شادی والے گھر کے وہ مسائل جن کا حل آسان نہیں!

image


عام طور پر دنیا کے ہر حصے میں کسی نہ کسی شکل میں شادی ضرور ہوتی ہے۔ لیکن ہمارے ملک میں شادی صرف دو افراد تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس میں خاندان کا ہر فرد ہی حصہ لیتا ہے- شادی والے گھر میں کاموں کی ایک لائن ہوتی ہے جس میں گھر کا ہر فرد مصروف ہوتا ہے مگر یہ ایک علیحدہ بات ہے کہ اس طرح کام کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتے جاتے ہیں شادی والے گھروں میں جو بڑے مسائل پیدا ہوتے ہیں آج ہم آپ کو ان میں سے کچھ کے بارے میں بتائيں گے-

1: روٹھے عزیزوں کو منانا
جیسے کہ پہلے بھی بتایا گیا کہ پاکستانی گھرانوں میں شادی دو افراد کے ملن کا نام نہیں ہے بلکہ یہ خاندانوں کے ملن کا نام ہے لہٰذا جیسے ہی شادی کی تیاریوں کا آغاز ہوتا ہے ان میں سب سے پہلے ایک فہرست ان عزیز و اقارب کی ترتیب دی جاتی ہے جو کسی نہ کسی وجہ سے ناراض ہوتے ہیں اور ان عزیزوں کو منت سماجت کر کے شادی سے قبل ہی منایا جاتا ہے تاکہ وہ لازمی طور پر شادی میں شرکت کریں-
 

image


2: درزی کے نخرے اٹھانا
شادی بیاہ کی رسموں کے لیے نئے نئے لباس بنوانا ایک لازم و ملزوم امر ہے جو کہ بغیر درزی کے ممکن نہیں ہوتا ہے لہٰذا شادی کی تیاریوں میں ایک اہم کام اچھے درزی کی تلاش اور اس کے مل جانے کے بعد اس کے نخرے اٹھانے کا سلسلہ ہوتا ہے جو کہ شادی والے گھر کی شناخت ہوتی ہے اور درزی کو بھی جب یہ پتہ چل جاتا ہے کہ یہ کپڑے شادی والے گھر کے ہیں تو اس کی آنکھیں بھی ماتھے پر آجاتی ہیں اور وہ بھی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے -

image


3: کام والی ماسیوں کی تلاش
نئے کپڑے پہن کر شادی پر صفائی کرنے کے لیے اور برتن دھونے کے لیے گھر کی خواتین کسی بھی صورت راضی نہیں ہوتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ گھر میں مہمانوں کے رش کے سبب کام بھی بڑھ جاتا ہے جس کے لیے مدد گاروں کی ضرورت پڑتی ہے لہٰذا اس کے لیے خصوصی کام والی ماسیوں کی تلاش کا کام شروع ہو جاتا ہے جو کہ جوۓ شیر لانے کے مترادف ہوتا ہے-

image


4: مہمانوں کے بستروں کا انتظام کرنا
ہمارے ہاں شادی ایک دن کی تقریب نہیں ہوتی بلکہ اس کا ہلہ گلہ ہفتوں چلتا ہے اور دور پار رہنے والے عزیز و اقارب بھی ان تقریبات میں شرکت کے لیے خصوصی طور پر آتے ہیں جن کی رہائش شادی والے گھر ہی میں ہوتی ہے اور سردیوں میں زیادہ تر ہونے والی شادیوں کے سبب ان کے لیے نرم اور گرم بستر کے انتظامات بھی ایک بڑا مسئلہ ہوتا ہے-

image


5: ڈھولکی کی تلاش
شادی والا گھر ہو اور ڈھولک نہ بجے ایسا تو ممکن نہیں ہے مگر اب ڈیکوریشن والے کرائے پر ڈھولکی نہیں رکھتے اور اگر ان کے پاس موجود بھی ہو تو وہ اتنی بد تر حالت میں ہوتی ہے کہ اس کو بجاتے ہوئے ڈر لگتا ہے اس لیے شادی والے گھر والے اپنی عقل کے تمام تر گھوڑے دوڑاتے ہیں اور ایک اچھی بجنے والی ڈھولکی تلاش کرتے ہیں -

image
YOU MAY ALSO LIKE: