محکمہ تعلیم و تربیت

باپ نے بیٹے کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے شہر کی یونیورسٹی بھیجا۔ اَب وہ ہر ماہ مشکل سے پیسے بچاتا اور بیٹے کو بھیجتا تاکہ اس کی پڑھائی میں کوئی خلل نہ آئے۔ یہ سلسلہ کئی سال تک چلتا رہا ، آخر وہ دن آن پہنچا کہ بیٹا اعلیٰ ڈگری کے ساتھ گاؤں واپس لوٹ آیا۔باپ کو یقین تھا کہ اَب وہ اس کے ناتواں کندھوں کا سہارا بنے گا اور گاؤں کی معاشرتی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گا۔ ایک دن عصر کے وقت باپ بیٹا صحن میں چارپائی پر بیٹھے تھے کہ ایک کوّا گھر کی منڈیر پر آ بیٹھا۔ باپ نے کوّے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے پوچھا ۔ ’’ بیٹا ! وہ کیا چیز ہے ؟ ‘‘ بیٹے نے جواب دیا کہ کوّا ہے۔ چند لمحوں بعد باپ نے بیٹے سے پھر پوچھا۔ ’’ بیٹا ! وہ کیا چیز ہے ؟ ‘‘ بیٹے نے کہاکہ کوّا بیٹھا ہے۔ چند لمحوں بعد باپ نے وہی سوال کیا۔ بیٹے کو اَب باپ کا سوال ناگوار گزرا اور ذرا تلخ لہجے میں کہا کہ دو دفعہ بتا چکا ہوں کہ کوّا بیٹھا ہے۔ جب چوتھی بار باپ نے پوچھا تو بیٹے کو غصہ آیا اور بد تہذیب لہجے میں بولا کہ بتایا تو ہے کہ کوّا ہے۔ باپ چارپائی سے اُٹھا اور کمرے میں چلا گیا، الماری کھولی اور ایک بیس برس پُرانی ڈائری نکالی۔ ڈائری کھولی اور اس کا ایک ورق اپنے بیٹے کو اونچا اونچا پڑھنے کو کہا۔ ڈائری کے اُس ورق پر لکھ ا تھا کہ آج میں اپنے چھوٹے بیٹے کے ساتھ صحن میں بیٹھا تھا کہ ایک کوّا گھر کی منڈیر پر آ بیٹھا۔ میرے بیٹے نے پچیس مرتبہ پوچھا کہ منڈیر پر کیا چیز بیٹھی ہے اور میں نے پچیس مرتبہ نہایت تحمل سے جواب دیا کہ کوّابیٹھا ہے۔ یہ واقعہ ہمارے تعلیمی نظام کی بھر پور عکاسی کرتا ہے جہاں تربیت سے عاری تعلیم دی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج معاشرے میں ہمیں ڈگریاں تو نظر آتی ہیں لیکن تعلیم کہیں نظر نہیں آتی ۔ ترقی یافتہ اقوام کی فہرست پر نظر دوڑائیں تو وہاں آپ کو سکولوں اور یونیورسٹیوں کا ایک مضبوط اور مستحکم نظام دیکھنے کو ملتا ہے جہاں حقیقی معنوں میں تعلیم دی جاتی ہے اور تربیت سکھائی جاتی ہے۔ اس لئے وہاں تمام ادارے صحیح سمت کام کرتے اور اپنے معاشروں کی تعمیر و ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے نظر آتے ہیں۔جاپان کی مثال لیں، وہاں تیسری جماعت تک بچوں کو ایک مضمون سکھایا جاتا ہے اور وہ اخلاقیات ہے۔ آپ ﷺ کا ارشاد گرامی ہے ۔ ’’ میرے یہاں تم میں سے سب سے محبوب شخص حسن ِ اخلاق سے متصف شخص ہے ۔ ‘‘ ( صحیح بخاری )۔ قبیلہ مزینہ کے ایک شخص سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا۔ اے اﷲ کے رسول ؐ ! انسان کو عطا کردہ بہترین چیز کیا ہے ؟ تو آپ ﷺ نے فرمایا۔ ’’ حُسن ِ اخلاق ۔ ‘‘حضرت علی رضی اﷲ عنہ کا فرمان ہے کہ جس میں ادب نہیں ، اس میں دین نہیں۔ پس علم کے معنی ’’ جاننا ‘‘ اور اس علم کا استعمال ’’ادب و اخلاق ‘‘ ہیں۔ ہمارے تعلیمی نصاب میں جماعت اول سے لے کر جماعت دہم تک معاشرتی علوم شامل ہے جس کو بدقسمتی سے ہم سیکھانے کے بجائے رٹواتے ہیں اور اس کے ثمرات صبح سے شام تک گھروں ، محلوں ، بازاروں ، ہسپتالوں ، ٹی وی چینلوں، سوشل میڈیا ، قومی اسمبلی ، سینیٹ وغیرہ میں لڑائی جھگڑوں ، بے ہودہ باتوں اور بے مقصد مباحثوں کی صورت میں نظر آتے ہیں۔ الغرض ہمیں اپنے معاشرے میں تعلیم کہیں نظر نہیں آتی ہے۔ سننے میں آرہا ہے کہ حکومت محکمہ تعلیم کا نام ’’محکمہ تعلیم و تربیت ‘‘ رکھنے جا رہی ہے۔ یہ بات اگرچہ صرف اخباری بیانات تک محدود ہے لیکن مجھے ذاتی طور پر نام کی یہ تبدیلی بالکل سمجھ میں نہیں آرہی ہے۔ بظاہر ایک عام پڑھا لکھا طبقہ اس تبدیلی کو سراہے گا کیوں کہ وہ تعلیم کے حقیقی معنی و مفہوم سے ناواقف و نابلد ہے۔اُس کو معاشرے میں جو ڈگریاں نظر آتی ہیں اُن کو وہ تعلیم سمجھتا ہے۔حقیقت حال یہ ہے کہ معاشرے میں تربیت کا فقدان ہی فقدان ہے کیوں کہ ہم نے تعلیم سے تربیت کا پہلو نکال باہر کردیا ہے اور اس کو معاشرے میں تلاش کر رہے ہیں ۔ یہی وہ غلطی ہے جس کو ہم سمجھتے ہیں اور نہ ہی سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اَب شاید محکمے کا نام ’’ تعلیم و تربیت ‘‘ رکھنے سے دونوں یکجا ہو جائیں۔درحقیقت تعلیم و تربیت دو علیٰحدہ چیزیں نہیں ہیں لیکن بد قسمتی سے ہم نے ان کو جدا کر دیا ہے اور ان کو الگ الگ نقطۂ نظر سے دیکھتے ہیں۔ اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے تعلیم کو تمام انسانوں پر فرض قرار دیا ہے اور اس فرض کے حصول اور انجام دہی کو ایک دینی فریضہ قرار دیا ہے۔اسلام نے جہاں تعلیم کو تمام انسانیت کے لئے فرض کیا تو وہاں کچھ بنیادی سنہرے اُصول بھی بتلائے۔ اول ، اسلامی نقطہ نگاہ سے تعلیم و تربیت ایک ہی حقیقت کے دو پہلو ہیں ، یعنی تعلیم کتاب و حکمت اور تزکیہ نفس دونوں کی انجام دہی کا نام ہے۔ جیسا کہ قرآن پاک میں رسول اکرم ﷺ کے کردار کے حوالے سے ان دونوں پہلوؤں کو ایک جامع انداز میں بیان کر دیا گیا ہے۔ فرمان ایزدی ہے ۔ ’’ وہی ہے جس نے اَن پڑھوں میں انہیں میں سے ایک رسول بھیجا کہ ان پر اس کی آیتیں پڑھتے ہیں اور انہیں پاک کرتے ہیں اور انہیں کتاب و حکمت کا علم عطا کرتے ہیں۔‘‘ پس تربیت کے بغیر تعلیم جہالت بڑھانے کے سوا کچھ نہیں کرتی۔ دوم ، تعلیم کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ وہ طالب علم میں اسلامی عقائد اور ان کے انفرادی و اجتماعی اثرات ، اسلامی تہذیب و ثقافت اور مقصد حیات سے آگاہی پیدا کرے۔ سوم ، موجودہ دور میں لبرل ازم نے تعلیم اور مذہب کے درمیان ایک لائن کھینچ دی ہے جس نے طالب علم کو اخلاق و کردار کی نشوونما میں آزادکر دیا ہے جس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہو رہا ہے جب کہ اسلامی نظریہ تعلیم طالب علم کی انفرادی اور اجتماعی دونوں پہلوؤں میں توازن پیدا کرکے اسے معاشرے کا ایک ذمہ دار فرد بناتی ہے۔ چہارم ، تعلیم کا بنیادی مقصد طالب علم کا تعمیری کردار ہونا چاہیے ۔ یہ تب ہی ممکن ہے کہ جب طالب علم آپ ﷺ اور صحابہ کرام ؓ کی مثالی زندگیوں کا گہرائی سے مطالعہ کرے۔ جیسا کہ قرآن پاک میں ارشاد ہوتا ہے۔ ’’ تمہارے لئے رسول اﷲ ﷺ کی زندگی میں بہترین نمونہ ہے ۔ ‘‘ پس یہ وہ بنیادی اور سنہری اُصول ہیں جن پر اگر تعلیم کی بنیاد رکھی جائے تو وہ جہالت و تاریکی سے علم و روشنی کا سبب بنے گی اور اسی روشنی کی بدولت معاشرے میں تعلیم نظر بھی آئے گی۔

Prof Shoukat Ullah
About the Author: Prof Shoukat Ullah Read More Articles by Prof Shoukat Ullah: 227 Articles with 306302 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.