کیا واقعی عورتوں کی زندگی چادر اور چار دیواری ہے؟

یہ ایک ایسا سوال ہے جو اگر میں آج کسی مرد سے کروں تو میں یقینی طور پر کہہ سکتی ہو ں کہ وہ مجھے جواب دینے کے بجائے مجھ سے پو چھے گا کہ کیوں کیا کمی ہے کیوں گھر سے باہر جانا چاہتی ہو؟ کیا کرلو گی باہر جا کے یا نہیں باہر کی زندگی بہت خراب ہے،مت جاﺅ۔ مگر یہ سب تو قابلِ قبول جوابات نہیں ہیں۔ ٹھیک ہے میں مانتی ہوں کہ بہت سے مرد ایسے ہیں جو کہ کھلے دل سے اِجا زت دیتے ہیں اپنی بہن، بیٹی یا بیوی کو با ہر نکلنے کی مگر وہ لوگ آٹے میں نمک کے برابر ہیں۔ وہ لوگ کسی گنتی میں نہیں آتے۔

میں پوچھنا چاہتی ہوں اُن لوگوں سے کہ آخر عورت کا گھر سے باہر نکلنا اُن کے لیے اِتنا معیوب عمل کیوں ہے۔ کیا اُن کو اپنی ہی بہو، بیٹیوں پر سے یقین ختم ہو گیا ہے؟ یا پھر وہ معاشرہ خود خراب ہو رہا ہے۔یا پھر اُن کی سوچ اِس قدر سطحی ہے کہ وہ عورت کو اپنے قابل نہیں دیکھ سکتے؟

یہ وہ سوالات ہیں جن کے جوابات نہ ہی دیئے جاتے ہیں اور نہ ہی اُن کو پوچھنے کی اجازت ہو تی ہے۔

گویا کہ ہم مسلمان ہیں ۔ پھر وہ مسلمانیت صرف نام تک کی رہ جاتی ہے۔ کیا اسلام میں عورت کے حقوق کے بارے میں کوئی بات نہیں کی گئی ہے؟ نہیں ایسا نہیں ہے اسلام میں تو ہر کام یا چیز میں عورت کو برابر کا حق دیا گیا ہے۔ پھر یہ حقوق کی بات جب ہم معا شر ے میں کرتے ہیں تو عورت کو ”باغی“قرار دے دیا جاتا ہے۔

ایسا کیوں ہوتا ہے؟کیا عورت کی حیثیت ایک نوکرانی یا آپ کے گھر میں رہنے والی ایک بے جان شے جیسی ہے۔ کیوں؟ اسلام میں تو عورت کو گھر کی زینت کہا گیا ہے نہ ،تو پھر اُس کی عزت اُس طرح سے کیوں نہیں کی جاتی؟

وہ عورتیں جو دِیہات میں رہتی ہیں اُن کو تعلیم تک نہیں دی جاتی کہ اگر وہ پڑھ گئیں تو کل کو اپنے حقوق کی بات کریں گی۔دیہات میں مرد عورت کو پاﺅں کی جوتی سے زیادہ نہیں سمجھتے۔ عورت جب بارہ سال کی ایک لڑکی ہوتی ہے تو اُس کو گھر میں بیٹھا لیاجاتا ہے، اُس کے لیے پردے کا حکم صادر کر دیا جاتا ہے۔ کیا یہ پردہ صرف عورتوں کے لیے ہے؟مردوں کے لیے کوئی حکم نہیں؟

میں جانتی ہوں کہ میرے الفاظ بے معنی رہیں گے کیونکہ اِس کو زیادہ تر مرد ہی پڑھیں گے اور وہ اِس تحریر کو وقت کا ضیاع اور بے مقصد کی تحریر کے طور پر لیں گے۔ پھر میں اِس اُمید پر یہ سب کچھ بیان کر رہی ہوں کہ جو لوگ اپنے آپ کو اسلام کا پیروکار اور سچا مسلمان کہتے ہیں یا اپنے آپ کو مذ ہب ِ شہری کہتے ہیں۔ جب کہ غیرت یہاں آ کے ختم ہوتی ہے کہ اگر اُن کی عورتیں گھر سے باہر نکلیں گی تو لوگ کیا کہیں گے؟ اِس تحریر کو پڑھیں اور تھوڑی دیر کے لیے یہ سوچیں کہ لوگ کب چُپ رہتیں ہیں اور کہنے والے کون سے لوگ ہیں۔

ہم اور آپ؟

سوچ آپ کی اپنی ہے۔۔۔۔۔۔درست اور غلط کا فیصلہ بھی آپ کا ہے۔۔۔۔۔۔۔پر سوچیے گا ضرور۔
Sahar Ali
About the Author: Sahar Ali Read More Articles by Sahar Ali: 23 Articles with 86316 views https://www.youtube.com/channel/UCJp9DAvuxtE-Wt5KhEaZxpw.. View More