عوام بچت کے لیے بنک کے بجائے کمیٹیوں پر کیوں انحصار کرتے ہیں؟ فائدہ کیا ہے؟

image


بچت ایک ایسی عادت ہے جو کہ انسان کو برے وقت میں بہت ساری پریشانیوں سے بچا سکتی ہے- اس لیے مرد اور خواتین سب کی ہی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنی آمدنی کا کچھ حصہ لازمی طور پر پس انداز کریں تاکہ یہ ان کے مشکل وقت میں کام آسکے- دنیا بھر میں بچت کے لیے بنک پر انحصار کیا جاتا ہے مگر پاکستان میں بنک میں بچت اکاؤنٹ کھلوانے سے لوگ سود کے سبب اجتناب کرتے ہیں اور اسی وجہ سے اس کے متوازی کمیٹیوں کا نظام قائم ہے اس نظام میں سفید پوش طبقے کے افراد اپنی بچت کسی ایک قابل بھروسہ شخص کے پاس جمع کرواتے ہیں-

کمیٹی کا طریقہ کار
کمیٹی کے طریقہ کار کے مطابق سب سے پہلے اس میں جمع کروائی جانے والی رقم طے کر لی جاتی ہے ۔ اس کے بعد اس کے وقت کا تعین کیا جاتا ہے جس کے مطابق اس کا آغاز اور اختتام کتنے عرصے کے لیے ہو سکتا ہے ۔ ہر کمیٹی ڈالنے والا اس کے وقت کا تعین اپنے ممبران کی آسانی اور مشاورت سے کر سکتا ہے مگن اس کا انحصار ممبران کی تعداد پر بھی ہوتا ہے ۔ عام طور پر پہلی کمیٹی وہی فرد لیتا ہے جو اس کمیٹی کو پلان کرتا ہے اس کے بعد کے نمبر یا تو قرعہ اندازی کے ذریعے ترتیب دیے جاتے ہیں یا پھر ان کا تعین ممبران کی ضرورت اور باہمی رضا مندی سے ہو جاتا ہے ۔ ہر مہینے کی ایک مقررہ تاریخ کمیٹی کی ادائیگی کے لیے طے کر لی جاتی ہے جس تک ادائیگی لازمی کروانی ہوتی ہے تاکہ جمع کر کے اس فرد تک پہنچائی جا سکے جس کی اس مہینے کمیٹی ہوتی ہے-
 

image


کمیٹی کی اقسام
کمیٹی کی مختلف اقسام ہوتی ہیں کچھ کمیٹیاں گھریلو خواتین اپنی روزمرہ بچت سے ڈالتی ہیں ان کی مالیت کم ہوتی ہے اور یہ گھر کے مختلف سامان کی خریداری یا بچوں کی شادیوں کے سامان کی خریداری کے لیے ڈالی جاتی ہیں ۔ دوسری کمیٹی ماہانہ تنخواہ دار افراد اپنی تنخواہ سے ڈالتے ہیں جس کا مقصد پلاٹ وغیرہ کی خریداری یا پھر گاڑی یا ديگر خواہشات کی تکمیل کے لیے ڈالی جاتی ہے ان کی مالیت گھریلو کمیٹیوں سے زیادہ ہوتی ہے ۔ کاروباری کمیٹی یہ کمیٹی لاکھوں اور بعض اوقات کروڑوں کی مالیت کی بھی ہوتی ہے جو کہ کاروباری افراد ہفتے یا روزانہ کی بنیاد پر ڈالتے ہیں اور اس کا مقصد اپنے کاروبار کو ترقی دینا ہوتا ہے ۔ ایک کمیٹی اونچے طبقے کی خواتین بھی ڈالتی ہیں جس کو کٹی کمیٹی کہا جاتا ہے جو کہ اونچے طبقے کی خواتین صرف تفریح طبع کے لیے ڈالتی ہیں اور اس کمیٹی سے وہ تفریحی ٹور ارینج کرتی ہیں یا پھر بیرون ملک خریداری کرتی ہیں-

کمیٹی کس کے پاس ڈالی جاتی ہے
کمیٹی بنانے والے فرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ قابل بھروسہ ہو اس کی ساکھ کی بہت اہمیت ہوتی ہے کیوں کہ بعض اوقات اجنبی افراد کمٹی کے پیسے جمع کر کے غائب بھی ہو جاتے ہیں- اس لیے لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ کمیٹی اس فرد کے پاس ڈالیں جس کو وہ برسوں سے جانتے ہوں یا پھر اس کے جاننے والے ذمہ داری لینے والے افراد قریب میں موجود ہوں -۔
 

image


کمیٹی کے فوائد
عام طور پر بچت کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہے جو افراد جیب میں موجود پیسے خرچ کر دینے کی بیماری میں مبتلا ہوں ان کے لیے بچت کا یہ ایک بہترین ذریعہ ہے- اس سے بلواسطہ طور پر آپ کسی نہ کسی کی مدد کا ذریعہ بھی بن رہے ہوتے ہیں اور اس سے آپ کے اپنے پیسے بھی محفوظ ہو رہے ہوتے ہیں جو کہ ایک بڑی رقم کی صورت میں آپ کے لیے مدد کا باعث بن سکتے ہیں-

YOU MAY ALSO LIKE: