹھانا
اس خوشی کے موقع پر گھر میں بنی مزیدار سویوں یا شیر خورمہ کھانے کا بھی اپنا ہی ایک مزہ ہوتا ہے- اس دن کے میٹھے کا ذائقہ باقی دن بنائی گئی سویوں میں نہیں ملتا- سب کے ساتھ بیٹھ کر سویوں کے ذائقے کا لطف لینا عید کے دن کو خاص اور یادگار بنا دیتا ہے۔ ان لمحات کو ہاتھ سے جانے نہ دیجیے-

image


رشتہ داروں کا انتظار کرنا
ہر کوئی عید ملنے رشتہ داروں کے گھر جاتا ہے یا پھر خاندان میں کسی بڑے یعنی دادا دادی ، نانا نانی کے گھر پورا خاندان ایک ساتھ مل کر عید مناتا ہے اور میزبان خوب مزیدار پکوان بناکر اپنے مہمانوں کا انتظار کرتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ مہمانوں انتظار بھی بہت دلچسپ ہوتا ہے کیونکہ نظریں مسلسل گھر کے دروازے پر لگی ہوتی ہیں- چونکہ اب کئی وجوہات اور مصروفیات کی وجہ سے رشتہ داروں کا آپس میں ملنا جلنا کم ہوتا جارہا ہے جس کے باعث عیدالفطر کا یہ تہوار اپنوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

image


سیر و تفریح کے لیے جانا
عیدی جمع کرنا اور دوستوں کے سنگ تفریح کو نکل جانا اور خوب انجوائے کرنا یہ شوق تو ہر دور کے بچوں اور نوجوانوں کا پسندیدہ مشغلہ ہوتا ہے۔ سیر و تفریح کے حوالے سے عید تو بچوں کی ہوتی ہے کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ یہ ایسا موقع ہوتا ہے جب والدین بھی اپنے بچوں کو پیسے خرچ کرنے سے نہیں روکتے اور بچوں کے چہرے بھی اپنی اس آزادی کو پا کر کھل اٹھتے ہیں- اس کے علاوہ نوجوانوں کو بھی چاہیے کہ وہ اس دن کا بھرپور فائدہ اٹھائیں-

image


عیدی کی پیسے نا چاہتے ہوئے بھی امی کو دینا
عید کی سب سے دلچسپ بات بچوں کی عیدی کا امی کے ہاتھوں میں جانا ہوتا ہے ۔ جیسے ہی مہمان بچوں کو عیدی دیکر گھر سے نکلتے نہیں ویسے ہی امی بچوں کی عیدی وصول کرلیتی ہیں اور یہ صورتحال واقعی میں بہت مزاحیہ اور دلچسپ ہوتی ہے کیونکہ کافی نوک جھونک کے بعد امی اور بچوں میں معاہدہ طے پا ہی جاتا ہے اور عیدی کا کچھ حصہ بچوں کے نہ چاہتے ہوئے بھی امی کے ہاتھوں میں چلا ہی جاتا ہے ۔

image


ناراض رشتہ داروں کو منانا
عید ایک بہترین وقت ہے اپنے ناراض رشتہ داروں یا دوستوں کو منانے کا- اور اکثر افراد اس موقع کا خوب فائدہ اٹھاتے ہیں- آپ بھی اس بات کا انتظار مت کیجیے کہ ناراص رشتہ دار آگے بڑھیں بلکہ خود آگے بڑھ کر انہیں گلے لگائیے اور غلط فہمیاں دور کیجیے- اﷲ تعالیٰ معاف کرنے والوں اور تعلق جوڑنے والوں کو پسند کرتا ہے- یقین جانیے آپ کے اس عمل سے نہ صرف عید کی خوشیاں دوبالا ہوجائیں گی بلکہ یہ عید ہمیشہ کے لیے ایک خوشگوار یادگار میں تبدیل بھی ہوجائے گی- اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کے درمیان محبت اور خوشیوں کو پھیلائیے-

image

عید ہماری ویب کے ساتھ
اگر آپ عید کے دن گھر پر کسی مہمان کا انتظار کر رہے ہیں تو انتظار کی کوفت سے بچنے کے لیے ہماری ویب کے ساتھ منسلک ہوجائیے- یہاں آپ مختلف دلچسپ اور معلوماتی آرٹیکل٬ شاعری٬ مزاحیہ ویڈیو اور مزیدار کھانوں کی تراکیب دیکھ سکتے ہیں- یوں آپ کا یہ وقت ضائع ہونے کے بجائے انمول ہوجائے گا اور آپ کی معلومات میں اضافے کے باعث بن جائے گا-
image
YOU MAY ALSO LIKE: