|
کرونا وائرس کے سبب پوری دنیا اس وقت لاک ڈاؤں کی صورتحال کا سامنا کر رہی
ہے جس نے ایک جانب تو بہت سارے لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے اور ایک بڑا
طبقہ ایسا بھی ہے جو کہ دفاتر کے بجائے اپنے گھروں سے آن لائن بیٹھ کر کام
کر رہے ہیں۔ دفتر کے بجائے گھر پر بیٹھ کر کام کرنا عام دنوں میں ایک عیاشی
سمجھا جاتا تھا مگر لاک ڈاؤن کے ان دنوں میں یہ اس عیاشی کے معنی تبدیل ہو
گئے ہیں اور اب دفتر جانا ایک نعمت سا محسوس ہو رہا ہے اور گھر سے کام کرنے
کے دوران جن مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے وہ کچھ اس طرح سے ہیں-
1: کام کے اوقات اور گھر کے وقت میں فرق
عام طور پر انسان صبح سویرے اٹھ کر نہا دھو کر ناشتہ کر کے دفتر چلا جاتا
تھا جہاں جا کر باقاعدہ پوری لگن سے کام شروع کر دیتا تھا اور پانچ بجے
چھٹی کر کے جب گھر آتا تھا تو وہ وقت گھر والوں کا ہوتا تھا- اس میں دفتر
کا کام نہیں ہوتا تھا مگر گھر سے کام کرنے میں جہاں کچھ آسانی ہے وہیں کچھ
دشواری بھی ہے ۔ ماضی کی طرح گھر اور دفتر کے اوقات الگ الگ نہیں ہیں اسی
وجہ سے اگر دفتر کا کام بندہ نو بجے شروع کر بھی دے تو اس کام کو ختم ہونے
میں اتنی دیر لگ جاتی ہے کہ گھر والوں کو وقت دینا ممکن نہیں رہتا ہے اور
انسان سارا وقت دفتر اور گھر کے درمیان الجھ سا رہ جاتا ہے-
|
|
2: گھر میں بار بار انسان کا دھیان کام سے
ہٹ سکتا ہے
گھر سے کام کرنے کے دوران انسان کو وہ ارتکاز اور توجہ نہیں مل پاتی ہے جو
کہ عام طور پر دفتر میں حاصل ہوتی ہے- گھر میں بیٹھ کر اپنی نصف بہتر کی
باتیں بھی سننی پڑتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ کبھی پائپ خراب تو کبھی نلکا لیک
اس کے ساتھ ساتھ ناشتے کا وقفہ کھانے کا وقفہ چائے کا وقفہ یہ تمام چیزیں
کام سے دھیان بٹانے کے لیے کافی ہوتی ہیں- اور اگر آپ کے گھر میں بچے بھی
ہیں تو پھر تو آپ ہر طرح کے دھمال کے لیے تیار رہیں جس میں سب سے اہم اپنے
لیپ ٹاپ کو ان بچوں سے بچانا بھی شامل ہے-
|
|
3: بجلی اور انٹرنیٹ کی آنکھ مچولی
دفاتر میں اس بات کا انتظام موجود ہوتا ہے کہ بجلی کے جانے کی صورت میں
جنریٹر کی سہولت موجود ہوتی ہے مگر گھر کے مکینک ، پلمبر اور چپڑاسی آپ خود
ہی ہیں- اس لیے لائٹ کے جانے پر جنریٹر بھی آپ کو چلانے جانا ہو گا اور
لائٹ کے آجانے کے بعد اس جنریٹر کو بند بھی آپ ہی نے کرنا ہوگا- اس وجہ سے
ہونے والے وقت کا ضیاع بھی آپ کے کام کو لیٹ کر سکتا ہے-
|
|
4: رابطوں کا فقدان
گھر سے کام کرنے میں ایک بڑا وقت اس لیے بھی ضائع ہو سکتا ہے کہ آپ کا
ساتھی اگر اس وقت آن لائن نہ ہو تو اس کے مشورے کے انتظار میں آپ کو اس کے
آن لائن ہونے کا انتظار کرنا پڑ سکتا ہے جو کہ آپ کا وقت ضائع کرنے کا باعث
ثابت ہوتا ہے- اس وجہ سے آپ کا جو کام نو سے پانچ کے درمیان مکمل ہو جانا
چاہیے تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے-
|
|
5: چیک اینڈ بیلنس کم ہو جاتا ہے
اگر آپ باس ہیں اور گھر سے کام کر رہے ہیں تو آپ کا آپ کے ملازمین پر چیک
متاثر ہو سکتا ہے اور اگر آپ ملازم ہیں تو آپ کے کام کے بارے میں آپ کے باس
کے فوری ردعمل سے آپ محروم ہو سکتے ہیں یا پھر آپ کے اچھے کام کی تعریف بھی
تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے- جس کی وجہ سے کام کرنے کی استعداد کے متاثر ہونے
کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے-
|
|