کیا پھپھو واقعی فسادن ہوتی ہیں؟

image


یہ سوال کہ مرغی پہلے آئی تھی یا انڈا ۔۔۔ہم بچپن سے سنتے آئے ہیں۔۔۔اس کا جواب تو آج تک نہیں پتہ چلا لیکن اس سوال کی مؤجد کا نام ضرور پتہ چل گیا ہے۔۔۔یہ یقیناً کسی پھپھو کا بنایا ہوا سوال ہے ۔۔۔وہ سوال جس کا جواب آپ کو کسی مشکل میں ڈال دے یا طوفان کے کنارے پر پہنچادے یقیناً آپ کے ابو کی لاڈلی بہن کا ہی بنایا ہوا ہوتا ہے۔۔۔ آپ کے وہ بہن بھائی جو بات بات پر روٹھ کر بیٹھ جاتے ہیں، یا اچھی بھلی کسی خوشی میں ناراضگی یا فساد پھیلا دیتے ہیں۔۔۔پتہ کیجیئے کہ ان کو گھٹی کس نے چٹائی تھی۔۔۔جواب آپ کو حیرت کے سمندر میں لے جائے گا ۔۔۔کیونکہ اکثر ان بچوں کو گھٹی پھپھو ہی چٹاتی ہیں۔۔۔ آج ہم آپ کو پھپھو کی کچھ اقسام کے بارے میں بتائیں گے ۔۔۔یقیناً ان میں سے کوئی ایک قسم آپ کی پھپھو بھی ہوسکتی ہیں۔۔۔

سوالیہ پھپھو
یہ پھپھو جواب میں بھی سوال کرتی ہیں ۔۔۔ان پھپھو کے تجسس سے خود ان کے گھر والے بھی شدید نالاں ہوتے ہیں۔۔۔آپ ان کو جب بھی ملیں گے یہ پہلا سوال یہی کریں گی۔۔۔آگیا تمہیں میرا خیال؟۔۔۔اگر آپ نے آگے سے یہ جواب دیا کہ پھپھو بس غلطی ہوگئی معاف کردیں ۔۔۔تو ٹھیک ہے لیکن اگر آپ نے یہ کہہ دیا کہ بس پھپھو ٹائم ہی نہیں مل پایا تو سمجھ لیں کہ آپ کے آگے سی ایس ایس سے بھی مشکل پرچہ آنے والا ہے۔۔۔ایسی کیا مصروفیت تھی؟ اگر اتنا مصروف تھے تو ننھیال کی دعوت میں کیا کرنے گئے تھے؟ کیوں کیا چوبیس گھنٹوں میں سے ایک بھی منٹ پھپھو کے نام نہیں نکل سکتا؟ کیا کھانا چھوڑ دیا تھا؟ کیا پینا چھوڑ دیا تھا؟ کیا سونا چھوڑ دیا تھا؟ پھر کیسے مصروف تھے؟میری یاد نہیں آتی؟
 

image


شکی پھپو
یہ پھپھو بہت خاص ہوتی ہیں اور ان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے الفاظ کے چناؤ کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔۔۔بلکہ صرف الفاظ نہیں ، اپنے رکھ رکھاؤ اور اپنے دیکھنے کے انداز کو بھی قابو میں رکھنا پڑتا ہے۔۔۔۔یہ آپ کے سامنے دھیمے طنز چلاتی ہیں اور آپ کے جانے کے بعد سارے خاندان میں اپنے اندازوں کے ایسے تیر چلاتی ہیں کہ آپ کو اس بات کا اقرار کرنا ہی پڑجاتا ہے کہ ہاں پھپھو ہاں۔۔۔میں مجرم ہوں۔۔۔ان کے سوالات کچھ اس طرح کے ہوتے ہیں۔۔۔تمہارے ماموں کی بیٹی اچانک ہی رہنے آگئی تھی تمہارے گھر۔۔۔خیریت تو ہے نا؟ کلاس میں ہاف سلیوز پہن لیتی ہو؟کل شام میں پانچ بجے فون کیا تو تم گھر پر نہیں تھی۔۔یہ رات بھر کے لئے کونسی سہیلی کے گھر جاتی ہو؟ کہاں سے آئی ہو، کہاں کو جاتی ہو ، کس سے ملتی ہو، ایسے کیوں بیٹھتی ہو؟ اور جب آپ گئے تو پتھر پر لکیر پھپھو کی رائے۔۔۔ـ’’لکھ لو میری بات۔۔۔بھائی جان کی یہ والی ضرور کوئی گل کھلائے گی‘‘۔۔۔

لاڈلی پھپھو
یہ پھپھو چاہے آپ کے ابو کے دل کے قریب نا بھی ہوں لیکن پھر بھی خود کو اتنا معصوم بنا لیتی ہیں اور بچوں جیسے لاڈ کرتی ہیں کہ بھائی کا دل موم ہو ہی جاتا ہے۔۔۔۔ان کا پہلا جملہ ہی یہ ہوتا ہے۔۔۔میں کہوں اور بھائی جان نا مانیں۔۔۔وہ تو میری کوئی بات ٹال ہی نہیں سکتے۔۔۔یہ پھپھو سب سے زیادہ تیز ہوتی ہیں۔۔۔ان کے لاڈ اکثر آپ کے پلانز خراب کردیتے ہیں۔۔۔یہ آپ کے گھر عین اس وقت آجاتی ہیں جب آپ کو کہیں جانا ہو۔۔۔۔زبردستی اپنے بھائی سے اپنی دعوتیں کرواتی ہیں۔۔۔اور اگر آپ نے گھر میں کوئی تقریب کرنی ہے تو یہ اس میں لازمی اپنے سسرال والے یا اپنی دوستیں بلانے کی ضد کرتی ہیں۔۔۔ان کا لاڈ عمر کی قید سے آزاد ہوتا ہے۔۔۔اور ڈریں اس وقت سے جب یہ لاڈ لاڈ میں اپنے بیٹے کے لئے آپ کا ہاتھ مانگ لیں۔۔۔پھر انہیں ٹالنا دنیا کا مشکل ترین کام ہوتا ہے۔۔۔
 

image


کنواری پھپھو
یہ پھپھو آپ سے ہی مقابلہ کرتی ہیں۔۔۔اور ان کی جنگ اکثر آپ کی والدہ سے ہوتی ہے لیکن یہ بدلہ آپ سے لے سکتی ہیں۔۔۔ان کو سب سے زیادہ غصہ گھر کے کام کرنے میں آتا ہے لیکن جہاں کہیں گھومنے کی بات ہو تو یہ سب سے پہلے تیار ہوکر گاڑی میں بیٹھ جاتی ہیں۔۔۔ان پھپھو کے نخرے اتنے شدید ہوتے ہیں کہ سب باجماعت ان کی شادی کی دعائیں مانگتے ہیں۔۔۔اور اگر یہ ناراض ہوجائیں تو پھر ابو کو ملتے ہیں سو سو طعنے۔۔۔اپنی بچیوں کا خیال ہے اور کنواری بہن بوجھ لگتی ہے۔۔۔

لیکن سچ تو یہ ہے کہ اگر یہ پھپھو زندگی میں نا ہوں تو مزہ بھی نہیں آتا۔۔۔کیونکہ ہر رشتے کی خوبصورتی اس سے جڑی باتوں اور رنگوں میں ہے۔۔۔جو کبھی تیز ہوتے ہیں اور کبھی دھیمے۔۔۔
 

YOU MAY ALSO LIKE: