نو بیاہتا لڑکیوں کو شادی کے بعد پیش آنے والے مسائل اور ان کا حل

شادی انسانی زندگی کو تبدیل کر دینے والا ایسا موقع ہوتا ہے جو کہ اگر مثبت ہو تو انسان خوشیوں کے ہنڈولے میں جھولنے لگتا ہے مگر اس کی ناکامی کی صورت میں زندگی بوجھ سی بن جاتی ہے ہمارے معاشرے میں لڑکی شادی کے بعد رخصت ہو کر شوہر کے گھر آتی ہے لہٰذا درحقیقت شادی سب سے زیادہ تبدیلی ایک لڑکی کی زندگی ہی میں لے کر آتی ہے اور اس تبدیلی کے ساتھ سمجھوتہ کرنے میں لڑکی کو کچھ نہ کچھ وقت ضرور لگتا ہے آج ہم اپ کو ایسے ہی کچھ مسائل کے بارے میں بتائيں گے-
 

image


1: اپنے تکیے اور بستر سے جدائی
ساری عمر جس بستر پر سونے کی عادت ہوتی ہے اور جس تکیے سے بچپن سے لے کر اب تک سکھ دکھ کیا ہوتا ہے ماں باپ اور اپنے گھر سے جدائی کے بعد تکیے سے جدائی سونے نہیں دیتی ہے تو اس کا حل یہ بھی ہو سکتا ہے کہ شادی سے پہلے ہی اس تکیے سے جدا ہونے کی عادت ڈال لی جائے تاکہ رخصتی کے بعد دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے -

2: شوہر کی کچھ عادات
عام طور پر مرد حضرات زندگی کے کچھ معاملات میں اتنے منظم نہیں ہوتے جتنی کہ خواتین ہوتی ہیں ان میں سب سے خاص باتھ روم کے استعمال کی عادات ہیں بہت سارے مرد حضرات جب نہانے کے بعد غسل خانے سے نکلتے ہیں تو غسل خانے کو دیکھ کر یہ لگتا ہے کہ یہاں پر کوئی جنگ عظیم ہو چکی ہے اور یہ عادت لڑکیوں کے لیے برداشت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے تو اس کا قطعی طریقہ یہ نہیں ہے کہ شوہر پر تنقید کرنا شروع کر دی جائے اس کے بجائے شوہر نے جن چیزوں کو غلط جگہ پر رکھا ہو ان کے سامنے ہی ان چیزوں کو خاموشی سے اٹھا کر واپس اپنی جگہ پر رکھیں اس سے شوہر کو احساس ہو گا اور وہ آئندہ خیال رکھے گا-
 

image


3: کھانے پینے کے جدا طریقے
ہر گھر کے کھانے کے طریقے تھوڑے بہت فرق کے ساتھ جدا ہوتے ہیں لڑکی بچپن سے جوانی تک جس گھر میں پلتی ہے وہاں اس کی پسند نا پسند کے بارے میں سب کو پتہ ہوتا ہے اور وہ اس کا خیال بھی رکھتے ہیں مگر سسرال کے اپنے طریقے ہوتے ہیں اور ان کے کھانے کا انداز بھی میکے سے جدا ہوتا ہے لہٰذا شروع کے دنوں میں زیادہ تر لڑکیاں اسی وجہ سے سسرال میں کم کھا پاتی ہیں اور کمزور ہو جاتی ہیں تو ایسی صورتحال میں یہ یاد رکھیں کہ سسرال والے کبھی بھی آپ کے لیے خود کو تبدیل نہیں کریں گے ہاں یہ ممکن ہے کہ آپ آہستہ آہستہ اپنے ہاتھ سے پکا کر ان کو اس لذت کی عادت ڈال دیں جو کہ آپ کی پسندیدہ ہے -

4: سونے جاگنے کے اوقات
شادی کے بعد براہ راست اثر انسان کے سونے جاگنے کے اوقات پر پڑتا ہے جس کے سبب ہر وقت یہ کیفیت ہوتی ہے کہ انسان کو لگتا ہے کہ جیسے نیند پوری نہیں ہوئی ہے جس کے سبب طبیعت بوجھل ہو جاتی ہے ایسے حالات میں کوشش یہ کرنی چاہیے اپنے سونے کے شیڈول کو روٹین کے مطابق درست رکھنے کی کوشش کی جائے-
 

image


5: بے تکلف رشتے دار
نئے جڑنے والے رشتے داروں میں کچھ ایسے رشتے دار بھی ہوتے ہیں جو بے تکلفی کے مظاہرے کے دوران تمام حدیں پار کر لیتے ہیں ان کی جانب سے پوچھے جانے والے بولڈ سوالات کے جواب دینا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے لہٰذا ایسے لوگوں کے سوالات کے جوابات دینے کے بجائے خاموشی اختیار کر لینا سب سے بہترین علاج ہے -

YOU MAY ALSO LIKE: