‎کنوارے زمین پر

عجیب معاشرہ ہے جہاں نوجوانوں کے لیے بہنوں کی شادی سے پہلے خود اپنی شادی کے بارے میں سوچنا بھی گناہ سمجھا جاتا ہے خواہ وہ عمر میں ان سے کتنی ہی چھوٹی کیوں نہ ہوں مگر پہلے ان کی باری آئے گی پھر تمہاری ۔ اور اسی چکر میں اکثر ہی بہنوں کے ساتھ بھائیوں کی بھی عمر نکل جاتی ہے ۔

وہیں ایک ایسا لڑکا ہے جو ناکارہ و نکھٹو ہے بدزبان و نافرمان ہے نشہ بھی کرتا ہے اور سارا دن پڑا ہؤا چارپائی اور مفت کی روٹیاں توڑتا ہے ۔ اس کے لیے کہا جاتا ہے کہ اس کی شادی کر دو شادی کے بعد خود ہی ٹھیک ہو جائے گا ۔

دوسرا لڑکا ہے جو اپنے والدین کا فرمانبردار ہے ذمہ دار ہے برسر روزگار ہوئے کئی برس بیت چکے ہیں اور اس عرصے کے دوران کئی ایسی ذمہ داریاں بھی پوری کر چکا ہے جو اس کی تھیں ہی نہیں ۔ اس کی شادی کی کسی کو فکر نہیں ہاں کہیں کہیں فکرمندی کی ایکٹنگ ضرور ہو رہی ہوتی ہے ۔ اسی لیے آئے روز کسی لڑکی والوں کے گھر کا ٹرپ لگ رہا ہوتا ہے اور ماں بہنیں اس میں کوئی نا کوئی مین میخ نکال کر اسے مسترد کر دیتی ہیں ۔ ہاں چائے ناشتہ وغیرہ میں کوئی خرابی نہیں ہوتی اس لیے اس پر دل کھول کر ہاتھ صاف کیا جاتا ہے مجال ہے جو کوئی چیز ان کی دست برد سے محفوظ رہے ۔ سوچ کر جواب دینے کا کہہ کر پھر اگلی مہم سر کرنے نکل پڑتی ہیں اچھا ٹائم پاس ہو جاتا ہے اس ڈرامے بازی میں ۔ بیاہتا بہنوں کے وارے نیارے ہوئے رہتے ہیں اور کماؤ کنوارا بھائی ترستا ہی رہتا ہے کہ کبھی تو میرا بھی مجرا منعقد ہو بھلے سے مسترد کر دیا جاؤں مگر اتنی نوبت تو آئے ۔ مگر لڑکوں کے حصے میں یہ ذلت کم ہی اور مشکل سے آتی ہے

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 223 Articles with 1688612 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.